ٹریفک کو ۵؍ سے ۱۰؍ فروری تک متبادل راستہ فراہم کیا جائے گا، ٹریفک نظام سنبھالنے کیلئے ۱۵۰؍ اہلکار ۲۴؍ گھنٹے تعینات رہیں گے۔
EPAPER
Updated: February 05, 2025, 1:41 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan
ٹریفک کو ۵؍ سے ۱۰؍ فروری تک متبادل راستہ فراہم کیا جائے گا، ٹریفک نظام سنبھالنے کیلئے ۱۵۰؍ اہلکار ۲۴؍ گھنٹے تعینات رہیں گے۔
پلاوا جنکشن کے پاس نیلجے ریلوے بریج کے تعمیراتی کام کی وجہ سے انتہائی مصروف ترین شیل پھاٹا روڈ آج۵؍فروری (بدھ) سے ۱۰؍ فروری تک بند رہے گا۔اس کے نتیجے میں کلیان، ڈومبیولی، امبرناتھ اور بدلاپور کے مسافروں اور شہریوں زبردست ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔تاہم محکمہ ٹریفک نے گاڑیوں کی منصوبہ بندی اور بھیڑ بھاڑ کو کم کرنے کیلئے۱۵۰؍سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا ہے۔
ٹریفک نظام کو سنبھالنے کیلئے پولیس کے انتظامات
محکمہ ٹریفک کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس پنکج شرساٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق دہلی۔جے این پی ٹی کیلئے ’ہائی اسپیڈ ریل فریٹ سیکشن‘ کا کام جاری ہے۔یہ ریلوے روٹ شیل پھاٹا روڈ پر واقع پلاوا جنکشن کے قریب نیلجے ریلوے بریج کے نیچے سے گزر رہا ہے۔ریلوے انتظامیہ نے نیلجے ریلوے بریج کی تعمیر نو کا کام شروع کردیا ہے۔چونکہ شیل پھاٹا روڈ انتہائی مصروف ترین شاہراہ ہے اسلئے ٹریفک کے دوران اس کام کو انجام دینا ممکن نہیں ہے۔لہٰذا ۵ ؍فروری کی رات ۱۲؍بجے سے ۱۰؍فروری کی رات ۱۲؍بجے تک شیل پھاٹا روڈ سے گزرنے والی گاڑیوں کی آمدورفت کو بند کردیا جائے گا۔اس مدت کے دوران شیل پھاٹا سمیت متبادل راستوں پر ٹریفک کی منصوبہ بندی کیلئے ۱۵۰؍ سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ یہ اہلکار ۲۴؍گھنٹے اپنی ڈیوٹی انجام دیں گے۔
اس ضمن میں کلیان مشرق کے محکمہ ٹریفک کے سینئر پولیس انسپکٹر سچن سانڈ بھور نے بتایا کہ گزشتہ روز شیل پھاٹا روڈ پر منصوبہ بندی کرنے کیلئے لودھا پلاوا میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔اس میٹنگ میں طے کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنر آف پولیس پنکج شرساٹ، مان پاڑہ پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر وجے کادبانے، کلیان اور ڈومبیولی محکمہ ٹریفک کا پورا عملہ،ممبرا ٹریفک کنٹرول کا عملہ سمیت ٹریفک وارڈن ۵؍ دن تک شیل پھاٹا روڈ پر تعینات رہیں گے۔
شیل پھاٹا روڈ بند ہونے پر ٹریفک کیلئے متبادل راستے
(۱) کلیان اور ڈومبیولی سے سفر کرنے والے مسافر موٹھا گاؤں۔مانکولی بریج سے سفر کریں۔
(۲) نئی ممبئی یا پنویل جانے والی گاڑیوں کیلئے ’ڈائیورژن روٹ‘ یہ ہے کہ انہیں کٹائی ناکہ پر بائیں جانب مڑ کر بدلاپور پائپ لائن روڈ سے تلوجہ ایم آئی ڈی سی سے ہوکر گزرنا ہوگا۔
(۳) بدلاپور،امبرناتھ سے نوی ممبئی،پنویل کی جانب جانے والی گاڑیاں کٹائی ناکہ کی بجائے کھونی گاوں سے تلوجہ ایم آئی ڈی سی کی جانب مڑ کر اپنی مطلوبہ منزل کی جانب جا سکتی ہیں۔
(۴) ہلکی گاڑیاں کٹائی گاؤں سے لودھا پلاوا کی جانب جانےوالے متبادل راستہ کا استعمال کرسکیں گی۔