افتتاحی تقریب میں پارٹی صدر ملکارجن کھرگے ، راہل گاندھی ، پرینکا گاندھی اور دیگر لیڈران موجود تھے ، کھرگے نے خطاب میں کئی اہم موضوعات پر گفتگو کی
EPAPER
Updated: January 15, 2025, 10:36 PM IST | New Delhi
افتتاحی تقریب میں پارٹی صدر ملکارجن کھرگے ، راہل گاندھی ، پرینکا گاندھی اور دیگر لیڈران موجود تھے ، کھرگے نے خطاب میں کئی اہم موضوعات پر گفتگو کی
کانگریس پارلیمانی پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی نے بدھ کو پارٹی کے نئے صدر دفتر کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں پارٹی کے اہم لیڈران بشمول کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈرراہل گاندھی اور دیگر ۴۰۰؍ سے زائد لیڈران موجود تھے۔اس موقع پر سونیا گاندھی اورملکارجن کھرگے نے مشترکہ طور پر فیتہ کاٹ کر نئے دفتر کا افتتاح کیا اس کے بعد انہوں نے راہل گاندھی کے ہمراہ شمع روشن کی۔ پارٹی کا یہ نیا دفتر ’اندرا گاندھی بھون‘ کے نام سے جانا جائے گا اور یہ ۹؍ اے، کوٹلا روڈ، نئی دہلی میں واقع ہے۔
واضح رہے کہ کانگریس کا نیا دفتر بی جے پی کے مرکزی دفتر سے صرف ۵۰۰؍ میٹر کی دوری پر ہے۔ اس دفتر کی بنیاد۲۰۰۹ء میں ڈاکٹر منموہن سنگھ اور سونیا گاندھی نے رکھی تھی اور اب ۱۵؍ سال بعد یہ مکمل ہو کر تیار ہو چکا ہے۔افتتاحی تقریب میں کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کے اراکین، سابق مرکزی وزرا، سابق وزرائے اعلیٰ، اور دیگر سینئر لیڈران موجود تھے۔
کانگریس کے مطابق نیا دفتر پارٹی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس میں انتظامی، تنظیمی اور اسٹریٹجک سرگرمیوں کو سپورٹ کرنے کے لئے جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے دفتر کے ڈیزائن، رنگ و روغن، تصویریں اور فرنیچر کے انتخاب میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ابتدا میں انتظامی دفاتر، اکاؤنٹنگ اور دیگر شعبے نئے دفتر میں منتقل ہو چکے ہیں۔