کانگریسی لیڈر ششی تھرو ر نے دعویٰ کیا ہے کہ میزورم میں کانگریس حکومت بنائے گی۔ بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے ۲۰۱۴ء میں جتنے بھی وعدے کئے تھے وہ پورا کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ کانگریس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہمیشہ ایک قوم، ایک زبان اور ایک ثقافت کے نظریے کی مخالفت کرے گی۔ ہمارا ماننا ہے کہ ہم اپنے ورثے کی حفاظت کر کے اتحاد کو فروغ دے سکتے ہیں۔
کانگریسی لیڈر ششی تھرور۔ تصویر: آئی این این
کانگریسی لیڈر ششی تھرور نے پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ میزروم شمال مشرقی کی پہلی ریاست ہو گی جہاں کانگریس ۲۰۱۴ء کے بعد دوبارہ اپنی حکومت بنائے گی۔ خیال رہے کہ میزورم شمال مشرقی میں ۲۰۱۸ء کے اسمبلی انتخابات سے پہلے کانگریس کے اقتدار والی آخری ریاست تھی جبکہ ۲۰۱۸ء کے اسمبلی انتخابات میں میزو نیشنل فرنٹ (ایم این ایف) نے کانگریس کو شکست دے کر میزورم میں اپنی حکومت قائم کی تھی۔
کانگریسی لیڈر نے مزید کہا کہ کانگریس ہندوستان کے تنوع اور طاقت کا جشن مناتی ہے، کمزوریوں کا نہیں۔ کانگریس ایک قوم، ایک زبان، ایک ثقافت اور ایک کوڈ کی ہمیشہ مخالفت کرے گی۔ ہمارا ماننا ہے کہ ہم اپنے ورثے کی حفاظت کر کے اتحاد کو فروغ دے سکتے ہیں۔
ششی تھرور نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ۲۰۱۴ء میں کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے، چاہے وہ لوگوں کے بینک اکاؤنٹ میں ۲؍ لاکھ کی رقم جمع کرنی ہو یا ۲؍ کروڑ ملازمت فراہم کرنی ہو۔ خیال رہے کہ میزروم اسمبلی انتخابات ۷؍ نومبر کومتوقع ہیں جبکہ ووٹوں کی گنتی ۳؍دسمبر کو کی جائے گی۔