امتحانات کے دو ران نظم وضبط کیلئے ایک لاکھ ۸۰؍ہزار عملہ تعینات ۔ طلبہ اور والدین سے افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل۔
EPAPER
Updated: February 21, 2025, 10:51 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
امتحانات کے دو ران نظم وضبط کیلئے ایک لاکھ ۸۰؍ہزار عملہ تعینات ۔ طلبہ اور والدین سے افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل۔
ایس ایس سی امتحان کاآج (جمعہ ) سے آغازہورہاہے۔ ممبئی سمیت ریاست کے دیگر ۹؍ ڈیژن سے۱۶؍ لاکھ ۱۱؍ہزار ۶۱۰؍ طلبہ امتحان میں شریک ہوں گے جن میں ۸؍لاکھ ۶۴؍ہزار ۱۲۰؍طلباءاور ۷؍لاکھ ۴۷؍ ہزار ۴۷۱؍ طالبات ہیں۔ ممبئی ڈویژن کے ۱۱؍حساس سینٹروں پر سیکوریٹی کےسخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ اسٹیٹ بورڈ کےچیئرمین نے طلبہ سے بلاخوف اور افواہوں پر توجہ نہ دیتے ہوئے امتحان میں شریک ہونے کی اپیل کی ۔ نقل سے پاک امتحان کیلئے بارہویں کی طرح دسویں کے امتحان میں بھی ان ہی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنےکا اعلان کیا گیا ہے۔
ایس ایس سی امتحان ۱۷؍مارچ تک جاری رہےگا۔ جمعہ کو اردو، ہندی، مراٹھی ، گجراتی، کنڑاور ملیالم وغیرہ کے پرچےہوں گے۔ جو طلبہ کسی وجہ سے زبانی یا پریکٹیکل امتحان نہیں دے سکیں ، وہ ۱۸؍مارچ تا۲۰؍مارچ کے درمیان زبانی یا پریکٹیکل امتحان میں حصہ لے سکتےہیں۔
ممبئی ڈویژن سے سب سے زیادہ ۳؍ لاکھ ۶۰؍ہزار ۳۱۷؍ طلبہ امتحان میں شریک ہوں گے۔ اس کے بعد پونے ڈویژن کے ۲؍لاکھ ۷۵؍ ہزار ۴؍طلبہ ہیں۔ امسال کوکن خطہ سے سب سے کم ۲۷؍ہزار ۳۹۸؍ طلبہ شرکت کریں گے۔ کاپی فری مہم کے تحت نقل (نقل سے پاک امتحانات) کرنے والے طلبہ کے خلاف ناقابل ضمانت مقدمات درج کئے جائیں گے۔
ایس ایس سی امتحانات سےمتعلق بورڈ کے چیئرمین شردگوساوی کی جانب سے منعقد ہ پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایاکہ ’’ بورڈامتحانات نظم و ضبط کے ساتھ منعقد کرانےکیلئے ایک لاکھ ۸۰؍ ہزار عملے کو تعینات کیا گیا ہے۔ نقل سے پاک امتحانات کو یقینی بنانےکیلئے ضروری احتیاطی تدابیر پر عمل کرنےکےعلاوہ حساس سینٹروں پر پولیس کے اضافی عملے اور ڈرون سےنگرانی کی جائے گی۔ طلبہ اور والدین افواہوں کی جانب توجہ نہ دیں۔ طلبہ اپنے امتحان پرتوجہ دیں اورپرچہ شروع ہونے سے آدھا گھنٹہ قبل سینٹر پر پہنچ جائیں۔ سوالیہ پرچہ کا اطمینان سے مطالعہ کرنے کےبعد اسے حل کریں۔ ‘‘
دسویں کے امتحان سےمتعلق چنداہم اور ضروری باتیں
۱)امتحان گاہ جاتےوقت تمام ضروری اشیاء مثلاً پین، پنسل، اسکیل، ربر، جیومیٹری باکس اورکارڈ بورڈ وغیرہ
ساتھ لے جائیں۔
۲) گھر سے نکلنے سے پہلے اچھی طرح ناشتہ کرلیں، ٹھنڈے پانی کی بوتل ضرور ساتھ میں رکھیں۔
۳)امتحان گاہ پہنچ کر اپنے سیٹ نمبر کو دیکھ کر اپنے امتحانی کمرے میں جائیں اور اطمینان سے بیٹھ جائیں۔
۴)آپ کی میز کے آس پاس اگر کسی قسم کے کاغذات دکھائی دیں تو انہیں اُٹھاکر کوڑے دان میں ڈال دیں۔
۵) جوابی پرچہ ملنے پر اس پر اپناسیٹ نمبر اور دیگر مطلوبہ تفصیلات توجہ سے پُرکریں اور اُوپر کی جانب حاشیہ کھینچ دیں۔
۶) سوالیہ پرچہ پر بھی اپنا سیٹ نمبر درج کریں۔
۷) امتحان میں سوالیہ پرچہ مقررہ وقت پر ہی دیاجائے گا، اس بات کا خیال رکھیں۔
۸) جوابی پرچہ کے حل کیلئے بورڈ کی جانب سے ۱۰؍منٹ زیادہ دیئے جائیں گے۔
۹) جوابی پرچہ پر رف کام کیلئے آخرکے صفحہ کااستعمال کریں۔
۱۰)امتحان گاہ میں پرچہ کے دوران کسی سے کوئی بات چیت یالین دین نہ کریں۔
۱۱) سوالات کو ترتیب وار حل کریں ۔
۱۲) نئے سوال کو نئے صفحہ سے حل کرنا شروع کریں۔
۱۳) ہر ضمنی سوال کے جواب میں کم ازکم ۲؍سطروں کافاصلہ رکھیں۔
۱۴) اگرکوئی ضرو ری سوال حل نہ ہو، یا جواب یاد نہ آئے تواس کیلئے جگہ چھوڑ کر آگے بڑھ جائیں یاآخر میں سوال کانمبر درج کرکے اسے حل کریں۔
۱۵) کوئی بھی ضروری سوال ہرگز نہ چھوڑیں، کچھ نہ کچھ جواب ضرورلکھیں۔
۱۶) کثیر متبادل سوالات ایک ہی مرحلہ میں حل کرنےکی کوشش کریں۔
۱۷) جوابی پرچہ کو خراب نہ کریں اور نہ ہی کوئی غیر ضرو ری نشانات لگائیں۔
۱۸) اپنے سیٹ نمبر کے لحاظ سے بارکوڈ نمبر کو دیکھتےہوئے حاضری شیٹ پر دستخط کریں۔