Inquilab Logo

گیارہویں جماعت میں داخلے کیلئے دوسرے مرحلے کے تعلق سے انتظامیہ کی جانب سے اب تک کوئی ہدایت نہیں

Updated: June 24, 2022, 9:07 AM IST | saadat khan | Mumbai

گیارہویں جماعت (ایف وائی جے سی )میں داخلے سےمتعلق دوسرے پارٹ اوردیگر کارروائی کے بارےمیں معلومات فراہم نہ کئے جانے سے طلبہ اوروالدین میں بے چینی پائی جارہی ہے

Students pass board exam but have not yet got admission in college (File)
طلبہ نے بورڈ امتحان پاس کرلیا لیکن کالج میں داخلہ ابھی نصیب نہیں ہوا( فائل)

)گیارہویں جماعت (ایف وائی جے سی )میں داخلے سےمتعلق دوسرے پارٹ اوردیگر کارروائی کے بارےمیں معلومات فراہم نہ کئے جانے سے طلبہ اوروالدین میں بے چینی پائی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ داخلے کے پہلے مرحلے میں تقریباً ایک لاکھ ۸۲؍ہزار طلبہ فرسٹ پارٹ کا فارم پُرکرکے رجسٹریشن کی کارروائی مکمل کرچکےہیںلیکن داخلے کےاگلے مرحلے کےبارے میںابھی تک کسی طرح کی ہدایت نہیںجاری کی گئی ہے۔ اس لئے طلبہ اور سرپرستوںمیں تذبذب ہے۔
 دوسری طرف یہ کہاجارہاہےکہ نجی بورڈ کے ایس ایس سی کےنتائج ابھی جاری نہیں کئے گئے ہیں اس لئے دوسرے پارٹ کے فارم پُر کرنے کاآغاز نہیں کیاگیاہے۔یاد رہےکہ ایف وائی جے سی میںداخلے کے سیکنڈپارٹ کا فارم پُرکرنےکیلئے طلبہ کو اسکول  کی جانب سے کتابچہ فراہم کیا جاتاہے جس میں اس کا یوزر آئی ڈی اورپاس ورڈ وغیرہ ہوتاہے  جس کی مدد سے طلبہ سیکنڈپارٹ کا فارم پُرکرتےہیں۔
  لیکن ابھی تک اسکول کی طرف سے طلبہ کو اس طرح کا کوئی کتابچہ نہیں دیاگیاہے جس کی وجہ سے طلبہ اور ان کے سرپرست فکر مند ہیںکہ سیکنڈپارٹ کی کارروائی کب سے شروع ہوگی؟ طلبہ اور سرپرستوںکی طرف سے مذکورہ کتابچہ جلدازجلد فراہم کئے جانےکا مطالبہ  بھی کیاجارہاہے۔ مذکورہ کتابچہ میں کالجوںکےسابقہ کٹ آف کی تفصیلات بھی درج ہوتی ہیں۔ لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ چند سال سے یہ تفصیلات ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کی ویب سائٹ پر دی جارہی تھی لیکن امسال ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کی ویب سائٹ پربھی اس طرح کی معلومات نہیں فراہم کی گئی ہے۔
 ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کواپنی ویب سائٹ پرمذکورہ معلومات وقت پر دینی چاہئے تاکہ طلبہ کالجوں کے سابقہ کٹ آف کا مطالعہ کرکےپارٹ سیکنڈ کافارم پُرکرنےکی تیاری کرسکیں۔ خیال رہےکہ امسال ایف وائی جے سی میں داخلے کی کارروائی کا آغاز مشقی فارم پُرکرنے سے کیاگیاتھا۔ جبکہ فرسٹ پارٹ کےفارم پُرکرنےکی شروعات ۳۰؍مئی کو کی گئی تھی جس کے تحت اب تک تقریباً ایک لاکھ ۸۲؍ہزار طلبہ رجسٹریشن کی کارروائی مکمل کرچکےہیں۔یہ طلبہ اب سیکنڈپارٹ کا فارم پُرکرناچاہتےہیں۔
 مہاراشٹرکالج کےپرنسپل سراج الدین چوگلے نےبتایاکہ ’’ابھی تک ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ایف وائی جے سی داخلےکے سیکنڈپارٹ کے تعلق سے کسی طرح کا شیڈول نہیں آیاہے جس کی وجہ سے داخلے کی کارروائی آگے نہیں بڑھ سکی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ’’  ہم شیڈول کا انتظارکررہےہیں۔‘‘  ادھر مدنپورہ ،سانکلی اسٹریٹ کےدسویں جماعت میں کامیاب ہونےوالے طالب علم علی ندیم نے کا کہنا ہےکہ ’’ ایف وائی جے سی میں داخلے کی کارروائی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکاہے۔ مگر سیکنڈپارٹ کی کارروئی سے متعلق واضح معلومات نہ ملنے سے میں کنفیوژڈ ہوں۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ’’ کچھ اخباروںمیں خبر آئی تھی کہ دوسرے پارٹ کی کارروائی کاآغاز ۲۲؍جون سے ہوگا۔ ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کی متعلقہ ویب سائٹ پر ۲۲؍ جون کومتعدد مرتبہ کوشش کے باوجود سیکنڈپارٹ کے بارےمیں کسی طرح کی اطلاع نہیں مل سکی جس کی وجہ سے مایوسی ہوئی۔‘‘  
 اس تعلق سے انقلاب نے ایجوکیشن ڈائریکٹر مہیش پالکر سے رابطہ کیا تو انہوں نےبتایاکہ ’’ سیکنڈپارٹ کافارم پُرکرنےکی تاریخ کااعلان جلد ہی کیاجائے گا۔فی الحال اسٹیٹ بورڈ کے طلبہ کے ڈیٹاپر کام جاری ہے ۔‘‘ مطلب یہ کہ طلبہ کو ابھی کچھ دن اور انتظار کرنا پڑے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK