نہر میں گرنے والے گنیش گیتے کی لاش برآمد، بیوی اور بچوں کی جان بچ گئی ، مہلوک کمانڈو وزیراعظم کے سیکوریٹی دستہ میں تھا، چھٹی لیکر اپنے گاؤں آیا تھا
EPAPER
Updated: March 11, 2023, 9:36 AM IST
نہر میں گرنے والے گنیش گیتے کی لاش برآمد، بیوی اور بچوں کی جان بچ گئی ، مہلوک کمانڈو وزیراعظم کے سیکوریٹی دستہ میں تھا، چھٹی لیکر اپنے گاؤں آیا تھا
یہاں کے چونڈی شیور میں موٹر سائیکل سے نہر میں گرکر لاپتہ ہونے والے ایس پی جی کمانڈو کی لاش برآمد کرلی گئی ہے۔ مقامی افراد اور بچاؤ دستہ کی ٹیم نے کئی گھنٹے تک تلاشی مہم چلائی اور بالآخر لاش ڈھونڈنے میں کامیاب رہے۔ تفصیلات کے مطابق مہلوک کا نام گنیش گیتے ہے۔ وہ ایس پی جی کمانڈو تھا اور وزیراعظم کے سیکوریٹی دستے کا حصہ تھا۔ گیتے چھٹیاں منانے کیلئے اپنے گاؤں آیا ہوا تھا۔ یہ حادثہ جمعرات کی شام ۶؍ بجے کے قریب پیش آیا۔ گیتے اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ شرڈی سے بذریعہ موٹر سائیکل لوٹ رہا تھا۔ چونڈی شیور کے پاس گیتے کی موٹر سائیکل اچانک گوداوری کی دائیں نہر میں جاگری۔ انہیں نہر میں گرتے دیکھ مقامی افراد مدد کو دوڑے۔ گیتے کی اہلیہ او ربچوں کو ڈوبنے سے بچالیا گیامگر گیتے کا کوئی پتہ نہیں چل سکا تھا۔ حادثے کی اطلاع پولیس کو دی گئی جس کے بعد این ڈی آرایف کا بچاؤ دستہ جائے حادثہ پر پہنچا۔
حادثہ کی اطلاع ملنے پر ضلع کے نگراں وزیر دادا بھوسے بھی جائے حادثہ پہنچے ۔ مقامی افراد نے ان کا گھیراؤ کیا اوربتایا کہ اگر گزشتہ رات کو ہی پانی بند کردیا گیا ہوتا اس طرح کا حادثہ نہیں ہوتا۔جمعہ کی سہ پہر گنیش گیتے کی لاش ڈھونڈلی گئی ۔ ’اے بی پی ماجھا‘ کی رپورٹ کے مطابق گنیش گیتے ۲۴؍ فروری سے چھٹی پر تھا۔ جمعرات کو گنیش اپنی بیوی روپالی ، بیٹی کستوری اور بیٹے ابھیراج کو موٹر سائیکل پر بٹھاکر شرڈی لے گیا تھا۔ واپسی میں میںمینڈھی براہمن واڑے روڈپر چونڈی شیور کے نزدیک ناندور مادھمیشور ڈیم کو جانے والی داہنی نہرکے بالکل قریب گیتے کی موٹر سائیکل بے قابو ہوئی اور نہر میں جاگری۔