• Wed, 20 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مسلمانوں‌ کی دل آزاری کے باوجود عالم اسلام کی خاموشی افسوسناک

Updated: September 08, 2020, 9:29 AM IST | Inquilab News Network | Govandi

فرانسیسی اخبارکی بیہودگی،امام حرم کے بیان اور یو اے ای کے اسرائیل سے تعلقات استوار کرنے کیخلاف ہنگامی میٹنگ

Raza Academy Meeting
گوونڈی میں علمائے اہلسنت کی گلشن برکات رضا مسجد میں منعقدہ میٹنگ کا منظر

فرانسیسی  اخبار  چارلی ایبڈو کی ایک مرتبہ پھر بیہودگی اور امام حرم شیخ عبدالرحمن السدیس کے خطاب جمعہ میں اشارے کنایے میں دئیے ایک بیان اور متحدہ عرب امارات کے اسرائیل سے تعلقات استوار کرنے  پر علمائے اہلسنت کی گوونڈی میں گلشن برکات رضا مسجد میں پیر کو ایک ہنگامی میٹنگ کی گئی جس میں علماء نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا ۔یہ میٹنگ صبح ۱۱؍بجے سے  ایک بجے تک جاری رہی ۔
   رضا اکیڈمی کے جنرل سیکریٹری محمد سعید نوری نے کہاکہ امام کعبہ عبدالرحمن السدیس نے جس طرح سے  خطبہ جمعہ میں یہودیوں سے مفاہمت کا اشارہ دیا ہے وہ  پوری دنیا کے مسلمانوں کیلئے تکلیف دہ ہے اور فلسطینی مسلمانوں کی قربانیوں کا ایک طرح سے مذاق اڑانا ہے جو طویل عرصے سے ارض فلسطین اور قبلہ اول کی بازیابی کیلئے لڑرہے ہیں۔  سعید نوری نے یہ بھی کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت سعودی  فوری طور پر امام حرم کو ان کے عہدے سے ہٹائے ۔اس کے علاوہ ہم یہ بھی اچھی طرح محسوس کر تے ہیں کہ شیخ سدیس کے اس بیان میں سعودی حکومت کا منشاء ضرور  شامل ہے۔
 فرانسیسی اخبار کی شرانگیزی کے خلاف مولانا سید ہاشمی رضوی نے کہا کہ توہین رسالت کرنے والے امن کے دشمن ہیں ۔لہٰذا انہیں دہشت گرد قرار دیتے ہوئے ایسے مرتکبین کو پھانسی دی جائے۔ بزرگ عالم مولانا محمودعالم رشیدی (ہری مسجد شیواجی نگر گوونڈی)نے کہا کہ فرانسیسی اخبار بین المذاہب نفرت پھیلا رہا ہے جس سے کبھی بھی امن وسکون غارت ہوسکتا ہے ۔اس لئے متتازع اخبار چارلی ایبڈو کے انتظامیہ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ 
  مولانا ولی اللہ شریفی نے کہا کہ ابھی فرانسیسی اخبار کی خباثت مسلمانوں کے ساتھ جارہی ہی تھی کہ امام حرم کے بیان نے مسلمانوں کے جذبات کو مزید مجروح کردیا ہے۔آخرمسلم ممالک کب تک خاموش رہیں گے اور امریکہ کی کٹھ پتلی اقوام متحدہ کب غاصب اسرائیلیوں سے مسلمانوں کی زمین واپس کرائےگا۔ میٹنگ کے بعد ایک وفد نے ان ہی مسائل پر ماہم‌درگاہ کے ٹرسٹی سہیل کھنڈوانی سے‌ملاقات کی۔
  اس اہم‌میٹنگ میں  مفتی رئیس ،مولانا فیزوز ، مولانا محمد عباس رضوی، سبحانی میاں پھول گلی ، مولانا جہانگیر القادری  ،مولانا احسان رضوی ، مولانا پروفیسر محمودعلی خان ، قاری محمد یعقوب رضوی، مولانا جمشید عالم،حافظ علاء الدین ،مولانا محمود اشرفی ،حافظ جنید رضا رشیدی ،مولانا رضی اللہ شریفی وغیرہ موجود موجود تھے۔ان تمام حضرات نے بھی ان مسائل پر مختصر روشنی ڈالی اور برہمی کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK