• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یکم ستمبر سے سندھودرگ قلعہ سیاحت کیلئے کھول دیا جائے گا

Updated: August 31, 2023, 10:20 AM IST | siraj shaikh | Sindhudurg Fort

سیاحوں پر منحصر مقامی تاجر بھی پر اُمید ، قلعہ کے مرکزی دروازے کے ساتھ ساتھ پشتوں کی مرمت اور قلعہ کی تزئین کاری کا بھی آغاز

Sindhudurg Fort will be redecorated.
سندھودرگ قلعہ کو نئے سرے سے سجایا سنوارا جائے گا۔

مالون تعلقہ کے ویری بھوت ناتھ گرام پنچایت کی حدود میں واقع سندھو درگ کے تاریخی قلعے کا مرکزی دروازہ یکم ستمبر سے کھول دیا جائے گا۔ اس طرح سیاحوں پر منحصر تاجر بھی پر امید ہیں۔   یاد رہےکہ بارش کے موسم میں سیاحوں کی حفاظت کی خاطر قلعہ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی جاتی ہے۔مقامی افراد اور سیاحوں کے مطالبات کے پیش نظر محکمہ آثار قدیمہ نے یکم ستمبر سے سندھودرگ قلعہ کا مرکزی دروازہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قلعہ کے مرکزی دروازے کے ساتھ پشتوں کی مرمت اور قلعہ تزئین کاری  کا بھی آغاز ہوچکا ہے ۔
 واضح رہے کہ موسم باراں میں قلعہ بند کر دیا جاتا ہے اوراس دوران مسافر کشتیوں کی آمدورفت بھی بند کر دی جاتی ہے ۔  قلعہ کی مرمت اور تزئین    سے جلد ہی قلعہ میںتبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔ یاد رہےکہ ہر سال لاکھوں سیاح سندھو درگ قلعہ کا رخ کرتے ہیں۔
 سندھودرگ قلعہ پرواسی ہوڑی ٹرانسپورٹ اسوسی ایشن کے صدر منگیش ساونت نے بتایا کہ ’’قلعہ تک پہنچنے کیلئے مالون کے مرکزی جیٹی سے ایک بڑی کشتی میں بیٹھ کر سفر کرنا پڑتا ہے۔ سیاحوں کی آمد سے مقامی ا فراد کیلئے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ اس کے پیش نظرتاجر بھی پر امید ہیں اور تیاریوں میں مصروف ہوگئے ۔‘‘ مگنیش ساونت کا مزید کہناتھا کہ’’   خطہ کوکن میں فی الحال بارش کا زور کم ہوگیاہے اورسمندر کافی پرسکون ہے، اسلئے یکم ستمبر سے مہاراشٹر میری ٹائم بورڈ کی اجازت سے قلعہ تک مسافر کشتیوں کی آمدورفت مناسب طریقے سے شروع کی جائے گی۔ ہم فورٹ کے مسافروں اور سیاحوں کو محفوظ خدمات فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔‘‘محکمۂ آثار قدیمہ کے افسر ویبھو ہتکر نے بتایا کہ’’ سندھو درگ قلعہ کی تزئین و آرائش کی تجویز محکمہ آثار قدیمہ کے پاس آئی تھی جس کے مطابق قلعہ کے مرکزی دروازے، گرے ہوئے پشتے اور اس کے فٹ پاتھ، وغیرہ کی بنیادی طور پر مرمت کی جائے گی۔ پشتوںپر موجود جھاڑ جھنکاڑ کو صاف کرنے کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔‘‘
 انہوں نے کہا ،’’ سندھودرگ قلعہ کو ایک نیا عظیم الشان دروازہ ملے گا۔قلعہ کا مرکزی دروازہ خستہ ہو چکا ہے اس دروازہ کی جگہ نیا دروازہ نصب کر دیا جائے گا۔نئے دروازے کو پرانے دروازے کے  طر زہی  پربنایا جائے گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK