Inquilab Logo

شیوسینا کی دسہرہ ریلی کی گہما گہمی شروع، دونوں ہی گروہ سرگرم

Updated: October 01, 2022, 1:38 PM IST | Agency | Mumbai

ایکناتھ شندے اور ادھو ٹھاکرے نے اپنی اپنی ریلی کے ٹیزر جاری کئے، دونوں میں شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے کی آواز اور تصویر کا استعمال، اپنے اپنے دعوے

Will Thackeray get the traditional support of the people this time? .Picture:INN
کیا اس بار بھی ادھو ٹھاکرے کو عوام کی روایتی حمایت مل پائے گی؟ ۔ تصویر:آئی این این

شیوسینا کی شناخت قائم کرنے والی دسہرہ ریلی کا وقت قریب آ رہا ہے ۔ اس کیلئے ادھوٹھاکرے کو شیواجی پارک میں ریلی کرنے کی اجازت بھی مل گئی ہے لیکن اس وقت لوگوں کی توجہ اس بات پر ہے کہ مراٹھی مانس کا رجحان شندے گروپ کی طرف زیادہ ہے یا ادھو ٹھاکرے گروپ کی طرف ۔ لہٰذا عوام بے صبری سے اس ریلی کا انتظار کر رہے ہیں۔ جبکہ شیوسینا کے دونوں ہی گروپوں نے ریلی کی تیاریاں زور وشور سے شروع کر دی ہے۔   لوگوں کو اس ریلی کی جانب راغب کرنے کیلئے دونوں ہی نے اپنے اپنے ٹیزر جاری کئے ہیں۔ یاد رہے کہ ٹیزر اس ویڈیو کلپ (جھلک) کو کہتے ہیں جس میں کسی آنے والی فلم یا پروگرام کا مختصر تعارف اور اس کی طرف آنے کی دعوت ہوتی ہے۔ ایکناتھ شندے کی جانب سے جمعرات اور جمعہ دونوں دن ایک ایک ٹیزر جاری کیا گیا۔ جمعرات کو جاری کئے گئےٹیزر میں شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے کی تصویر استعمال کی گئی ہے اور نعرہ دیا گیا ہے’’ ایک لیڈر، ایک پارٹی، ایک نظریہ، ایکلویہ اور ایکناتھ‘‘ یاد رہے کہ  ٹیزر میں جب نعرہ ایکلویہ تک پہنچتا ہے تو آنند دیگھے کی تصویر دکھائی دیتی ہے جبکہ  ایکناتھ کے لفظ کےساتھ وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے دکھائی دیتے ہیں۔  ’ایک لیڈر‘ کے  طور پر بال ٹھاکرے کی تصویر دکھائی دیتی ہے۔ ویسے ٹیزر کے شروع میں چھترپتی شیواجی کا مجسمہ بھی دکھایا گیا ہے۔  جمعہ کو شندے گروپ نے ایک اور ٹیزر جاری کیا جس میں ایکناتھ شندے کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دسہرہ ریلی میں شریک ہوں اور مخالف گروپ( ادھو ٹھاکرے) پر دھاوا بولنے کی  ہدایت دی گئی ہے۔ حالانکہ اس میں ادھو ٹھاکرے گروپ کا نام نہیں لیا گیا ہے۔  جمعہ کو شیوسینا نے بھی اپنا ٹیزر جاری کیا ہے۔ اس میں بھی شیوسینا کے جھنڈے اور شیر کی علامتی تصویر کے ساتھ پارٹی کے بانی بال ٹھاکرے کی تصویر دکھائی گئی ہے۔ ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ ’’ وفاداری کا سیلاب آئے گا، بھگوا ’اٹک‘ کے اس پار لہرائے گا‘‘ یاد رہے کہ ’ اٹک‘ پاکستان میںموجود ایک مشہور قلعہ ہے جس میں سیاسی قیدیوں کو خاص کر وزیراعظم کی سطح کےلیڈروں کو رکھا جاتا ہے۔ اس کے بعد بال ٹھاکرے کی  آواز میں وہ الفاظ سنائے گئے ہیں جو وہ کسی بھی ریلی  میں تقریر کے شروع میں ادا کیا کرتے تھے۔’’ یہاںموجود میرے تمام ہندو بھائی اور بہنو!‘‘    ان دونوں ہی ٹیزر کے ساتھ دسہرہ ریلی کے دوران ہونے والی مقابلہ آرائی شروع ہو گئی ہے۔ دونوں ہی پارٹیوں کے کارکنان عوام کو اپنے اپنے لیڈر کی طرف لانے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔ حالانکہ ان کارکنان میں ایک تذبذب بھی ہے کیونکہ ایسا پہلی بار ہو رہا ہے کہ ایک ہی پارٹی  میں رہ چکے دو مختلف لیڈروں کی ایک ہی دن ریلی ہو رہی ہے وہ بھی اس دعوے کے ساتھ کہ وہ ہی اصل پارٹی ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ ادھو ٹھاکرے کی ریلی شیواجی پارک میں ہوگی تو ایکناتھ شندے کی ریلی باندرہ کرلا کامپلیکس کے گرائونڈ پر جو کہ ادھو ٹھاکرے کے گھر سے زیادہ دور نہیں ہے۔  واضح رہے کہ ایکناتھ شندے اور ادھو ٹھاکرے دونوں ہی بضد تھے کہ ان کی پارٹی اصل شیوسینا ہے اس لئے بال ٹھاکرے کی روایتی دسہرہ ریلی سے وہی خطاب کریں گے اور شیواجی پارک ہی پر کریں گے لیکن بی ایم سی نے انہیں اجازت نہیں دی۔ بالآخر ایکناتھ شندے نے  باندرہ کرلا کامپلیکس پر ریلی کرنےکا فیصلہ کیا لیکن ادھو گروپ نے عدالت کا رخ کیا اور عدالت نے اسے شیواجی پارک میںریلی  کی اجازت دیدی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK