اسمرتی مندھانا نے مشہور خاتون کرکٹر متھالی راج کو پیچھے چھوڑتے ہوئے جمعہ کو بین الاقوامی کرکٹ میں تیز ترین ۴؍ ہزاررن مکمل کرنے والی ہندوستانی خاتون بن کر تاریخ رقم کردی ۔
EPAPER
Updated: January 11, 2025, 7:53 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
اسمرتی مندھانا نے مشہور خاتون کرکٹر متھالی راج کو پیچھے چھوڑتے ہوئے جمعہ کو بین الاقوامی کرکٹ میں تیز ترین ۴؍ ہزاررن مکمل کرنے والی ہندوستانی خاتون بن کر تاریخ رقم کردی ۔
اسمرتی مندھانا نے مشہور خاتون کرکٹر متھالی راج کو پیچھے چھوڑتے ہوئے جمعہ کو بین الاقوامی کرکٹ میں تیز ترین ۴؍ ہزاررن مکمل کرنے والی ہندوستانی خاتون بن کر تاریخ رقم کردی ۔ مندھانا نے راج کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ سنگ میل صرف ۹۵؍اننگز میں حاصل کر لیا،، جنہوں نے یہ مقام ۱۱۲؍ اننگزکھیل کر حاصل کیا تھا۔ اپنے خوبصورت اسٹروک کھیل اور تمام فارمیٹس میں مہارت حاصل کرنے کی صلاحیت کیلئےمشہور، مندھانا مسلسل ہندوستان کی بیٹنگ لائن اپ کا سنگ بنیاد رہی ہیں۔شدید دباؤ کے حالات میں ان کی موافقت اور ہم آہنگی نےعالمی سطح پر ہندوستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیاہے۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستانی خواتین ٹیم کا آئر لینڈ کیخلاف سیریز میں شاندار آغاز
اس کامیابی نے مندھانا کو تیز ترین ۴؍ ہزاررن مکمل کرنے والی بین الاقوامی خواتین کرکٹر کی فہرست میں تیسرے مقام پر پہنچا دیاہے۔ اس فہرست میں اول مقام آسٹریلیا کی بیلنڈا کلارک کا ہے جنہوں نے یہ کارنامہ ۸۶؍اننگز میں انجام دیا، اس کے بعد میگ لیننگ نے ۸۹؍ اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ مندھانا نے سوراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں تین ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے کے پہلے میچ میں آئرلینڈ کے خلاف ہندوستان کی چھ وکٹ سے فتح کے دوران اس تاریخی مقام کو حاصل کرلیا۔ ۲۳۹؍رنوں کا تعاقب کرتے ہوئے، ہندوستان نے ۳۴؍ اور تین گیندوں میں ۹۳؍ گیندیں باقی رہتے، اور محض ۴؍ وکٹ کے نقصان پر بآسانی یہ ہدف حاصل کر لیا۔
اس میچ میں پرتیکا راول (۸۹؍) اور تیجل حسابنس( ۵۳؍ ناٹ آؤٹ) کے درمیان ۱۱۶؍رنوں کی اہم شراکت نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔اس سے قبل آئر لینڈ نے سات وکٹ کے نقصان پر ۲۳۸؍ رن بنائے تھے۔ اس فتح کے بعد ہندوستان نے سیریز میں غلبہ حاصل کر لیا ہے۔