اس اقدام کے خلاف سماجوادی پارٹی کا احتجاج، جنرل اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے کہا رابطہ وزیر کے زبانی حکم کی تعمیل کی گئی۔
EPAPER
Updated: September 23, 2024, 1:49 PM IST | Inquilab News Network | Malegaon
اس اقدام کے خلاف سماجوادی پارٹی کا احتجاج، جنرل اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے کہا رابطہ وزیر کے زبانی حکم کی تعمیل کی گئی۔
مالیگاؤں کے رکن اسمبلی اور ضلع ناسک کے نگراں وزیر دادا بھسے (شیوسینا، شندے ) کے زبانی احکامات کی تعمیل اِس طرح کی گئی کہ مالیگاؤں سینٹرل میں جاری ’جنرل اسپتال ‘ کے دو شعبے (۱) زچگی (۲) امراض خواتین و اطفال میں کام کرنے والے پورے عملے کو مالیگاؤں آؤٹر میں چار دنوں قبل شروع ہوئے ’ساوتری بائی پھلے مہیلا و بال کلیان اسپتال ‘ میں منتقل کردیا گیا۔ اِس واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے مقامی عہدے داران و کارکنان نے جنرل اسپتال کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا اوراس نا انصافی کے خلاف چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کے پاس اتوار کودھرنا بنام ’ میرا شہر میرا حق : انصاف کی آواز ‘ کا اہتمام کیا ہے۔
ایل این چوہان ( میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، جنرل اسپتال) نے کہا کہ منتری مہودئے ( دادا بھسے ) کی طرف سے آدیش ملے تھے اِسلئے جنرل اسپتال کے دو شعبے زچگی اور امراض خواتین واطفال میں کام کرنے والے ڈاکٹرس، نرسوں ودیگر طبّی عملے کو ساوتری بائی پھلے اسپتال میں بھیج دیا گیا۔ اُن سے جب استفسار کیا گیا کہ جنرل اسپتال میں ملازمت کیلئے متعین عملے کو کس ضابطے کے تحت دوسرے سرکاری اسپتال منتقل کی کارروائی عمل میں آئی تو ان کا ایک ہی جواب تھا کہ منتری مہودئے نے تونڈی ( زبانی ) آدیش دیا تھا۔ واضح رہے کہ مالیگاؤں آؤٹرحلقہ اسمبلی میں ۱۰۰ / بیڈ کا ایک نیا اسپتال قائم ہوا ہے۔ اس کا افتتاح چار دن پہلے رابطہ وزیر دادا بھسے نے کیا۔ یہ اسپتال صرف امراض اطفال اور خواتین کی زچگی کیلئے مختص ہے۔ اس نئے اسپتال میں ملازمین کی تقرری کی نہ کرتے ہوئے جنرل اسپتال کے طبّی عملے کو بُلوایا گیا ہے۔
اس سلسلے میں محمد مستقیم ( سیکریٹری سماجوادی پارٹی، مالیگاؤں ) نے کہا کہ ریاستی حکومت کی اسکیم میٹرنیٹی چائلڈ ہاسپٹل ( ایم سی ایچ ) کے تحت جنرل اسپتال میں امراض اطفال وخواتین کے ساتھ زچگی کا شعبہ قائم ہوا ہے۔ مالیگاؤں آؤٹر میں بنے نئے اسپتال سے جنرل اسپتال کو کوئی تعلق نہیں ۔ طبّی عملے کو یہاں سے منتقل کرکے وہاں لیجانے کا مطلب میٹرنیٹی چائلڈ ہاسپٹل کی شرائط و ضوابط کی بھی اعلانیہ خلاف ورزی کی گئی ہے۔ مستقیم نے کہا کہ ریاستی وزیر دادا بھسے یک طرفہ کام کررہے ہیں ۔ جنرل اسپتال کا فائدہ مالیگاؤں کے اسّی فیصد مسلم عوام کو نہ ہو، یہی اُن کی کوشش رہی ہے۔ اس کیخلاف سماجوادی پارٹی چھترپتی شیواجی کے پُتلے پر احتجاج درج کروائے گی۔