Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

کنال کامرا کے شو کا انعقاد کرنے والے ہوٹل پر شیوسینکوں کا حملہ

Updated: March 25, 2025, 9:58 AM IST | Mumbai

جم کر توڑ پھوڑ کی، کامیڈین کو دھمکیاں بھی دیں، پولیس نے کارروائی کے نام پر ۱۱؍ شیوسینکوں کو گرفتار کیا جو چند گھنٹوں میں ضمانت پر رہا ہوگئے۔

Shinde Group`s Shiv Sainik can be seen vandalizing the hotel. PTI
شندے گروپ کے شیو سینک ہوٹل میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ تصویر۔پی ٹی آئی

 اپنے شو میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کا نام لئے بغیر ان پر شدید تنقیدیں کرنے کی وجہ سے کامیڈین کنال کامرا کیخلاف کھار پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ’یونی کانٹینینٹل ہوٹل‘ جس میں کامیڈین کا اسٹوڈیو واقع ہے، میں توڑ پھوڑ کرنے پر ایکناتھ شندے کے حامیوں اور شیو سینا کے ۱۹؍ نامزد اور ۲۰؍ نامعلوم ورکروں کیخلاف کیس درج کرکے ۱۱؍ افراد کی گرفتاری عمل میں آئی لیکن انہیں ضمانت بھی مل گئی۔ اس دوران توڑ پھوڑ کی وجہ سے کامیڈی کیلئے اسٹیج فراہم کرنے والا ’ہیبیٹیٹ اسٹوڈیو‘ عبوری طور پر بند کردیا گیا ہے۔ 
کنال کامرا نے کیا کہا؟
کنال کامرا نے جو باتیں کہیں ان کے اقتصابات یہ ہیں کہ ’’جو انہوں نے (مودی حکومت نے) مہاراشٹر کے الیکشن سے کیا ہے نا بھائی صاحب، بولنا پڑے گا۔ یہاں پہ انہوں نے پہلے کیا کیا؟ شیوسینا بی جے پی سے باہر آگئی۔ پھر شیوسینا شیوسینا سے باہر آگئی۔ این سی پی این سی پی سے باہر آگئی۔ ایک ووٹر کو ۹؍ بٹن دے دیئے، سب کنفیوژ ہوگئے۔ چالو (شروع) ایک جَن (شخص) نے کیا تھا وہ ممبئی میں ایک بہت بڑھیا (اچھے) ڈسٹرکٹ ہے وہاں سے آتے ہیں۔ ‘‘ اتنی بات کہنے کے بعد کنال کامرا نے ہندی فلم ’دل تو پاگل ہے‘ کے ایک گانے کے الفاظ بدل کر گانا گایا۔ اس گانے میں کنال نے ایکناتھ شندے کا نام لئے بغیر کہا کہ ’’میری نظر سے تم دیکھو غدار نظر وہ آئے... منتری نہیں ہے وہ دل بدلو ہے اور کہا کیا جائے... جس تھالی میں کھائے اس میں ہی چھید وہ کرجائے... منترالیہ سے زیادہ فرنویس کی گودی میں مل جائے... تیر کمان ملا ہے اس کو باپ میرا یہ چاہے... ‘‘ گانے کے بعد کنال نے کہا کہ ’’سوچو نا مطلب یہ پالیٹکس ہے ان کی پریوار واد ختم کرنا تھا کسی کا باپ چرا لیا (یہ اشارہ تھا ادھو ٹھاکرے کیخلاف سیاست کیلئے خود کو بال ٹھاکرے کا  وارث بتاتے ہیں)۔ 
اسٹوڈیو میں توڑ پھوڑ
کنال کامرا کی تنقیدوں پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے شیوسینا کے ورکروں نے ہیبیٹیٹ اسٹوڈیو میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ اسٹوڈیو کے نام پر کالک پوت دی گئی اور مستقبل قریب میں ہونے والے شو کی فہرست ہٹا دی۔ اس واردات کے وقت کھار پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر وجئے رنگ ناتھ چند حوالداروں کے ساتھ جائے واردات پر موجود تھے اور انہی کی شکایت پر توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف شکایت درج کی گئی ہے۔ پی ایس آئی وجئے نے ایف آئی آر (جس کی کاپی انقلاب کے پاس موجود ہے) میں کہا ہے کہ عملہ کی کمی کی وجہ سے وہ حملہ آوروں کو قابو نہیں کرسکے اور جب انہوں نے مزید فورس منگوائی تو یہ لوگ وہاں سے فرار ہوگئے۔ تاہم فسادیوں کی قیادت کرنے والوں سے شکایت کنندہ پہلے سے واقف تھے اس لئے ۱۱؍ افراد کی گرفتاری عمل میں آئی جنہیں بعد میں عدالت نے فی فرد ۱۵؍ہزار روپے کے ذاتی مچلکہ پر ضمانت دے دی۔
اسٹوڈیو بند ہوگیا
بی ایم سی نے ہیبیٹیٹ اسٹوڈیو کو بھی منہدم کردیا۔ اس کے بعد اسٹوڈیو کے منتظمین نے ’انسٹا گرام‘ پر اسے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ’’یہاں ہونے والی حالیہ توڑ پھوڑ سے ہم انتہائی صدمہ میں، فکر مند اور ٹوٹے ہوئے ہیں۔ فنکار اپنے نظریات اور تخلیقی انتخابات کیلئے تنہا ذمہ دارہوتے ہیں۔ ہم کبھی ان کے ذریعہ پیش کی گئی تخلیق کے مواد میں ملوث نہیں رہے، لیکن حال میں ہونے والے واقعات نے ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ کس طرح ہر بار ہمیں مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے اور ہمیں نشانہ بنایا جاتا ہے جیسے فنکار کے پیچھے ہم کارفرما تھے۔ ہم اس وقت تک کیلئے اسٹوڈیو کو بند کررہے ہیں جب تک ہم کوئی ایسا راستہ تلاش نہ کرلیں جس کے ذریعہ ہم اظہار خیال کی آزادی کیلئے خود کو اور اپنی ملکیت کو جوکھم میں ڈالے بغیر اسٹیج فراہم کرسکیں۔ ہم تمام فنکاروں، ناظرین اور متعلقہ افراد سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ آزادنہ طور پر ہماری رہنمائی کریں تاکہ ہم فنکاروں کے حقوق کی پاسداری بھی کرسکیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK