• Tue, 19 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سوشلسٹ لیڈر پرتاپ ہوگاڑے چل بسے

Updated: November 19, 2024, 11:50 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

مالیگاؤں ، اِچل کرنجی اور بھیونڈی کی پاورلوم صنعت میں نمایاں شناخت رکھنے والے پرتاپ راؤ ہوگاڑے(۷۴) پیر( ۱۸؍ نومبر) کی صبح چل بسے۔ آج صبح ۱۰؍ بجے اُن کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

Pratap Hogade Photo: INN
پرتاپ ہوگاڑے۔ تصویر : آئی این این

مالیگاؤں ، اِچل کرنجی اور بھیونڈی کی پاورلوم صنعت میں نمایاں شناخت رکھنے والے پرتاپ راؤ ہوگاڑے(۷۴) پیر( ۱۸؍ نومبر) کی صبح چل بسے۔ آج صبح ۱۰؍ بجے اُن کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ پسماندگان میں اہلیہ، دو بیٹیاں اور ایک بھائی شامل ہیں۔ آخری رسومات کی ادائیگی میں ۲۴؍ گھنٹے تاخیر کی وجہ یہ بتائی گئی کہ ہوگاڑے کی ایک بیٹی دہلی سے قریب گڑگاؤں میں سکونت رکھتی ہے اُس کے پہنچنے میں وقت درکار ہوگا۔ 
  اِچل کرنجی سے تفصیلات بیان کرتے ہوئے جہانگیر بھائی نے بتایا کہ ہوگاڑے ہشاش بشاش تھے۔ ۱۶؍ نومبر کو انہوں نے مالیگاؤں کا دورہ کیا۔ وہ صنعتی اورغیر صنعتی شخصیات سے ملاقات کرکے لَوٹ رہے تھے کہ انہیں سانس لینے میں تکلیف ہونے لگی۔ انہوں نے اِچل کرنجی پہنچ کر ڈاکٹروں کو بتایا۔ گزشتہ روز معمول کے مطابق صبح سویرے بیدار ہوئے۔ بیت الخلا میں داخل ہوئے تھے کہ انہیں ہارٹ اٹیک آیا اور جائے وقوع پر ہی سانسیں اُکھڑ گئیں ۔ پرتاپ راؤ کا اصل وطن اِچل کرنجی تھا۔ مالیگاؤں اور بھیونڈی کے پاورلوم مراکز سے بھی اُن کا گہرا تعلق تھا۔ سیاسی زندگی کی شروعات جئے پرکاش نرائن کی اِندرا مخالف تحریک ( ۱۹۷۵ ء ) سے کی۔ چار دہائیوں تک جنتادل سیکولر سے منسلک رہے۔ ان کی موت پر سیاسی اور سماجی حلقوں نے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ 
  محمد مستقیم ( سیکریٹری سماج وادی پارٹی ریاستی یونٹ ) نے کہا کہ ہوگاڑے صاحب نے ایک سال قبل سماج وادی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ مہاراشٹر حکومت کی وزارت برائے برقی توانائی کی پالیسیوں اور اقدامات پر اُن کی نگاہ رہتی ۔ ریاستی حکومت کی پارچہ بافی مخالف سرگرمیوں کے خلاف سینہ سپر رہا کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ہوگاڑے صاحب طویل عرصے تک مالیگاؤں کے سوشلسٹ لیڈر نہال احمد ( مرحوم ) کی رہنمائی میں کام کرتے رہے۔ ہوگاڑے کے چلے جانے سے مالیگاؤں میں صنعتی شخصیات الحاج عبدالعزیز مقادم، ایڈوکیٹ مومن مجیب احمد، یوسف الیاس، عمیر انصاری، نہال دانے والا، عبدالمالک سیٹھ بکرا والا، عبدالرشید حاجی احمد، شفیق رانا اشرفی نے گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK