ممبئی میں ۲۴؍ گھنٹوں میں پھر ۱۰۰؍ ملی میٹر سے زیادہ بارش لیکن جمعہ کو دن بھر بارش کا زور کم رہا ۔محکمۂ موسمیات کی موسلادھار بارش کی پیش گوئی
EPAPER
Updated: July 29, 2023, 11:19 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
ممبئی میں ۲۴؍ گھنٹوں میں پھر ۱۰۰؍ ملی میٹر سے زیادہ بارش لیکن جمعہ کو دن بھر بارش کا زور کم رہا ۔محکمۂ موسمیات کی موسلادھار بارش کی پیش گوئی
موسلا دھار بارش سے ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں میں صرف ایک دن میں ۶؍ فیصد کا اضافہ ہوا اور سطح آب ۶۸؍فیصد پہنچ گئی۔ اس کے علاوہ جمعرات کو شب ۱۰؍ بجکر ۵۲؍ منٹ پر موڈک ساگر جھیل بھی چھلکنے لگی ۔ اس طرح موسلادھار بارش سے اب تک ۷؍ میں سے ۴؍ جھیلیں چھلک چکی ہیں۔یاد رہے کہ ممبئی کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والی ۷؍ جھیلوں میں سے تلسی، وہار، تانسا اور موڈک ساگر ۱۰۰؍ فیصد بھر چکی ہیں۔ ممبئی کو سب سے زیادہ پانی بھاتسا جھیل سے مہیا کیا جاتا ہے ، فی الوقت اس میں ۵۹ء۲۲؍ فیصد پانی ذخیرہ ہوچکا ہے جبکہ سب سے بڑی جھیل اَپر ویترنا میں ۴۲ء۷۸؍ فیصد پانی جمع ہے اور مڈل ویترنا میں سطح آب ۷۹ء۷۰؍ فیصد پہنچ چکی ہے۔ مجموعی طور پر ان ساتوں جھیلوں میں ۶۸ء۰۶؍ فیصد پانی ذخیرہ ہوچکا ہے۔
۲۴؍ گھنٹوں میں۱۰۰؍ملی میٹر سے زیادہ بارش
قلابہ اور سانتا کروز دونوں مقامات پر گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران ایک بار پھر ۱۰۰؍ ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات سے جمعہ کی صبح ۸؍ بج کر ۳۰؍ منٹ کے درمیان ۲۴؍ گھنٹوں میں قلابہ میں ۱۱۶؍ ملی میٹر اور سانتاکروز میں ۱۱۹؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ ممبئی اور خاص طور پر جنوبی ممبئی میں ۱۰۰؍ ملی میٹر بارش ہونا عام بات نہیں ہے لیکن گزشتہ چند روز سے قلابہ اور سانتاکروز میں واقع محکمہ موسمیات کی مشاہدہ گاہ میں ۱۰۰؍ ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی جارہی ہے۔
جمعہ کو شہر و مضافات میں بارش کا زور کچھ کم ہوا لیکن محکمہ موسمیات نے آئندہ ۲۴؍ گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔جمعہ کو صبح ۸؍ بجکر ۳۰؍ منٹ سے شام ۵؍ بج کر ۳۰؍ منٹ کے درمیان قلابہ میں محض ۶ء۸؍ ملی میٹر اور سانتاکروز میں ۱۹ء۴؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اسی وقفہ کے دوران مشرقی مضافات میں ۹۴ء۷۹؍ ملی میٹر اور مغربی مضافات میں ۱۲۹ء۱۲؍ ملی میٹر بارش ہوئی۔
حادثات
شہر و مضافات میں درخت اور شاخیں گرنے کے ۲۱؍ واقعات ہوئے۔ دیوار یا عمارت کے حصہ گرنے کے ۱۲؍ حادثات ہوئے۔ شارٹ سرکٹ کی ۲۱؍ شکایتیں موصول ہوئیں اور چٹان کھسکنے کے ۲؍ واقعات پیش آئے۔
ٹریفک جام
زبردست بارش سےمختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور گڑھے پڑنے سے ٹریفک کا نظام متاثر ہے۔
پریل، سائن، جی ٹی بی نگر اور دھاراوی میں جمعہ کو بھی تیز بارش کے سبب سڑکوں پر کہیں کم کہیں زیادہ پانی بھر گیا تھا۔
ممبئی-احمدآباد ہائی وے پر سڑک پر گڑھوں اور پانی بھرنے کی وجہ سے ٹریفک جام ہونے سے تھانے اور ممبئی آنے والی گاڑیوں کو چنچوٹی-بھیونڈی کے راستے پر موڑ دیا گیا جس کی وجہ سے ممبئی-ناسک ہائی وے پر بھی ٹریفک جام ہوگیا ۔
تھانے میں بارش
ضلع تھانے میں جمعرات سے جمعہ کی صبح ساڑھے ۸؍ بجے تک گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران ۱۶۶ء۳۱؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اس دوران تھانے کے علاقے میں آگ لگنے کے ۲؍واقعات ہوئے اور ۱۱؍ مقامات پر سڑکوں پر پانی بھرنے کی شکایتیں موصول ہوئیں۔ ایک جگہ کمپائونڈ کی حفاظتی دیوار گرنے کا حادثہ بھی پیش آیا۔