• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شرمیلانے کے سی آر کو سوٹ کیس تحفے میں دیا اور الوداع کہا

Updated: December 03, 2023, 9:07 AM IST | Hyderabad

وائی ایس آر تلنگانہ کی سربراہ نےبتایا کہ ان کی پارٹی نے بی آر ایس کو اقتدار سے ہٹانے کیلئے کام کیا

The suitcase that YS Sharmila sent as a gift to KCR
وہ سوٹ کیس جو وائی ایس شرمیلا نے کے سی آر کو تحفہ میں بھجوایا

 وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی سربراہ وائی ایس شرمیلا نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ کو اقتدارسے ہٹانے کے مقصدسے ہی ان کی پارٹی نے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹوں کی تقسیم کو روکنے، کے سی آر کی حکمرانی کو ختم کرنے کے لئے کانگریس کی ان کی پارٹی نے حمایت کی ہے۔شرمیلا نے کہا کہ اگر وہ مقابلہ کرتیں تو انہیں ہر حلقہ میں۵؍ تا۱۰؍ ہزار ووٹ ملتے لیکن ان میں تلنگانہ میں جیتنے کی صلاحیت نہیں ہے،شکست دینے کی صلاحیت ہے۔ شرمیلا نے کے سی آر کو الوداع کہتے ہوئے بوریا بستر باندھنے کیلئے ایک سوٹ کیس تحفے میں دیا۔
 انہوں نے کے چندر شیکھر راؤ پر چور دروازہ کی سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہےکہ کے سی آر اراکین اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کررہے ہیں ۔  کے سی آر کو اپنی شکست کو عوامی فیصلہ سمجھنا چاہئے، کے سی آر ان ایم ایل ایز کو نہیں خریدپائیں گے جو دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے ٹکٹ پر جیت چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے عوام سے کئے گئے ایک بھی وعدہ پورا نہیںکیا۔انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو دو مرتبہ موقع دیا گیا لیکن وہ اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکے۔طلبہ، بے روزگار، خواتین اور کسانوں کو دھوکہ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی پد یاترا کے کرناٹک اور تلنگانہ میں اچھے نتائج ملے۔
تلنگانہ میں کانگریس کی سونامی ہے:بنڈلہ گنیش
  تیلگوفلموں کے اداکاربنڈلہ گنیش نے سنیچر کی صبح تلنگانہ کانگریس کے صدر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کانگریس کو۹۰؍ حلقوں پر کامیاب ہوگی۔ تلنگانہ میں کانگریس کی سونامی آئے گی۔ ریونت ریڈی وزیراعلیٰ بنیں گے۔واضح  رہےکہ آج تلنگانہ میں ۴۹؍مراکز پر ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔ صبح۸؍ بجے پوسٹل بیلٹ ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوگا۔ اسٹرانگ رومس کے سامنے جہاں ای وی ایم محفوظ ہیں، مرکزی اور ریاستی فورسیز کی طرف سے سیکوریٹی کا انتظام کیا گیا ہے۔ اندر اور باہر سی سی ٹی وی کیمرے لگا کر خصوصی نگرانی کی جارہی ہے۔
رابرٹ وڈرا نے مندر میں پوجا کی ، مسجد میں دعا کی 
 کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی کے شوہر رابرٹ وڈرانے یقین ظاہر کیا ہے کہ کانگریس تمام ۵؍ریاستوں میں واضح اکثریت حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ عوام تلنگانہ کے ساتھ ساتھ  دیگر چار ریاستوں میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ رابرٹ وڈرا نے تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کے سارنگاپور کی ہنومان مندر کے درشن کئے اور گاندھی چوک علاقہ کی مسجد میں دعا کی۔انہوں نے بالاسدن علاقہ میں یتیم بچوں میں کپڑے تقسیم کئے اور ان کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔ انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا ماننا ہے کہ گاندھی خاندان کی وجہ سے ہی ملک کا روشن مستقبل ہوگا۔انہوں نے کہاکہ سخت محنت کے سبب کانگریس تمام ۵؍ ریاستوں میں کامیاب ہوگی۔یہ کہتے ہوئے کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں،عوام فرقہ وارانہ مسائل، تحقیقاتی ایجنسیوں کی جانب سے ہراسانی نہیں چاہتے،انہوں نے کہا کہ عوام خواتین کی سلامتی بھی چاہتے ہیں۔انہوں نے زوردیتے ہوئے کہا کہ بے روزگاری بھی اہم مسئلہ ہے۔کئی معاشی مسائل بھی ہیں۔عوام یہ مانتے ہیں کہ جب کانگریس کی حکومت تھی تویہ تمام مسائل نہیں تھے۔رابرٹ وڈرا کے ساتھ دیگر کانگریس لیڈربھی موجود تھے ۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK