سنجے رائوت نے کہا کہ بی ایم سی الیکشن اور دیگر بلدیاتی الیکشن تنہا ہی لڑیں گے ، کانگریس اور این سی پی بھی اسی متبادل پر غور کررہے ہیں
EPAPER
Updated: January 11, 2025, 10:50 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
سنجے رائوت نے کہا کہ بی ایم سی الیکشن اور دیگر بلدیاتی الیکشن تنہا ہی لڑیں گے ، کانگریس اور این سی پی بھی اسی متبادل پر غور کررہے ہیں
مہاراشٹر کےبلدیاتی انتخابات کے اعلان سے قبل ہی انڈیا اتحاد اور مہا وکاس اگھاڑی( ایم وی اے) میں پھوٹ پڑنے کے آثار صاف نظر آنے لگے ہیں۔ شیوسینا (یو بی ٹی) کے ترجمان رکن پارلیمان سنجے راؤت نے ممبئی میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر بلدیاتی اور لوکل باڈی انتخابات تنہا لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ ان کے اقدام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس اور این سی پی ( شرد) کے لیڈروں نے بھی الگ الگ الیکشن لڑنے کی وکالت شروع کردی ہے۔ کانگریس کی رکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ نے بھی کہا کہ کانگریس کے ورکروں کی بھی یہی رائے ہے کہ ہر سیٹ پر کانگریس تنہا ہی لڑے لیکن الگ لڑنے کا فیصلہ اعلیٰ کمان کو کرنا ہے۔
سنجے راؤت نے کیا کہا؟
شیوسینا ( یو بی ٹی ) کے ترجمان اور رکن پارلیمان سنجے راؤت نے کہا کہ ’’ بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے لوک سبھا انتخابات میں ہم نے انڈیا اتحاد بنایا اور مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں مہا وکاس اگھاڑی ( ایم وی اے) بنائی تھی لیکن اس اتحاد میں الیکشن لڑنے پرپارٹی کے کارکنوں کو چناؤ میں موقع نہیں ملتا، اسی لئے لوکل باڈیز جیسے میونسپل کارپوریشن ، ضلع پریشد اورنگر پالیکا میں ورکروں کو چناؤ لڑنے کا موقع دینے کے لئے ہی ہم علاحدہ انتخاب لڑیں گے ۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اسی لئے ہم ناگپور اور ممبئی میں سبھی سیٹوں کو انتخابات لڑیں گے اور امید ہے کہ جیتیں گے بھی ۔ انڈیا بلاک بچانے کے تعلق سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں سنجے راؤت نے کہا کہ’’ انڈیا اتحاد بچانے کی پوری ذمہ داری کانگریس پارٹی کی ہے۔وہ سب سے بڑی پارٹی ہے۔ انڈیا اتحاد لوک سبھا چناؤ کیلئے قائم کیا گیا تھا اور اس چنا ؤ کے بعد انڈیا اتحاد کی ایک بھی میٹنگ منعقد نہیں کی گئی جبکہ یہ میٹنگ طلب کرنے کی ذمہ داری بھی کانگریس ہی کی تھی۔اس نے اب تک یہ ذمہ داری نہیں نبھائی ہے۔
کانگریس بھی جلد فیصلہ کرے گی :ورشا گائیکواڑ
شیو سینا(یو بی ٹی ) کے لیڈر سنجے راؤت کی جانب سے بلدیاتی اور دیگر انتخابات علاحدہ لڑنے کے اعلان کے بعد کانگریس کی جانب سے بھی شدید رد عمل ظاہر کیاگیاہے۔ اس ضمن میں ممبئی کانگریس کی صدر اور رکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ ’’کانگریس، این سی پی ( شرد )اورشیوسینا (ادھو)نے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں مہا وکاس اگھاڑی کے طور پر ایک ساتھ چناؤ لڑا تھا لیکن اب کانگریس کارکنان کو لگتا ہے کہ انہیں بلدیاتی انتخابات میں مزید موقع ملنے چاہئیں۔ وہ کارکنان کے جذبات ہائی کمان تک پہنچائیں گی۔ فیصلہ وہیں سے ہو گا کہ ہمیں کیا کرنا ہے۔ ورشا گائیکواڑ نے مزید کہا کہ علاحدہ علاحدہ لڑنے میں کوئی حرج نہیں ہےکیوں کہ ہر کوئی اپنی پارٹی بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اتحاد کے اندر کسی بھی فیصلے پر تبادلہ خیال کیا جانا چاہئے لیکن اگر کوئی اپنے طور پر اعلان کر رہا ہے تو کانگریس پارٹی بھی اپنا فیصلہ کرے گی ۔ جس طرح سنجے راؤت نے اپنی پارٹی کے خیالات پیش کئے، اسی طرح ہم بھی آزاد ہیں۔
ہمارا فیصلہ بھی ضلع لیڈر شپ کرے گی : این سی پی
اس سلسلے میں این سی پی ( شرد ) کے چیف ترجمان مہیش تپاسے نے کہا کہ ’’بلدیاتی انتخاب کسی کے ساتھ اتحاد میں لڑنا ہے یا علاحدہ اس کا فیصلہ ضلع اور تعلقہ کی سطح کے لیڈر کرتے ہیں اور ہمارے یہاں یہ فیصلہ وہی لیڈر کریں گے ۔ ‘‘ تپاسے کے مطابق ۲۰۱۹ء سے پہلے ہم نے شیو سینا کے خلاف ہی الیکشن لڑا ہے اس لئے اس مرتبہ اگر ہم الگ چناؤ لڑتے ہیں تو یہ ہمارے لئے کوئی نئی بات نہیں ہوگی۔
شیو سینا اپنا مفاد دیکھ رہی ہے: پرکاش امبیڈکر
مہا وکاس اگھاڑی کو متاثر کرنے پر ونچت بہوجن اگھاڑی کے قومی صدر ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈکر نے شیوسینا(یوبی ٹی ) پرشدید تنقید کی اور کہاکہ مہا وکاس اگھاڑی کو توڑنے کا فیصلہ آدتیہ ٹھاکرے کے ذاتی فائدے کے لئےکیا گیا ہے ۔پرکاش امبیڈکر نے ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ اسمبلی میں شکست کی وجہ سے مہاوکاس اگھاڑی تقسیم ہوتی دکھائی دے رہی ہے لیکن یہ اتنا جلدی ہو گا اس کا اندازہ نہیں تھا ۔ یہ آدتیہ ٹھاکرے کا سیاسی کریئر بچانے کے لئے کیا جارہا ہے۔