• Wed, 12 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شیوسینا (شندے) پھر درکنار، اراکین اسمبلی کے بغیر ضلعی میٹنگ

Updated: February 12, 2025, 11:07 AM IST | Agency | Raigad

اجیت پوار نے رائے گڑھ ضلع پلاننگ کمیٹی کی میٹنگ میں ایکناتھ شندے کے کسی بھی رکن اسمبلی کو مدعو نہیں کیا، ہمارے ساتھ مسلسل نا انصافی ہو رہی ہے، ہم ایکناتھ شندے سے بات کریں گے : مہندر دلوی۔

Ajit Pawar, Eknath Shinde and Devendra Farnavis: All three are really happy? Photo: INN
اجیت پوار، ایکناتھ شندے اور دیویندر فرنویس: تینوں واقعی خوش ہیں؟۔ تصویر: آئی این این

مہایوتی حکومت میں ایکناتھ شندے کی پارٹی کو کنارے لگانے کے ایک کے بعد ایک واقعات پیش آ رہے ہیں۔ تازہ واقعہ رائے گڑھ ضلع کا ہے جہاں ڈسٹرکٹ پلاننگ کمیٹی کی میٹنگ بلائی گئی لیکن ا س میں ایکناتھ شندے گروپ کے کسی بھی رکن اسمبلی کو نہیں بلایا گیا۔ اس پر پارٹی اراکین سخت ناراض ہیں اور انہوں نے اس تعلق اپنے پارٹی سربراہ ایکناتھ شندے سے بات کرنے کا عندیہ ظاہر کیا ہے۔ 
 یاد رہے کہ ہر سال ہر ایک ضلع کی ڈسٹرکٹ پلاننگ کمیٹی کی میٹنگ ہوتی ہے جس میں آئندہ سال ضلع کے ترقیاتی کاموں کا خاکہ تیار کیا جاتا ہے۔ اس میں ضلع کے نگراں وزیر، رکن پارلیمان اور جتنے اراکین اسمبلی ضلع سے منتخب ہوئے ہوں وہ بھی شرکت کرتے ہیں۔ ساتھ ہی ضلع کلکٹر اور دیگر اہم ضلعی حکام موجود رہتے ہیں۔ رائے گڑھ میں اس وقت این سی پی کی ادیتی تٹکرے نگراں وزیر ہیں جبکہ ان کے والد سنیل تٹکرے یہاں سے رکن پارلیمان ہیں۔ جبکہ ضلع میں ۷؍ اسمبلی حلقے ہیں جن میں سے ۳؍ پر شیوسینا ( شندے) کا قبضہ ہے اور پارٹی کے بھرت گوگائولے ( مہاڈ) ، مہند ر دلوی ( علی باغ) کے علاوہ مہندر تھورے(کرجت) سے رکن اسمبلی ہیں۔ ان کے علاوہ ایک سیٹ این سی پی کے پاس ہے جہاں سے ادیتی تٹکرے رکن اسمبلی ہیں اور بقیہ ۳؍ پر بی جے پی کا قبضہ ہے۔ حیران کن طور پر اجیت پوار نے ڈسٹرکٹ پلاننگ کمیٹی کی ایک آن لائن میٹنگ بلائی جس میں شیوسینا ( شندے) کے ان تینوں اراکین اسمبلی کو مدعو نہیں کیا۔ حتیٰ ان تینوں کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات کا علم ہی نہیں ہے کہ اجیت پوار نے کوئی میٹنگ بلائی تھی۔ 
یاد رہے کہ مہایوتی حکومت میں مسلسل اس طرح کے واقعات پیش آ رہے ہیں جن میں ایکناتھ شندے کی پارٹی کو کنارے لگانے کا اشارہ مل رہا ہے۔ جبکہ رائے گڑھ ضلع میں این سی پی اور شیوسینا دونوں ایک دوسرے کی مخالفت کھل کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے رائے گڑھ ضلع کا نگراں وزیر بھرت گوگائولے کے بجائے ادیتی تٹکرے کو بنایا دیا حالانکہ گوگائولے چوتھی بار رکن اسمبلی بنے ہیں اور ضلع میں ان کی پارٹی کے ۳؍ اراکین اسمبلی ہیں۔ جبکہ ادیتی تٹکرے کی یہ دوسری میعاد ہے اور ضلع میں ان کی پارٹی کا صرف ایک رکن اسمبلی ہے جو وہ خود ہیں۔ ایسی صورت میں شیوسینا ( شندے) پہلے ہی ناراض ہیں۔ اب اجیت پوار نے جلتی پر تیل چھڑکنے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے رائے گڑھ ڈسٹرکٹ پلاننگ کمیٹی کی میٹنگ بلائی جس میں ضلع کے تینوں شیوسینک اراکین اسمبلی کو نظر انداز کر دیا گیا۔ میٹنگ میں صرف ادیتی تٹکرے شریک ہوئیں اور ضلع کلکٹر آن لائن طریقے سے حاضر تھے۔ 
 علی باغ کے رکن اسمبلی مہندر دلوی کا کہنا ہے کہ ’’ہمیں مدعو نہیں کیا گیا تھا۔ دراصل اجیت پوار کی صدارت میں یہ میٹنگ ہوئی تھی جس میں ادیتی تٹکرے بھی موجود تھیں لیکن ہماری پارٹی کے ہم تینوں اراکین پارلیمان کو اس کی بھنک تک نہیں تھی۔ ‘‘ دلوی کہتے ہیں ’’ ہمیں اطلاع تک نہیں ملی، میں نے اس تعلق سے ڈسٹرکٹ پلاننگ کمیٹی کے دفتر سے معلومات حاصل کی۔ ضلع کلکٹر خود آن لائن طریقے سے اس میٹنگ میں  موجود تھے۔ انہوں نے اس میٹنگ کی تصدیق کی ہے۔ ‘‘ مہندر دلوی شکایت کرتے ہیں کہ ’’ ہمارے کسی بھی رکن اسمبلی کو اس میٹنگ کا علم نہیں تھا۔ ہمیں یہ بھی نہیں معلوم ہے کہ یہ میٹنگ رسمی تھی یا غیر رسمی، البتہ اس تعلق سے ہم اپنی پارٹی کے سربراہ ایکناتھ شندے سے ضرور گفتگو کریں گے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ ہمارے ساتھ بار بار نا انصافی کی جا رہی ہے۔ اب ہمیں انصاف ملنا چاہئے۔ رائے گڑھ ضلع کے نگراں وزیر کا تنازع اب تک حل نہیں ہوا ہے۔ ہمارا بہ اصرار مطالبہ ہے کہ بھرت گوگائولے کو رائے گڑھ کا نگراں وزیر بنایا جائے۔ ‘‘ ان کا کہنا تھا ’’ ہمیں میٹنگ میں نہ بلاکر کیا ثابت کیا گیا یہ مجھے نہیں معلوم لیکن میں اتنا ضرور کہوں گا کہ اس سے ہماری توہین ہوئی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ یہ میٹنگ آفیشل ( رسمی) نہ ہو کیونکہ اگر ایسا ہوتا تو ہمیں بطور اراکین اسمبلی ضرور مدعو کیا گیا ہوتا۔ ‘‘ 
کرجت سے شیوسینا (شندے)کے رکن اسمبلی مہندر تھورے نے بھی تقریباً یہی باتیں کہیں۔ ان کا کہنا تھا ہمیں اس میٹنگ کے تعلق سے اطلاع تک نہیں تھی۔ عوامی ترقیاتی کاموں کے تعلق سے یہ میٹنگ بلائی جاتی ہے۔ اگر اتنی اہم میٹنگ اس طرح سے بلائی جائے گی تو یقینی طور پر ہم وزیر اعلیٰ اور دونوں نائب وزرائے اعلیٰ سے ہم تمام اراکین اسمبلی مل کر بات کریں گے۔ 

شندے گروپ کو کب کب نظر انداز کیا گیا
شندے گروپ کے اصرار کے باوجود ادیتی تٹکرے کو رائے گڑھ کا نگراں وزیر بنایا گیا۔
 دیویندرفرنویس نے ایس ٹی کارپوریشن کے بسوں کو کرایے پر لینے کے سودے کو منسوخ کر دیا 
ایس  ٹی کارپوریشن کا صدر شندے گروپ کے کسی لیڈر کو نہ بنانا پڑے اس لئے ایک سرکاری افسر کو اس عہدے پر بٹھا دیا گیا۔ 
رائے گڑھ ڈسٹرکٹ پلاننگ کمیٹی کی میٹنگ میں   شیوسینا ( شندے ) کے کسی بھی رکن اسمبلی کو نہیں بلایا گیا جبکہ اس میٹنگ میں ضلع کے اراکین اسمبلی کا رہنا ضروری سمجھا جاتاہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK