راہل گاندھی نے پربھنی پہنچ کر پولیس حراست میںہلاک ہونے والے سومناتھ کے اہل خانہ سے ملاقات کی، کانگریس لیڈر نے اس موت کو قتل قرار دیا، فرنویس پر تنقید۔
EPAPER
Updated: December 24, 2024, 4:24 PM IST | ZA Khan | Parbhani
راہل گاندھی نے پربھنی پہنچ کر پولیس حراست میںہلاک ہونے والے سومناتھ کے اہل خانہ سے ملاقات کی، کانگریس لیڈر نے اس موت کو قتل قرار دیا، فرنویس پر تنقید۔
کانگریس کے سینئر لیڈر اہل گاندھی پیر کے روز پربھنی پہنچے جہاں انہوں نے پولیس حراست میں ہلاک ہونے والے سومناتھ سوریہ ونشی کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد راہل گاندھی نے میڈیا سے گفتگو کی ۔ اس دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ سومناتھ کی حراستی موت نہیں ہوئی بلکہ ان کا قتل ہوا ہے۔ اس کیلئے انہوں نے دیویندرفرنویس اور آر ایس ایس کے نظریات کو ذمہ دار ٹھہرایا۔
راہل گاندھی پیرکو دہلی سے ایک خصوصی طیارے کے ذریعے ناندیڑ ایئر پورٹ پہنچے۔ یہاں سے ان کا قافلہ بذریعہ پربھنی روانہ ہوا۔ راہل گاندھی کے اس دورہ کا مقصد پربھنی میں پیش آئے حالیہ پرتشدد واقعات اور پولیس حراست میں سومناتھ سوریہ ونشی کی ہلاکت کے معاملے میں تمام پہلوؤں کی معلومات حاصل کرنا تھا۔ اس کیلئے راہل گاندھی نے سومناتھ سوریہ ونشی کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان سے اظہار یکجہتی کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے تشدد کے دوران پولیس کے لاٹھی چارج میں زخمی ہونے والے افراد اور کامبنگ آپریشن کے دوران ظلم کا شکار بنے لوگوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے تفصیلات معلوم کیں۔ اس موقع پر ان کے ساتھ مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے اورپارٹی کے سینئر لیڈر وجے وڈیٹیوار بھی موجود ہے۔
راہل گاندھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پربھنی کے حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ’’سومناتھ کے اہل خانہ نے مجھے اس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ دکھائی ہے۔ کچھ تصویریں اور ویڈیو بھی دکھائے ہیں۔ سوریہ ونشی کی موت قدرتی نہیں تھی بلکہ حراست میں پولیس کے ہاتھوں ان کا قتل ہوا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’سومناتھ کی موت کے تعلق سے معلومات فراہم کرتے وقت وزیراعلیٰ دیویندر رفرنویس نے اسمبلی میں جھوٹ کہا۔ سومناتھ کو صرف اس لئے قتل کیا گیا کہ وہ دلت تھا۔ وہ ملک کے آئین کے تحفظ کیلئے آواز اٹھا رہا تھا۔ ‘‘ راہول گاندھی نے اس قتل کیلئے وزیراعلیٰ کو بھی برابر کا ذمہ دار قرار دیا جو راہل کے مطابق اس معاملے کی پردہ پوشی کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی راہل گاندھی نے سومنات کی موت کیلئے آر ایس ایس کی نفرت انگیز سوچ کو بھی ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس پورے معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ کروائی جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔ راہل گاندھی نے اس معاملے میں حکومت کی جانب سے سیاست کرنے کے الزامات کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ یہ معاملہ انسانی حقوق اور انصاف کا ہے، جس پر سیاست کرنا مناسب نہیں۔ یاد رہے کہ حال ہی میں آئین کے نسخے کی توہین کے بعد پربھنی میں ہوئے احتجاج کے دوران پولیس نے سومناتھ سوریہ ونشی کو گرفتار کیا تھا اگلے دن اس کی پولیس حراست میں موت ہو گئی تھی۔ الزام ہے کہ پولیس کے تشدد کی وجہ سے سومناتھ کی موت ہوئی ہے جبکہ پولیس نے اس کی تردید کی ہے۔