• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

مجسمہ معاملہ:اپوزیشن نے ریاستی حکومت کو گھیرا، سوالات قائم، شبہ کا اظہار

Updated: August 31, 2024, 11:38 AM IST | Siraj Shaikh/Agency | Malvan

شیوسینا یوبی ٹی لیڈر سنجے راؤت نے راج کوٹ قلعہ کا دورہ کیا اور کہا کہ’’اتنا کچھ ہوجانے کے بعد بھی ریاستی حکومت ملزمین کی پشت پناہی کررہی ہے‘‘پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ’’مجسمہ گرا یا پھرگرایا گیا؟‘‘

Deputy Chief Minister Ajit Pawar also reached Rajkot Fort on Friday and inspected the accident site. Photo: PTI
نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار بھی جمعہ کو راج کوٹ قلعہ پہنچے اور جائے حادثہ کا جائزہ لیا۔ تصویر:پی ٹی آئی

شیوسینا (یوبی ٹی ) کے ترجمان اور رکن پارلیمان سنجے راؤت نے جمعہ کو مالون کے راج کوٹ قلعہ کا دورہ کرکے جائے حادثہ کا جائزہ لیا۔ یہاں  اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت میں انہوں نے ریاستی حکومت پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے شندے کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سوال قائم کیاکہ’’کیا سرکار معافی مانگ کر معاملے سے چھٹکارا پالے گی؟ مجسمہ بنانے کا کانٹریکٹ کس نے اور کیسے دیا؟ اس معاملے کا ملزم اگر آپٹے بھی نکل آئے تو بڑا ملزم اسے کام دینے والے ہیں جو تھانے میں رہتے ہیں۔‘‘ معلوم ہوکہ وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا تھا کہ ’’چھترپتی شیواجی کامجسمہ گرنے کے معاملے میں ہم شیورائے سےایک نہیں ،ہزار بار معافی مانگنے کیلئے تیار ہیں۔‘‘
 سنجے راؤت نے الزام لگایا کہ ’’اتنا کچھ ہوجانے کے بعد بھی ریاستی حکومت ملزمین کی پشت پناہی کررہی ہے۔ کیونکہ ان کے ان ملزمین کے ساتھ مالی مفادات جڑے  ہوئےہیں۔ اس مجسمہ کا کام اپنے ہی آدمیوں کو دے کر ٹھیکیداروں سے کمیشن لیا گیا ہے۔ مہاراشٹر کے معمار چھترپتی شیواجی مہاراج کو بھی اس حکومت نے نہیں بخشا۔
 ان کے مجسمہ کی تعمیر و تنصیب میں بھی اپنے لوگوں اور اپنے من پسند ٹھیکیداروں کوکام دیا گیا۔‘‘ راؤت نے کہا کہ ’’کہتے ہیں زوردار ہوائیں چلنے سے مجسمہ گرگیا، سوال یہ ہے کہ اس کے آس پاس کے مکانوں اور چیزوں کو کچھ نہیں ہوا۔تو پھر مجسمہ کیوںگرا؟‘‘
 شیوسینا (یوبی ٹی ) لیڈر نے جارحانہ انداز میں کہا کہ’’چھترپتی شیواجی مہاراج کا پتلا گرنے کے بعد ریاست کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اور ان کے معاونین اور افسر اس معاملے میں  جھوٹ بول رہے ہیں، وہ کہہ رہے ہیں کہ مجسمہ تیز ہوا چلنے کے سبب گرگیا۔ سوال یہ ہے کہ وہاں کئی شیڈز ہیں وہ کیوں نہیں گرے، اس دن طوفانی ہواؤں کے سبب درخت بھی نہیں گرے،پھر مجسمہ کیسے گرگیا؟ ‘‘راوت  نے الزام لگایا کہ حکومت اس معاملے میں بحریہ کو قصوروارٹھہرا کر خود کو بچا رہی ہے۔
مجسمہ گرا یا گرایا گیا؟:پرکاش امبیڈکر کا سوال
 مجسمہ معاملے پر امول مٹکری کے بعد اب ونچت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر نے کئی سوالات قائم کئے ہیں۔ انہوں  نے اس معاملے پر شبہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دھات سے بنایا گیا مجسمہ کتنا ہی کمزور کیوں نہ ہو وہ اس طرح نہیں گرتا،آپ ماضی میں بھی دیکھیں، بابا صاحب، مہاتما پھلے اور دیگر عظیم شخصیات کے مجسمے گاؤں گاؤں شہر شہر میں لگائے گئے ہیں، انہیں صرف چبوترہ بناکر لگادیا گیا، لیکن آج تک ان کے گرنے کی کبھی کوئی خبر نہیں آئی ہے، اسلئے میرا سوال ہے کہ مالون میں چھترپتی شیواجی مہاراج کا مجسمہ گرا ہے یا گرایا گیا؟
 اکولہ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں پرکاش امبیڈکرنے ریاستی حکومت سے مجسمہ معاملے کی مکمل تفتیش کرنے اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں نائب وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس عوام سے معافی کیوں نہیں مانگ رہے؟ یہ بھی واضح ہونا چاہئے۔ انہوںنے کہا کہ ریاست میں تیسرے محاذ کے متعلق فیصلہ ۱۰؍ ستمبر کو ہونے والی میٹنگ کے بعد کریں گے۔
وزیراعلیٰ اور نائب وزیراعلیٰ نےمجسمہ حادثے پر معافی مانگی
 مجسمہ معاملے میں مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ’’ یہ معاملہ افسوسناک ہے، اس پر میں ۱۰۰؍بار معافی مانگنے کو تیار ہوں۔ ہم جلد ہی شیواجی مہاراج کا ایک بڑا مجسمہ بنوائیں گے۔ ‘‘ جمعہ کو راج کوٹ قلعے کا جائزہ لینے کیلئے آنے والے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار نے بھی اس معاملے پر معافی مانگی ہے۔ انہوں نےذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ ’’یہ بہت ہی تشویشناک بات ہے ، حادثے کے خاطیوں  کے خلاف سخت کارروائی کی جائےگی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK