Inquilab Logo

شہر کے اسکولوں میں یوم آزادی کا شاندار جشن ، طلبہ میں غیر معمولی جوش

Updated: August 16, 2022, 9:02 AM IST | saadat khan | Mumbai

رنگارنگ تقاریب کا انعقاد، ثقافتی پروگرام، تقریری مقابلے، سبق آموز ڈرامے، ترنگا ریلیاں ۔ ڈرائنگ اور آرٹ کے ذریعے حب الوطنی کا اظہار۔ طلبہ نے پرجوش نعرے لگائے۔ اساتذہ نے بھی پروگراموں کے انعقاد اور اسکولوں کی سجاوٹ میں کوئی کسر نہیںچھوڑی۔ پہلی بار تعطیل کے دن ٹیچرس نے پورا دن ڈیوٹی دی تاکہ آزادی کی ۷۵؍ ویں سالگرہ کو اس کے شایان شان منایا جا سکے

Students performing National Anthem at Maulana Azad School premises
مولانا آزاد اسکول کے احاطے میں طلبہ قومی ترانہ پیش کرتے ہوئے

ملک یوم آزادی کا جشن یوں بھی ہر سال مخصوص ہوتا ہے لیکن اس سال وطن عزیر کو آزادی حاصل کئے ہوئے ۷۵؍ سال مکمل ہو گئے ہیں۔ اس لئے اس کی خوشیاں دوبالاہو گئی ہیں۔ ان خوشیوں کو شہرومضافات میں سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کی جانب سے منعقد کی جانے ولی تقریبات کے علاوہ اسکولوں میں بھی دیکھا گیا۔ 
 ملک کا ۷۶؍ واں یوم آزادی  امرت مہوتسو کے طور پر منایا گیا۔ لہٰذا اس موقع پر پرپیرکو شہر ومضافات کے اسکولوںمیں رنگا رنگ تقریبات کا انعقادکیاگیا۔اسکول انتظامیہ ، ہیڈماسٹر ،اساتذہ، طلبہ اور سرپرستوںنے اسکولوں میں ہونےوالے ثقافتی پرگراموں  پورے جوش وخروش کے ساتھ حصہ لیا۔ ڈرامے، ڈرائنگ ، تقریریں ، اسکولوں میں سبھی کچھ ہوا۔ اس کے علاوہ  بینر ،پوسٹر، آرٹ اور رنگولی وغیرہ کے مقابلے بھی منعقد ہوئے جس میں طلبہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ طلبہ نے قومی ترانہ اور گیت بھی پیش کئے۔ ان پروگراموں کےعلاوہ کئی اسکولوں کی جانب سے ریلیاںبھی نکالی گئیں۔ کچھ اسکولوںمیں طلبہ نےثقافتی پروگرام اور پرچم کشائی کےعلاوہ یوگاکرکے آزادی کا امرت مہوتسو منایا۔ پہلی مرتبہ اسکولوں میں پرچم کشائی کےساتھ دیگر اضافی پروگراموں کے منعقدکئے جانے سے اساتذہ کوپورے دن کی ڈیوٹی پر مامور کیاگیاتھا۔
 کمو جعفر اسکول تاریخی واقعات سے مزین
  شہر کی قدیم ترین اسکولوں میں سے ایک کموّ جعفر سلیمان گرلز ہائی اسکول اینڈجونیئر کالج کامبیکر اسٹریٹ میں یومِ آزادی کا جشن انتہائی تزک واحتشام سے منایا گیا۔ آزادی کے امرت مہوتسوکی مناسبت سے ایک ہفتہ قبل ہی اسکول کی عمارت کو آزادی کے تاریخی واقعات اورمجاہدین آزادی کی تصاویر سے مزین کیاگیاتھا۔پیر کو پرچم کشائی کے ساتھ اسکول میں تقریری اور حب الوطنی پر مبنی گیتوں کے مقابلے کا پروگرام منعقد کیاگیا۔پرنسپل نیلوفر کاسو نے مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بچوں نے بھی اپنے طور سے تقریریں پیش کیں اور گیت گائے۔ 
 میگھراج شیٹی اسکول میں پرچم کشائی
  میگھراج شیٹی مارگ اسکول بائیکلہ میں آزادی کی ۷۵؍ واں سالگرہ پر پرچم کشائی کی رسم   ادا کی گئی ۔  شاہ مختار احمد سر سپرنٹنڈنٹ سیکنڈری اسکول اور ایڈمنسٹریٹیو آفیسر ( ای وارڈ) کیلاش آریہ نےادا کی۔ بعدازیں طلبہ نے شہر میں ریلی نکالی ۔ اس موقعے پر بچوں نے پرجوش انداز میں نعرے لگائے۔  علاوہ ازیں اسکول میں متعدد ثقافتی پروگرام منعقدکئے گئے ۔ 
 پٹھان واڑی اسکول : طلبہ رہنمائوں کے روپ میں
 پٹھان واڑی اُردواسکول ، ملاڈ میںبھی یوم ِ آزادی کی تقریب کےموقع پر پرچم کشائی کے ساتھ مختلف ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔  خاص طور پر اوّل جماعت کے طلبہ کو مہاتماگاندھی، چاچا نہرو، ڈاکٹر امبیڈکر، بھگت سنگھ کے روپ میں پیش کیا گیا۔ ان میں ایک لڑکی کو ’بھارت ماتا‘ کی شبیہ میں بھی پیش کیا گیا۔ ان لیڈران کی حب الوطنی اور ملک کیلئے دی جانے والی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کی غرض سے    جب معصوم طلبہ نے ان کا روپ اختیار کیا تو وہاں موجود  لوگوں نے نہ صرف بچوں کی حوصلہ افزائی کی بلکہ جذباتی انداز میں  اپنے قومی رہنمائوں کو یاد کیا۔
 عمر رجب اسکول میںمختلف ثقافتی پروگرام  
 مدنپورہ کی محمد عمررجب اسکول کے طلبہ نے بھی پرچم کشائی میں  بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔اس کےساتھ ہی اسکول میں متعدد قسم کے ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے۔ ساتھ ہی طلبہ نے حب الوطنی پر مبنی گیت گائے۔ بعد ازیں ریلی ایک بڑی سی  نکالی گئی جس میں بچوں نے خوب جوش وخروش دکھایا ۔ اسکول سپرنٹنڈنٹ ( ممبئی ) نثار خان نے یہاں ہونےوالے پروگرام میں حصہ لیا۔ ساتھ ہی پتھر والی اسکول میں ان کے ہاتھوں پرچم کشائی کی رسم  بھی ادا کی گئی۔ یاد رہے کہ عمر رجب اسکول کا شمار بھی ممبئی کی قدیم اسکولوں میں ہوتا ہے۔ 
 مولانا آزاد اسکول  میں   بھی جشن
 سانتاکروز میں واقع مولانا آزاد اسکول میں بھی آزادی کا جشن زور وشور سے منایا گیا۔  یہاں طلبہ نے پرچم کشائی اور قومی ترانے کے بعد اپنی اپنی تقاریر میں مجاہدین آذادی کو یاد کیا ۔  نیز اپنے ملک کی آزادی کو ہمیشہ قائم رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ 
اساتذہ نے دن بھر ڈیوٹی دی
  مضافات میں واقع سنجے نگر میونسپل اُردو اسکول گوونڈی کے طلبہ نے بھی یوم آزادی کے موقع پر مختلف قسم کے پروگرام پیش کئے۔  اسکول کے  معلم اور مہانگر پالیکا شکشک سبھا کے جوائنٹ سیکریٹری عابد شیخ نے بتایا کہ ’’ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی ہدایت پر شہر ومضافا ت کےتمام اسکولوںمیں یوم آزادی کی تقریبات کا گرمجوشی سے انعقاد کیاگیا۔ پہلی مرتبہ ایسا بھی ہواکہ اساتذہ نے یوم آزادی پر صبح ۸؍بجے تا شام ساڑھے ۵؍بجے تک ڈیوٹی دی تاکہ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے جن پروگرام کو منعقد کرنے کی ہدایت دی تھی ، ان سب پروگراموں کو خوش اسلوبی سے کیاجاسکے۔‘‘گوونڈی کے وی کےانگلش اسکول نےجشن ِ یوم آزادی کی تقریب کا یہاں کے شہنائی ہال میں انعقاد کیاتھا۔ اس موقع پرطلبہ نے ثقافتی پروگرا م کے ساتھ نشہ کی لت سے دور رہنے کا نکڑناٹک کے ذریعے پیغام دیا۔ ساتھ ہی پلوامہ میں شہیدہونےوالوںکو خراج عقیدت پیش کیا۔
 یاد رہے کہ شہر کے بیشتر اسکولوں میں آزادی کے امرت مہوتسو کی مناسبت تیاریاں کافی پہلے سے شروع کر دی گئی تھیں۔ اس میں انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ نے پورے جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK