• Wed, 08 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایس ایس سی سائنس کے ایک سوال کے۲؍مختلف جوابات سےمتعلق طلبہ میں بے چینی

Updated: March 22, 2024, 5:30 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

اساتذہ حلقہ کے رکن اسمبلی کپل پاٹل نے وزیرتعلیم اور مہاراشٹر بورڈ کوخط لکھ کرطلبہ کواس سوال کے پورے نمبر دینے کا مطالبہ کیا۔

Students giving exams. Photo: INN
طلبہ امتحان دیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

ریاست بھر میں ایس ایس سی کےجاری امتحانات کےدوران ۱۸؍مارچ کوسائنس پارٹ -ون کے پرچہ کے سوال نمبر ایک (ب) میں سب سےچھوٹے ایٹم(ذرہ) کانام لکھیں ، اس سوال کےجواب سےمتعلق ابہام پائے جانے سےطلبہ اوروالدین میں تشویش پائی جارہی ہے۔ اسی لئے تعلیمی تنظیموں نے بھی ا س سوال کے دونوں جوابات کیلئے پورے نمبرات دینے کامطالبہ کیاہے۔ 
اساتذہ حلقہ کےرکن اسمبلی کپل پاٹل نے اس ضمن میں وزیرتعلیم دیپک کیسرکر اور مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ کے سیکریٹری کو خط لکھا ہے۔ مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین شرد گوساوی نے اس تعلق سےکہاہےکہ چیف ماڈریٹر سے مشورہ پر طلبہ کو اس سوال کیلئے نمبر دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کیاجائے گا۔ 
واضح رہےکہ کپل پاٹل نے ریاستی بورڈکو جوخط روانہ کیاہے، اس میں مذکورہ سوال کا سائنسی طور پر درست جواب `ہائیڈروجن بتایا گیا ہے لیکن کچھ اسکولوں میں اس کا جواب `ہیلیم ہے اور کچھ اسکولوں میں صحیح جواب `ہائیڈروجن بتایا گیا ہےجس کی وجہ سے تذبذب کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔ اس سوال کے جواب کے حوالے سے اس ابہام کے پیش نظر فی الحال دونوں جوابات کو مکمل نمبر دینا مناسب ہوگا۔ اگلی بار بہتر جواب کیلئے مناسب تصحیح کی جا سکتی ہے۔ فی الحال طلبہ کے نمبر کیوں کم کریں ؟ طلبہ کیلئے ایک ایک نمبر بہت اہم ہوتاہے۔ طلبہ سال بھر محنت کرنے کے بعد اچھے نمبروں سے پاس ہونا چاہتے ہیں۔ اس لئے اس حوالے سے فوری طورپر فیصلہ کیا جائے۔ اس سے طلبہ اور والدین کے ذہنی تناؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ 
مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین شرد گوساوی کےمطابق ’’کپل پاٹل کی طرف سے بھیجے گئے خط کو متعلقہ مضمون کے چیف ناظم کو بھیج دیا گیا ہے۔ نمبر دینے کے بارے میں مزید فیصلہ بورڈ کی طرف سے ناظم سے موصول ہونے والی ہدایات کے مطابق کیا جائے گا نیزایگزام بورڈ کو بھی اس بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK