تھانے پولیس کمشنر کی رہائش گاہ کے احاطے میں موجود مرغیوں میں برڈ فلو، لاتور کے پولٹری فارم میں ۴؍ ہزار چوزوں کی موت، ناگپور میں مرغیوں کے علاوہ مور بھی ہلاک۔
EPAPER
Updated: January 24, 2025, 1:31 PM IST | Ali Imran | Thane/ Latur
تھانے پولیس کمشنر کی رہائش گاہ کے احاطے میں موجود مرغیوں میں برڈ فلو، لاتور کے پولٹری فارم میں ۴؍ ہزار چوزوں کی موت، ناگپور میں مرغیوں کے علاوہ مور بھی ہلاک۔
برڈ فلو کا خدشہ ریاست میں بڑھتا جا رہا ہے۔ گزشتہ دنوں لاتور اور رائے گڑھ میں اس بات کی تصدیق ہوئی تھی کہ مرغیوں اور کوئوں میں برڈ فلو کی علامتیں موجود ہیں۔ اب ایک بار پھر لاتور سے خبر آئی ہے کہ ایک پولٹری فارم میں ۴؍ ہزا ر سے زائد چوزوں کی موت ہو گئی ہے۔ اس کی وجہ سے ایک بار پھر انتظامیہ محتاط ہو گیا ہے اور پولٹری فارم کی مرغیوں کے نمونے لیب بھیجے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں لاتور کے اُدگیر شہر میں ۵۰؍ کوئوں کی موت ہوجانے پر ان کے نمونے بھوپال کی لیب بھیجے گئے تھے۔ اسی طرح رائے گڑھ کے اُرن تعلقے میں ایک گائوں میں مرغیوں میں بیماریوں کی علامتیں ملی تھیں ، ان کے نمونے بھی بھوپال بھیجے گئے تھے۔ دونوں ہی معاملات میں اس بات کی تصدیق ہوئی تھی کہ ان پرندوں میں برڈ فلو کی علامتیں موجود ہیں۔ اب لاتور کے ایک اور تعلقے احمد پور سے ایسی ہی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ یہاں ڈھالے گائوں نامی جگہ پر ایک پولٹری فارم ہے جہاں پر بیک وقت ۴؍ ہزار ۲۰۰؍ چوزوں کی موت ہو گئی۔ اس کی اطلاع ملتے ہی ہیلتھ آفیسر ( برائے مویشی) موقع پر پہنچے۔ انہوں نے وہاں موجود مرغیوں کی جانچ کی اور مرغیوں کے نمونے حاصل کئے۔ ان نمونوں کو پونے بھیجا گیا ہے جہاں لیب میں ان کی جانچ ہو گی۔ ابھی انتظامیہ نے یہ نہیں کہا ہے کہ ان چوزوں کی موت برڈ فلو سے ہوئی ہے۔ البتہ اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا ہے۔ معاملے کی تصدیق لیب کی رپورٹ آنے کے بعد ہی ہوگی۔
ابھی لاتور سے خبر آئی ہی تھی کہ معلوم ہوا ممبئی سے متصل تھانے شہر میں بھی کچھ مرغیوں میں برڈ فلو کی علامتیں پائی گئی ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ جن مرغیوں میں یہ علامتیں پائی گئی ہیں وہ شہر کے پولیس کمشنر آشوتوش ڈومبرے کی رہائش گاہ کے احاطے میں پالی گئی تھیں ۔ ان میں کچھ بیمار تھیں جن کی جانچ کرنے پر معلوم ہوا کہ ان میں برڈ فلو کی علامتیں ہیں۔ کمشنر نے احتیاطی تدابیر کے طور پر اطراف کے علاقوں میں گوشت کی دکانیں بند کرنے کا حکم دیا۔ کوپری میں اس وقت چکن اور مٹن کی دکانیں بند ہیں۔ ساتھ ہی ضلع کے محکمہ مویشی پالن کے اہلکار سرچ کر رہے ہیں۔ اس دوران ایک کلومیٹر کے فاصلے کے اندر اس ٹیم کو ۲۱؍ ایسی مرغیاں ملیں جن کے تعلق سے برڈ فلو کا شبہ تھا۔ ان مرغیوں کے علاوہ ۲۰۰؍ انڈوں کو ٹھکانے لگا دیا گیا۔ ان مرغیوں کے ملنے کے بعد محکمہ مویشی پالن کی تشویش اور بڑھ گئی۔
اب انتظامیہ نے اپنی جانچ کا دائرہ بڑھا دیا ہے اور کوپری کے آس پاس ۱۰؍ کلو میٹر تک مرغیوں اور پرندوں کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی محکمہ ٔ صحت ان انسانوں کی بھی جانچ کر رہا ہے جو مرغیوں کے درمیان یا اس سے متعلق کوئی کام کرتے ہیں۔ ایسے ۱۷۵؍ افراد ٹیم کو ملے جن کی خصوصی طور پر جانچ کی گئی۔ ان میں سے بھی ۷۵؍ لوگوں کی صحت سے متعلق شبہ ہونے پر ان کے نمونے حاصل کئے گئے جو جانچ کیلئے بھیجے گئے۔ جمعرات کو تھانے میونسپل کارپوریشن کی چیف میڈیکل آفیسر چیتنا نتیلا نے بتایا کہ یہ ان سارے نمونوں کی جانچ منفی آئی ہے یعنی ان میں سے کسی کو کوئی بیمار ی نہیں ہے۔ البتہ محکمہ صحت کوئی جوکھم نہیں اٹھانا چاہتا۔ وہ اس نے اپنی جانچ کی مہم جاری رکھی ہے۔
ناگپور میں بھی مرغیوں کی موت
ناگپور دیہی علاقوں میں بھی کچھ دنوں سے پولٹری فارم کی مرغیوں کی موت کی خبریں آ رہی تھیں۔ حکام نے جب ان مرغیوں کے نمونے بھوپال اور پونے بھیجے، تو وہاں سے رپورٹ آئی کہ ان میں سے کچھ مرغیاں برڈ فلو سے متاثر تھیں۔ رپورٹ ملتے ہی ضلع کلکٹر نے اس علاقے کے ۱۰؍ کلومیٹر کے اندر تمام دیہاتوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی مرغیوں اور ان کے انڈوں کو تلف کر دیں۔ تاہم اس کی وجہ سے پولٹری میں کام کرنے والوں کو انفیکشن ہو سکتا ہے۔ پولٹری کے تاجر ہزاروں مرغیوں اور انڈوں کے ضائع ہونے سے مالی بحران کا شکار ہوئے ہیں۔ حکومت نے اس علاقے میں تقریباً ۱۰؍ ٹیمیں تعینات کی ہیں۔ پورے علاقے میں جراثیم کش دوا کاچھڑکاؤ اور دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ حکام نے بتایا کہ یہاں تعینات ٹیمیں ۳؍ مہینوں تک کام کرے گی۔
اسی دوران خبر ملی ہے کہ ناگپور ضلع کے کامٹھی تعلقہ میں واقع خیری گائوں کے ایک کھیت میں ایک ہی وقت میں ۵؍ مور مردہ پائے گئے جس کی وجہ سےیہاں ہلچل مچ گئی ہے۔ موروں کی ہلاکت نے انتظامیہ کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ محکمہ جنگلات کا عملہ موقع پر پہنچا اور مردہ مور دفن کئے گئے۔ تاہم دفن سے قبل مردہ مور کے اعضاء کے نمونے جانچ کیلئے بھوپال کے انسٹی ٹیوٹ بھیجے گئے۔