• Tue, 03 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

گائیکواڑ کی بیوی کو ٹکٹ ملنے سے شندے گروپ کے کارکنان ناراض

Updated: October 22, 2024, 10:56 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

کلیان : جیل میں بند گنپت گائیکواڑ کی اہلیہ کا نام ظاہر ہوتے ہی شیوسینا کے کارکنان نے بغاوت کا اعلان کردیا۔

In the meeting, rebellion was announced against Silbha Gaekwad. Photo: INN
میٹنگ میں سلبھا گائیکواڑ کے خلاف بغاوت کا اعلان کیا گیا۔ تصویر : آئی این این

بی جے پی نے مہاراشٹر اسمبلی کیلئے اپنی پہلی  فہرست جاری کردی ہے۔اس فہرست میں کلیان مشرق سے رکن اسمبلی گنپت گائیکواڑ، جنہوں نے ہل لائن پولیس اسٹیشن میں شیو سینا کے شہر پرمکھ پر فائرنگ کی تھی، کی بیوی سلبھا گائیکواڑ کا نام بھی شامل ہے۔اس وجہ سے کلیان مشرق کے شیوسینکوں(شندے گروپ) میں زبردست ناراضگی پائی جارہی ہے۔ شندے گروپ کے کارکنان  نے ہنگامی میٹنگ منعقد کرکے سلبھا گائیکواڑ کے خلاف بغاوت کا اعلان کردیا ہے۔
رواں سال فروری کے مہینے میں بی جے پی کے رکن اسمبلی گنپت گائیکواڑ نے ایک جگہ کے تنازع میں شیوسینا(شندے ) کے شہر پرمکھ مہیش گائیکواڑ پر  پولیس اسٹیشن میں  ۴ ؍راؤنڈ فائرنگ کر دی تھی۔اس معاملے میں گنپت گائیکواڑ تلوجہ جیل میں بند ہیں۔بی جے پی نے ان کی بیوی سلبھا گائیکواڑ کو کلیان مشرق سے میدان میں اتارنے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلہ سے شیوسینا شندے گروپ میں زبردست ناراضگی پائی جارہی ہے۔ اس سے قبل  شیوسینا کے ۱۹؍ کارپوریٹروں نے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو مکتوب لکھ کر گنپت گائیکواڑ اور ان کے خاندان کے کسی فرد کو امیدواری نہ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
پیر کو شیوسینا کے کارکنان نے ایک میٹنگ منعقد کرکے سلبھا گائیکواڑ کی سخت مخالفت کرتے ہوئے انتخابی مہم میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر شیوسینا کے شہرپرمکھ مہیش گائیکواڑ نے کہا کہ سلبھا گائیکواڑ کو امیدواری دینے کی وجہ سے مہایوتی میں تناؤ پیدا ہوگیا ہے۔آج ہمارے لئے سیاہ دن ہے اور ہم بی جے پی امیدوار کیلئے کام نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شیوسینکوں کی مخالفت کے باوجود بی جے پی نے گنپت گائیکواڑ  کی بیوی سلبھا گائیکواڑ کو ٹکٹ دیا ہے۔نیلش شندے نے کہا کہ گنپت گائیکواڑ نے پچھلے ۱۵؍ سال میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کئے ہیں بلکہ شہر کی صورت بگاڑ کر رکھ دی ہے۔ اس مرتبہ شیوسینا نے کلیان مشرق اسمبلی حلقہ سے نمائندگی کا پُر زور مطالبہ کیا تھا مگر ایسا نہیں ہوسکا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK