Inquilab Logo Happiest Places to Work

شیوسینا ( ادھو) مہایوتی میں شامل ہونا چاہتی ہے: چندرکانت پاٹل کا طنز، سنجے رائوت کا جوابی حملہ

Updated: April 15, 2025, 10:05 AM IST | Agency | Pune

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے مہاراشٹردورے کی تکمیل کے بعد شیوسینا (ادھو) اور بی جے پی کے درمیان لفظی نوک جھونک پھر شروع ہو گئی ہے۔

Chandrakant Patil and Uddhav Thackeray. Picture: INN
چندر کانت پاٹل اور ادھو ٹھاکرے۔ تصویر: آئی این این

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے مہاراشٹردورے کی تکمیل کے بعد شیوسینا (ادھو) اور بی جے پی کے درمیان لفظی نوک جھونک پھر شروع ہو گئی ہے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر چندر کانت پاٹل نے دعویٰ کیا ہے کہ ادھو ٹھاکرے کی پارٹی اقتدار میں شامل ہونا چاہتی ہے لیکن اس خواہش کا اظہار نہیں کر پا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ’’ اس کی وجہ سے شیوسینا (ادھو) کے لیڈران میں ذہنی تنائو  ہے۔ اسی کا نتیجہ ہے جو سنجے رائوت  بے معنی بیانات دے رہے ہیں۔ 
 یاد رہے کہ گزشتہ سنیچر کو امیت شاہ مہاراشٹر کے رائے گڑھ میں تھے جہاں انہوں نے چھترپتی شیواجی کی ۳۴۵؍ ویں برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اپنے خطاب کے دوران امیت شاہ نے اورنگ زیب کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کی ’قبر‘ کو ’سمادھی‘ کہہ دیا تھا۔ اس پر سنجے رائوت نے طنز کیا تھاکہ امیت شاہ کو نہ تاریخ کی معلومات ہے نہ اصطلاحات کا علم ہے۔ چندر کانت پاٹل نے سنجےرائوت کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا ’’امیت بھائی ( شاہ) نے ۵۰۰؍ صفحات پر مشتمل ایک کتاب تصنیف کی ہے۔ یہ کتاب چھترپتی شیواجی کے تعلق سے ہے ۔ امیت بھائی نے اس کیلئے  حوالے جمع کئے ہیں۔ چند دنوں میں یہ کتاب منظر عام پر آنے والی ہے۔ صرف یہ فیصلہ کرنا باقی ہے کہ اس کا اجراء پونے میں کیا جائے یا  دہلی میں۔ ‘‘ پاٹل کے مطابق ’’ اگر سنجے رائوت یہ کتاب پڑھیں گے تو انہیں معلوم ہو جائے گاکہ امیت شاہ کو تاریخ کی کتنی گہری معلومات ہے۔ ‘‘ 
 بی جے پی لیڈر کے مطابق ‘‘ دراصل ادھو ٹھاکرے کی پارٹی  اقتدار میں (مہایوتی کے ساتھ) شامل ہونا چاہتی ہے لیکن وہ اس خواہش کا اظہار نہیں کر  پا رہی ہے۔ اس کی وجہ سے شیوسینا (ادھو) کے لیڈران ذہنی تنائو میں ہیں۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ سنجے رائوت اس طرح کے بیانات دے رہے ہیں۔‘‘ چندر کانت پاٹل نے مشورہ دیا ’’ ادھو ٹھاکرے کو چاہئے کہ وہ جلد دیویندر فرنویس، ایکناتھ شندے اور اجیت پوار سے گفتگو کریں اور معاملات کو حل کر لیں ورنہ آئندہ ان کے پاس الیکشن میں کھڑا کرنے کیلئے امیدوار تک نہیں ہوں گے۔‘‘ انہوںنے کہا ’’  وہ مہایوتی میں شامل ہونا چاہتے ہیں یا نہیں ، اس سے مجھے کچھ لینا دینا نہیں ہے لیکن جس طرح لوگ ان کی پارٹی کو چھوڑ چھوڑ کر جا رہے ہیں، اس سے لگتا ہے کہ اگر انہوں نے مہایوتی میں شمولیت اختیار نہیں کی تو پونےاور کولہا پور تو چھوڑ دیجئے ، ممبئی میں بھی انہیں امیدوار نہیں ملیں گے۔‘‘ 
سنجے رائوت کا جوابی حملہ 
شیوسینا ( ادھو) کے ترجمان سنجے رائوت نے پاٹل کے بیان کا سخت الفاظ میں جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’چندر کانت پاٹل ہماری فکر نہ کریں، ہمارے پاس خاطر خواہ امیدوار ہیں۔ آپ اس بات پر توجہ دیں کہ امریکہ کی تلسی گیبراڈ نے بیان دیا ہے کہ ای وی ایم کو ہیک کیا  جاسکتا ہے اور الیکشن کے نتائج بدلے جا سکتے ہیں۔ ‘‘ رائوت نے کہا ’’ مہاراشٹر میں آپ کس طرح اقتدار میں آئے ہیں یہ ہمیں معلوم ہے۔ مودی کی امریکی دوست نے کیا کہا ہے ، آپ اس بات پر غور کریں۔ ہماری پارٹی کا کیا کرنا ہے وہ ہم دیکھ لیں گے۔‘‘ سنجے رائوت نے کہا ’’ ہم اقتدار میں آنے کیلئے کبھی امیت شاہ کے پیر نہیں چاٹیں گے۔ انہوں نے چھترپتی شیواجی کا تذکرہ بے ادبی کے ساتھ کیا۔ اونگ زیب کی قبر کو سمادھی کا درجہ دیدیا۔ ان کے ساتھ ہمیں اقتدار نہیں چاہئے۔ ہم اتنے نیچ نہیں ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK