نفٹی کی حالت بھی دگرگوں، ٹیریف کے ممکنہ اعلان کے سبب دونوں ہی اسٹاک ایکسچینج میں گراوٹ کا سفر دن بھر جاری رہا، سرمایہ کاروں کے کروڑوں کافور ہوگئے۔
EPAPER
Updated: April 02, 2025, 10:03 AM IST | Mumbai
نفٹی کی حالت بھی دگرگوں، ٹیریف کے ممکنہ اعلان کے سبب دونوں ہی اسٹاک ایکسچینج میں گراوٹ کا سفر دن بھر جاری رہا، سرمایہ کاروں کے کروڑوں کافور ہوگئے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ہندوستان پر ٹیریف عائد کرنے کے ممکنہ اعلان کی وجہ سے منگل کو ہندوستانی شیئر مارکیٹ میں تباہی کا عالم نظر آیا۔ پیر کو عید کی چھٹی کے سبب ہفتہ کے پہلے کاروباری دن یعنی منگل کو شیئر بازار گراوٹ کے ساتھ کھلا۔ اس دوران نفٹی بھی زوال کا شکار ہی رہا۔ شروعاتی کاروبار میں سنسیکس ۶۳۹؍پوائنٹس گر کر ۷۶؍ ہزار ۷۷۵؍ پوائنٹس پر کاروبار کرتا نظر آیا۔ اسی طرح نفٹی بھی ۱۸۰؍ پوائنٹس گراوٹ کے ساتھ ۲۳؍ ہزار ۳۳۹؍ پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ اس کے بعد دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے تک سنسیکس ۱۴۰۸؍ پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ ۷۶؍ ہزار ۲۵؍ کی سطح پر آ گیا۔
دوسری طرف نفٹی ۳۶۱؍پوائنٹس ٹوٹ کر ۲۳؍ ہزار ۱۷۵؍کی سطح پر پہنچ گیا۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹیریف سے متعلق متوقع اعلان کی وجہ سے آئی ٹی شیئرس میں سب سے زیادہ گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ اس وجہ سے منگل کو شروعاتی کاروبار میں ایکویٹی بنچ مارک انڈیکس میں گراوٹ آئی۔ ۳۰؍شیئرس والے بی ایس ای بنچ مارک سنسیکس میں شروعاتی کاروبار میں ہی گراوٹ کی وجہ سے یہ طے ہو گیا تھا کہ منگل کا دن سرمایہ کاروں کے لئے سیاہ دن ثابت ہو سکتا ہے۔ وہی ہوا بھی ۔ جیسے جیسے دن گزرتا گیا مارکیٹ میں کہرام بڑھتا گیا اور شام تک ۱۴؍ سو پوائنٹس کی گراوٹ نے واضح کردیا کہ سرمایہ کاروں کے کروڑوں کافور ہونے والے ہیں۔ انفوسس، ٹی سی ایس ، بجاج فائنانس، ایچ ڈی ایف سی، ایکسس بینک، بجاج فائنانس، ایچ سی ایل اور ماروتی زیادہ گراوٹ میں رہے۔ حالانکہ اس دوران کچھ شیئرس میں فائدہ بھی ہوا جن میںاِنڈس اِنڈ بینک نے تقریباً ۵؍ فیصد کی چھلانگ لگائی۔ پاور گرڈ، بھارتی ایئرٹیل، مہندرا اینڈ مہندرا، اڈانی پورٹس، نیسلے اور این ٹی پی سی بھی فائدے میں رہے ۔اس درمیان ایشیائی بازاروں میں سیول، ٹوکیو، شنگھائی اور ہانگ کانگ مثبت کاروبار کر رہے تھے۔