• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہماچل میں برف باری، مشکلات میں اضافہ، سڑکیں بند

Updated: December 29, 2024, 9:26 AM IST | Shimla

کئی مقامات پر قومی شاہراہیںبرف سے ڈھکی ہوئی ہیں،سفر کرنا خطرناک ہوگیا ہے ۔ کئی مقامات پر بجلی کے کھمبے ٹوٹنے سے بجلی کی سپلائی معطل ہے

Vehicles are stranded on the road during snowfall in Manali. (PTI)
منالی میں بر ف باری کے دوران سڑک پر گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ ( پی ٹی آئی)

 ہماچل پردیش کے پہاڑی علاقوں میں مسلسل برف باری اور میدانی علاقوں میں موسلادھار بارش نے سردی کی شدت کو بڑھا دیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برف باری سے جہاں ایک طرف کسانوں اور باغبانوں کو راحت ملی ہے وہیں دوسری طرف معمولات زندگی پر اس کا گہرا اثر پڑا ہے۔ سڑکوںپر برف جمع ہونے سے سفر کرنا خطرناک ہو گیا ہے۔ کئی مقامات پر گاڑیوں کے پھسلنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔شملہ ضلع کے بالائی علاقوں میں مسلسل برف باری جاری ہے۔ نرکنڈہ، کفری، چوپال اور جبل میں سنیچر کی صبح سے بھی برف پڑ رہی ہے۔ نرکنڈہ میں شملہ-رام پور قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت جاری ہے لیکن یہاں سفر خطرناک ہو گیا ہے۔ چوپال سب ڈویژن میں چوپال-شملہ روڈ  اور دیگر سڑکوں پر برف جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑ رہا ہے۔
انتظامیہ نے برف ہٹانے کیلئے مشینری نصب کر دی ہے لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے کام متاثر ہو رہا ہے۔ ضلع انتظامیہ کے مطابق شملہ ضلع میں برف باری کے باعث۲۳؍ لنک روڈ،۵۱؍ ٹرانسفارمر اور۲۶؍ واٹر اسکیمیں بند ہیں۔
دوسری جانب لاہول اسپتی میں گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں سے شدید برف باری ہو رہی ہے جس کی وجہ سے زندگی مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے۔ ضلع میں خبر لکھے جانے تک ڈیڑھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ رابطے کے راستے بند  ہیںاور ٹریفک میں خلل پڑا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں کی صفائی کا کام کیا جا رہا ہے لیکن خراب موسم کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔ سنیچر کو کنور ضلع میں بھی آدھے سے دو فٹ برف باری ہوئی ۔ قومی شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں برف سے ڈھکی ہوئی ہیں۔ کئی مقامات پر بجلی کے کھمبے ٹوٹنے سے بجلی کی سپلائی معطل ہے۔
سیاحتی شہر منالی کے بالائی علاقوں میں مسلسل برف باری ہورہی ہے۔ سولنگ نالا کے نزدیک گاڑی پھسل کر سڑک سے گر گئی لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔سنیچر کو سولنگ نالا  کے قریب برف باری کے سبب۲؍ ہزار کے قریب گاڑیاں پھنس گئیں جن میں ۴؍ ہزار کے قریب سیاح پھنس گئے تھے ، انہیں نکالا گیا ۔ دریں اثناء انتظامیہ نے اٹل ٹنل کو بند کر دیا  اور گاڑیوں کو صرف نہرو کنڈ تک جانے کی اجازت دی ۔
چمبہ ضلع کے قبائلی علاقوں پنگی اور بھرمور میں بھی برف باری جاری ہے۔ سنیچرکو خبر لکھے جانے تک پنگی ہیڈ کوارٹر کلار میں ۸؍ انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ سرمور ضلع کی سب سے اونچی چوٹی چودھرار میں اس سیزن کی تیسری برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔ منڈی ضلع کے نچلے علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری ہو رہی ہے۔ کانگڑا ضلع میں دو دن سے بارش اور دھولادھار پہاڑیوں میں تازہ برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس برفباری سے کسانوں اور باغبانوں کو راحت ملی ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ برف باری سے زمین میں نمی بڑھے گی اور فصلوں کو فائدہ ہوگا۔ باغبانوں کیلئے یہ برف باری سیب کی فصل کیلئے نعمت ثابت ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست میں برف باری اور بارش   سے متعلق اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ ریاست کے ۵؍ شہروں میں درجہ حرارت صفر سے نیچے پہنچ گیا ہے۔ منالی میں کم از کم درجہ حرارت۰ء۲؍ ڈگری سیلسیس اور شملہ میں۱ء۲؍ ڈگری سیلسیس رہا۔
محکمہ موسمیات نے۳۰؍ اور۳۱؍ دسمبر کو موسم صاف رہنے کی پیش گوئی کی ہے  لیکن یکم سے۳؍ جنوری تک دوبارہ بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK