ریاستی حکومت نے جمعرات کو ممبئی ڈسٹرکٹ سینٹرل کوآپریٹیو بینک (ایم ڈی سی سی )میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور الاؤنس دینے کیلئے کھاتہ کھولنے کی منظوری دے دی۔ واضح رہے کہ بی جے پی لیڈر پروین دریکر ایم ڈی سی سی بینک کے چیئرمین ہیں جسے ’ممبئی بینک‘ بھی کہا جاتا ہے۔
ممبئی بینک کی ایک برانچ۔ تصویر: آئی این این
ریاستی حکومت نے جمعرات کو ممبئی ڈسٹرکٹ سینٹرل کوآپریٹیو بینک (ایم ڈی سی سی )میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور الاؤنس دینے کیلئے کھاتہ کھولنے کی منظوری دے دی۔ واضح رہے کہ بی جے پی لیڈر پروین دریکر ایم ڈی سی سی بینک کے چیئرمین ہیں جسے ’ممبئی بینک‘ بھی کہا جاتا ہے۔ دریکر ریاستی قانون ساز کونسل کے رکن ہیں اور وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے قریبی مانے جاتے ہیں۔ ایک سرکاری ریلیز میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ دیویندرفرنویس کی صدارت میں منعقدہ کابینہ کی میٹنگ میں کیا گیا۔ حکومت نے سرکارکے تحت پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگز (پی ایس یوز) کو اپنے ڈپازٹ کیلئے ایم ڈی سی سی بینک کو استعمال کرنے کی بھی اجازت دی ہے۔ قبل ازیں کابینہ نے کوآپریٹیو سیکٹر کیلئے ٹریننگ سینٹر کی تعمیر کیلئے بینک کو ممبئی میں زمین الاٹ کرنے کی تجویز کو ہری جھنڈی دکھائی تھی۔
جمعرات کو نئے سال میں پہلا کابینی اجلاس ہوا جس کے دوران ای-آفس کی طرز پر’ `ای کابینہ‘ تجویز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اس میں غور کیا گیا ہے کہ کابینہ کے سامنے پیش کی جانے والی تجاویز کے مسودے ٹیبلٹ پر فراہم کئے جائیں تاکہ کاغذ کے استعمال کو روکا جاسکے۔ میٹنگ میں کیا گیا ایک اور فیصلہ یہ تھا کہ ریاست میں انفرااسٹرکچر کے ہرکام کیلئےمنفرد شناختی نمبر مختص کیا جائے تاکہ کام کی تکرار سے بچا جا سکے اور مختلف ایجنسیوں میں تال میل کو آسان بنایاجا سکے۔