• Fri, 13 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

وکھرولی قبرستان کےتعلق سے دستخطی مہم شروع، تحصیلدار نے میٹنگ بلائی

Updated: August 16, 2024, 11:00 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

اعتراف کیا کہ یہ بہت اہم اور حساس مسئلہ ہے۔ ذمہ داران کو کلکٹر سے ملنے کا مشورہ دیا اور کہا: میں بھی اپنی طرف سے رپورٹ بھیجتا ہوں۔

Tehsildar Dhananjay Jadhav talking to local people at his office in Milind. Photo: INN
تحصیلداردھننجے جادھو ملنڈ میں واقع اپنے دفتر میں مقامی افراد سے گفتگو کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

یہاں قبرستان کے تعلق سے جمعرات سے گھر گھر جاکر دستخطی مہم کا آغاز عمل میں آیا ہے جس میں مرد و خواتین دونوں نے حصہ لیا اور خواتین بھی دستخط کرانے گھر گھر پہنچیں۔ نوجیون چال میں دستخطی مہم میں انعام الحق شیخ، رئیس تمبولی، شاہد شیخ، وسیم خان، ارباز شیخ اور امان احمد شامل تھے جبکہ ٹیگور نگر گروپ نمبر ۲؍ میں دستخط لینے کے دوران ثناء قریشی، منیرہ شیخ اور زاہدہ شیخ موجود تھیں۔ آج مساجد کے باہر ٹیبل لگائے جائیں گے اور بڑی تعداد میں لوگوں سے دستخط لینے کی کوشش کی جائے گی۔
 اس سے قبل تحصیلدار دھننجے جادھو نے ملنڈ میں واقع اپنے دفتر میں بدھ کی سہ پہر کو ذمہ دار اشخاص کی میٹنگ بلائی ۔ دورانِ میٹنگ انہوں نے یہ اعتراف کیا کہ یہ بہت اہم اورحساس مسئلہ ہے۔ اسی کے ساتھ انہوں نے میٹنگ میں موجود ذمہ داران کو جمعہ کے دن ضلع کلکٹر سے ملنے کا مشورہ دیا اور یہ یقین دلایا کہ وہ بھی اپنی جانب سے انہیں رپورٹ بھیجیں گے، انہوں نے وفد سے بھوک ہڑتال ملتوی کرنے کی درخواست بھی کی۔ تحصیلدار کا کہنا تھا کہ ان کو اپنی ذمہ داری سنبھالے ابھی ۶؍ ماہ ہی ہوئے ہیں لیکن اس مسئلے سے متعلق انہوں نے تمام فائلیں پڑھ ڈالی ہیں اور مسئلے کو سمجھ لیا ہے ۔
 تحصیلدار نے وفد کو کلکٹرسے ملاقات کا مشورہ دینے کے بعد یہ بھی کہا کہ ’’ایک ہفتے کے بعد میں اپنے طور پر بی ایم سی افسران اور کلکٹر وغیرہ کی آپ لوگوں کے ساتھ دوبارہ مشترکہ میٹنگ بلاؤں گا۔‘‘
 اس دوران میٹنگ میں موجود ذمہ داران نے ان کو سی ٹی ایس نمبر ۶۵۷؍ پلاٹ کے تعلق سے بتایا کہ اس پر ’سی آر زیڈ وَن‘ لگا ہوا ہے جبکہ اس سے متصل بڑا قطعہ اراضی ہے مگر اس پر گارڈن کا ریزرویشن ہے اس پر یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ اس گارڈن کے ریزرویشن میں سے انٹرچینج کرکے تقریباً ۴؍ ایکڑ زمین قبرستان کیلئے دے دی جائے، اس کی جو قیمت ہوگی وہ ڈپارٹمنٹ ادا کردے گا۔ اس موضوع پرکلکٹر سے بھی بات چیت کی جائے گی ۔ 
 اس کے علاوہ تحصلیدار کو اس سے بھی باخبر کرادیا گیا کہ اب یہ مسئلہ حل ہوئے بغیر وکھرولی کے لوگ خاموش نہیںبیٹھیں گے کیونکہ انتظار، یقین دہانی اور وعدے بہت ہوچکے اس لئے اپنا یہ حق اور تدفین کا مسئلہ حل کراکر ہی دم لیں گے۔ تحصیلدار کے دفتر میں بلائی گئی میٹنگ میں واجد قریشی، عبدالحق شیخ، عبدالرحمٰن تمبولی، جمیل شیخ، وارث علی شیخ اور سردار بھائی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK