Updated: December 29, 2024, 1:01 PM IST
| Seoul
جنوبی کوریا کے موآن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتوار کو ایک مسافر طیارہ رن وے سے اُتر کر حفاظتی دیوار سے جا ٹکرایا جس کے نتیجے میں ۱۲۰؍ سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایئرپورٹ کے حکام کا اندازہ ہے کہ حادثہ پرندوں کے ٹکرانے کی وجہ سے لینڈنگ گیئر میں خرابی کے سبب ہوا ہے۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ طیارے کو پہچاننا مشکل ہے۔ تصویر: آئی این این۔
جنوبی کوریا کے موآن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتوار کو ایک مسافر طیارہ رن وے سے اُتر کر حفاظتی دیوار سے جا ٹکرایا جس کے نتیجے میں کم از کم۱۲۰؍ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے جنوبی کوریا کی فائر ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ جنوبی کوریا کے جنوب مغربی شہر موآن میں ایک مسافر طیارے کو لینڈنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں ۱۲۰؍ افراد جاں بحق ہوگئے۔ جنوبی کوریا کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب جیجو ایئر کی پرواز سی۲۲۱۶۷؍ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے۱۷۵؍ مسافروں اور عملے کے چھ ارکان کو لے کر مقامی وقت کے مطابق صبح ۹؍بجے ملک کے جنوب میں واقع ایئرپورٹ پر لینڈ کر رہی تھی۔ وزارت نے تقریباً تین دہائیوں میں جنوبی کوریا کی ایئر لائن کے سب سے تباہ کُن فضائی حادثے میں ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
موآن فائر چیف لی جنگ ہیون نے بریفنگ میں بتایا کہ عملے کے دو ارکان، ایک مرد اور ایک خاتون کو جلتے ہوئے طیارے کے ٹیل سیکشن سے بچا لیا گیا ہے۔ طیارے کو پہچاننا تقریباً ناممکن ہے۔ مقامی پبلک ہیلتھ سینٹر کے سربراہ نے بتایا کہ عملے کے دو افراد کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ایک اور فائر اہلکار نے روئٹرز کو بتایا کہ کم از کم۵۸؍ لاشیں نکال لی گئی ہیں لیکن یہ تعداد حتمی نہیں ہے۔ اس سے قبل حادثے کے بعد ایئرپورٹ کے ایک اہلکار نے بتایا تھا کہ حکام طیارے کے ٹیل سیکشن (پچھلے حصّے) میں لوگوں کو بچانے کیلئے کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
مقامی میڈیا کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں جڑواں انجن والے طیارے کو رن وے سے پھسلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد ممکنہ طور پر لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث وہ حفاظتی باڑ سے ٹکرا کر آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ جاتا ہے۔ دیگر تصاویر میں طیارے کے کچھ حصّوں میں آگ اور دھواں دیکھا جا سکتا ہے۔ موآن فائر چیف لی جنگ ہیون کا کہنا ہے کہ تفتیش کار پرندوں کے حملے اور موسمی حالات کو ممکنہ عوامل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ جنوبی کوریا کی نیوز ایجنسی یونہاپ نے ایئرپورٹ کے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پرندوں کے ٹکرانے کی وجہ سے لینڈنگ گیئر میں خرابی پیدا ہو سکتی ہے۔
’نیوزون‘ ایجنسی کی خبر کے مطابق ایک مسافر نے اپنے ایک رشتہ دار کو یہ بتانے کیلئے ٹیکسٹ میسیج بھیجا کہ ایک پرندہ ونگ میں پھنس گیا ہے۔ اس شخص کا آخری پیغام تھا کہ’ ’کیا میں اپنے آخری الفاظ کہوں ؟‘‘یاد رہے کہ وزارت نقل و حمل کے اعداد و شمار کے مطابق یہ حادثہ۱۹۹۷ء میں گوام میں کورین ایئر کے حادثے کے بعد سے کسی بھی جنوبی کورین ایئر لائن کو پیش آنے والا بدترین حادثہ ہے۔ امریکی جزیرے گوام میں کورین ایئر کے حادثے میں ۲۰۰؍ سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔