محکمۂ داخلہ کے سیکریٹری سےمالونی کے دو رکنی وفد کی ملاقات، میمورنڈم دیا ۔گائے کے نام پرمسلمانوں کو پریشان نہ کرنے کا مطالبہ
EPAPER
Updated: December 24, 2024, 11:11 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
محکمۂ داخلہ کے سیکریٹری سےمالونی کے دو رکنی وفد کی ملاقات، میمورنڈم دیا ۔گائے کے نام پرمسلمانوں کو پریشان نہ کرنے کا مطالبہ
گائے چوری کرنے اور ملزم کوچھوڑنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سماجی خدمت گاروں اور کمیونسٹ پارٹی (مالونی یونٹ) کی جانب سے گزشتہ روز آزاد میدان میںاحتجاج کیاگیا اور ’گائے کے نام پرسازش رچنا بندو کرو، مسلمانوں کو نشانہ بنانا بند کرو، گائے کے چوروں سے پولیس سازباز بند کرے‘ وغیرہ نعرے لگائے۔ احتجاج کے وقت پولیس کے ہمراہ ۲؍ رکنی وفد نے محکمۂ داخلہ کے سیکریٹری سے ملاقات کی اوران کو میمورنڈم دیا ۔
یادر ہے کہ مالونی چرچ کے قریب ہنومان مندر کے پاس واقع ایک کمپاؤنڈ سے سماجی خدمت گاراورکانگریس کے رکن ابراہم تھامس نامی شخص کی گائے چوری ہوگئی تھی۔انہوں نے مالونی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آردرج کرائی تھی ۔ اس سے قبل چارکوپ گاؤں سے ۵؍گائیں چوری کی گئی تھیں۔ اس معاملے میں چندریش یادو کوگرفتار کیا گیا تھا مگرپولیس کے نرم رویے کے سبب اس کو ضمانت مل گئی جبکہ اس ملزم کے خلاف گائے چوری کےکئی اورمعاملات ہیں۔
کے آر اشوکن (سی پی آئی، ممبئی کونسل رکن ) نے کہاکہ’’ احتجاج کی ضرورت اس لئے پڑی کہ یہ بتایا جائے کہ آخر گائے کی آڑمیں جو کچھ ہورہا ہے اس کی حقیقت کیا ہے۔گائے کے نام پر ایک خاص طبقے کو نشانہ بنایا جاتا ہے اوریہ سازش پورے ملک میںمسلمانوں کے خلاف رچی جارہی ہے ۔یہاںتوچوری کرنے والا اور جس کی گائے چوری کی گئی دونوں ایک ہی مذہب سے تعلق رکھتے ہیں پھر بھی نام کسی اور کا لیا جاتا ہے۔‘‘ ابراہم تھامس نے کہاکہ ’’دراصل گائے کے نام پر مسلمانوںکے خلاف نفرت پھیلانے کیلئے ایک گروہ مسلسل سازش رچ رہا ہے جبکہ اصل کھیل کوئی اور کھیل رہا ہے لیکن اس کےجرم کوچھپانے کیلئے مسلمانوں کا چہرہ آگے کیا جاتا ہے۔ اس کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے چندریش یادو کا نام لیا اور کہاکہ میری گائے چوری کرنے کے الزام میں چندریش یادو کو پکڑا گیا لیکن اسے سخت سزا دینے کے بجائے کیسے ضمانت مل گئی؟ یہ سب کچھ مالونی پولیس کے نرم کے رویے کے سبب ممکن ہوا ۔‘‘ انہوں نے سوال کیا کہ ’’اگر بالفرض اس کیس میں کسی مسلم کا نا م آجاتا تو کیا پولیس اسی طرح سے نرم رویہ اپناتی اور ایسی دفعہ لگاتی جس سے بآسانی ضمانت مل جائے ۔‘‘ دھرنے میں شامل کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مالونی )کے شاکھا پرمکھ رئیس شیخ نے کہاکہ ’’ محکمۂ داخلہ کے سیکریٹری سے پولیس نے ملاقات کروائی ، انہیں ہم نے میمورنڈم دیا اور زبانی بھی شکایتیں کیں جس پرانہوںنے کہاکہ پولیس کمشنر کویہ میمورنڈم بھیجا جائے گا اور ان سے کہا جائے گا کہ اس تعلق سے سخت ایکشن لیا جائے ۔‘‘
۶؍مطالبات کیا ہیں؟
(۱)گائے چوری کاکیس اگرمالونی پولیس کے ڈٹیکشن افسران حل نہ کرپائیں تو اسے سی آئی ڈی برانچ کے حوالے کیا جائے (۲) شکایت کرنے پربھی پولیس کارروائی نہیںکرتی ،اس مسئلے پرفوری توجہ دی جائے (۳) پاسپور ٹ کی درخواست دینے پروالدین کا پیدائش سرٹیفکیٹ مانگا جاتا ہے ،یہ طریقہ بند کیا جائے (۴) مالونی میںڈرگس مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے (۵) مسروقہ سامان لوٹانے میں پولیس بہت زیادہ پریشان کرتی ہے (۶) دیر رات کسی اہم مسئلے پر ۱۰۰؍نمبرپرشکایت کرنے پرپولیس وقت پرپہنچے