• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شیوراج نے ’رام رام‘کرلیا مگر وسندھرا کےباغیانہ تیور برقرار، پھرطاقت کامظاہرہ کیا

Updated: December 11, 2023, 9:45 AM IST | Agency | Jaipur / Bhopal

کل قانون ساز پارٹی کی میٹنگ سے قبل کئی اراکین اسمبلی سے ملاقات کی، ایم پی میں آج میٹنگ ،شیوراج نے پہلے ہی مقابلہ سے باہر ہونے کا اشارہ د ے دیا۔

Vasundhara Raje Scindia. Photo: INN
وسندھرا راجے سندھیا۔ تصویر : آئی این این

اسمبلی انتخابات کے نتائج ظاہر ہونے کے ایک ہفتے بعد کہیں  جا کر اتوار کو بی جےپی یہ طے کرسکی کہ چھتیس گڑھ میں اس کا وزیراعلیٰ کون ہوگا مگر راجستھان اور مدھیہ پردیش میں تذبذب کی کیفیت اب بھی برقرار ہے۔ مدھیہ پردیش میں وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان ہتھیار ڈالتے نظر آرہے ہیں جبکہ راجستھان میں سابق وزیراعلیٰ وسندھرا راجے سندھیا ہار ماننے کو تیار نہیں ہیں۔
  شیوراج سنگھ چوہان جو پہلے بھی اعلان کرچکے ہیں کہ وزیراعلیٰ کی دوڑ میں  شامل نہیں ہیں ، نے اتوار کو اپنی تصویر کےساتھ ایک مختصر سا ٹویٹ کیا کہ ’’سبھی کو رام رام۔‘‘ ان کے اس ٹویٹ کو الوداعی پیغام کے طو رپر دیکھا جارہاہے۔ بی جے پی اعلیٰ کمان نے ریاست میں وزیراعلیٰ  کے انتخاب کیلئے مرکزی لیڈروں  کی ٹیم بھیجی ہے جو پیر کو نومنتخب اراکین اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کریگی۔ اس میٹنگ میں   ریاست کے اگلے وزیراعلیٰ کے نام پر غور کیا جائے گا۔ میٹنگ سے ایک روز قبل شیوراج سنگھ چوہان کے ’’سبھی کو رام رام‘‘ نے سیاسی حلقوں  میں   ہلچل تیز کردی ہے۔ یہ نتیجہ اخذ کیا جارہاہے کہ نئے وزیراعلیٰ کے نام کے انتخاب سے قبل وہ بطور وزیراعلیٰ ریاست کے عوام سے رخصت لیتے ہوئے ’’رام رام‘‘ کہہ رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ ہندی بیلٹ میں  ملاقات کے وقت ’’رام رام‘‘ کہنے کے ساتھ ہی رخصت ہوتے وقت بھی ’’رام رام‘‘کہنے کا چلن ہے۔

بہرحال ریاستی بی جےپی کے صدر وی ڈی شرما جو خود بھی وزارت اعلیٰ کی دوڑ میں شامل ہیں، نے صفائی دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیوراج سنگھ کا مذکورہ پیغام رام مندر کے حوالے سے ہے۔  بہرحال  مدھیہ پردیش میں  نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے شام ۴؍ بجے میٹنگ ہوگی۔ اُدھر راجستھان میں سابق وزیراعلیٰ وسندھرا راجے سندھیا پیچھے ہٹنے کو تیار نظر نہیں آتیں۔  یہاں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے میٹنگ منگل کو ہونی ہے تاہم اتوارکو انہوں نے پھر طاقت کا مظاہرہ کیا۔  اتوار کو انہوں نے کم از کم ۱۰؍ نومنتخب اراکین اسمبلی سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ یہ دوسرا موقع ہے جب وسندھرا نے اس طرح نومنتخب اراکین اسمبلی سے ملاقات کی ہے۔ ریاست میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے  بی جےپی کی مرکزی قیادت نے راج ناتھ سنگھ کی قیادت میں کمیٹی بنائی ہے جو منگل کو جے پور پہنچے گی۔اس سے قبل وسندھرا اراکین اسمبلی کو اپنے حق میں  ہموار کرنے کی کوشش کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ ۳؍ دسمبر کو نتائج کے اعلان ہونے کے دوسرے اور تیسر ے  ہی دن(پیر اور منگل کو) انہوں نے سو ِل لائنس میں  اپنی رہائش گاہ پر  متعدد اراکین اسمبلی سے ملاقات کی تھی۔ حالانکہ وزارت اعلیٰ کی دوڑ میں وہ سب سے آگے سمجھی جارہی ہیں مگر بی جے پی اعلیٰ قیادت سے ان کے اختلافات کو دیکھتے ہوئے کسی اور کو موقع ملنے کا بھی امکان ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK