Inquilab Logo

سیسودیا کے ریمانڈ میں توسیع، پی اے طلب، اہل خانہ کو بنگلہ خالی کرنے کا حکم

Updated: March 18, 2023, 1:04 PM IST | Mumbai

عام آدمی پارٹی کے لیڈر کو جلد راحت کی امید نہیں،اہل خانہ کو سرکاری بنگلہ ۵؍ دن میں خالی کردینے کی ہدایت، آتشی مرلینا کو الاٹ کردیا گیا

Manish Sisodia during his court appearance on Friday
منیش سیسودیا جمعہ کو عدالت میں حاضری کے وقت

 دہلی کے سابق نائب وزیراعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر منیش سیسودیا کو جلد راحت ملنے کی امید معدوم ہوتی جارہی ہے۔ ایک طرف جہاں  ای ڈی کی درخواست پر عدالت نے ان کے ریمانڈ میں ۵؍ دنوں کی توسیع کردی ہے وہیں تفتیشی ایجنسی نے ان کے پی اے دیویندر شرما کو بھی پوچھ تاچھ کیلئے طلب کرلیا ہے۔ اُدھر سیسودیا کے اہل خانہ کیلئے بھی پریشانیاں کھڑی ہوگئی ہیں کیوںکہ  انہیں  ۵؍ دنوں کے اندر اندر سرکاری بنگلہ خالی کرنے کا حکم دیا گیاہے۔اس بنگلے کو پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ نے نومنتخب وزیر  آتشی مرلینا کو الاٹ کردیاہے۔ 
 دہلی کی  خصوصی عدالت نے سیسودیا کے ریمانڈ میں ۲۲؍ مارچ تک  توسیع کر دی ہے۔ راؤز ایونیو میں ایم کے ناگپال کی خصوصی عدالت نے متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد  سیسودیا کی تحویل میں توسیع کا حکم دیا۔  سیسودیا کو ای ڈی نے۹؍ مارچ کو جیل میں ہی گرفتار کیا تھا اور۱۰؍ مارچ کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ ای ڈی نے سیسودیا کی حراست میں مزید ۷؍دنوں کی  توسیع کی درخواست کی تھی، لیکن عدالت نے ۵؍ دن کا ہی اضافہ کیا ہے۔ 
 اس کے ساتھ ای ڈی نے سیسودیا کے پی اے دیویندر شرما کو سنیچر کی صبح ۱۰؍ بجے تفتیش کاروں کے سامنےپیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ امکان ہے کہ انہیں اور سیسودیا کو آمنے سامنے بٹھا کر پوچھ تاچھ کی جائے گی۔ اُدھر پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ نے سیسودیا کے اہل خانہ کو سرکاری بنگلہ خالی کرنے کانوٹس دیتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ بنگلہ نئی ریاستی وزیر کو الاٹ کر دیا گیاہے۔ عام آدمی پارٹی کے لیدڑوں کا الزام ہے کہ  سیسودیا کو حراساں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK