• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آج محرم کے جلوس کے پیش نظر پولیس کا سخت بندوبست

Updated: July 17, 2024, 8:46 AM IST | saeed Ahmed Khan and Shahab Ansari | Mumbai

ٹریفک روٹ میں کئی اہم تبدیلیاںاورشہریوں سے ان پر توجہ دینے کی اپیل ۔مضافات کے مختلف علاقوں میں بھی جلوس اور تعزیہ داری کا اہتمام کیا جائے گا

The scene of the procession taken out from Honda Corner of Byculla on Tuesday in connection with `Shab Shahada`.
بائیکلہ کے ہونڈا کارنر سے منگل کو ’شب شہادت ‘کی مناسبت سے نکالے گئے جلوس کا منظر۔(تصویر،انقلاب )

 عاشورہ کا جلوسِ سابقہ روایات کے مطابق آج بروز بد ھ۴؍بجے برآمد ہوگا۔ اس دوران سخت پولیس بندوبست رکھا گیا ہے اور ٹریفک روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے۔عاشورہ کا جلوس اپنے سابقہ مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے رحمت آباد میںمغرب کی نماز کے بعد شام غریباں کی مجلس پر ختم ہوگا ۔ 
 اس تعلق سے پولیس کمشنر وویک پھنسلکر کی جانب سے حفاظتی انتظامات اورنگرانی کے تعلق سے ماتحت پولیس افسرا ن کوپہلے ہی ہدایت دی جاچکی ہے کہ وہ مقامی سطح پر ذمہ داران سے رابطہ قائم کریں اورمحلہ کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ بھی گفت و شنیدکریںتاکہ جلوس کے دوران بہتر حفاظتی انتظامات کویقینی بنایا جاسکے۔ جلوس کے دوران خاص طور پرپورے راستے زینبیہ امام باڑہ سے مجگاؤں رحمت آباد قبرستان تک پولیس کے جوان بطورخاص پہرہ دیںگے اوراعلیٰ افسرا ن بھی نگرانی کریں گے۔
جلوسِ شب ِ شہادت
 حسب ترتیب منگل کی شام ’شب ِ شہادت ‘ کے عنوان پر ماتمی جلوس نکالا گیا ۔یہ جلوس بائیکلہ سے نکل کر ہونڈا کارنر تک پہنچا، یہاں مغرب کی نمازادا کی گئی اورمجلس ہوئی اس کے بعد شرکائے جلوس آگے بڑھتے ہوئے زینبیہ امام باڑہ پہنچے اورمغل مسجد ہوتے ہوئے امام باڑہ آمین پر رات میں ۱۰؍بجے کے بعد جلوس ختم ہوا ۔ اس میں بڑی تعداد میں عزا دارشامل ہوئے اور انہوں نے شہدائے کربلا کواپنے انداز میں یاد کیا ۔
پولیس نے کارروائی کی 
 نویں محرم کی شام کو نکالے جانے والے ’شب ِ شہادت‘ کے جلوس میںانتظامات کے لئے ٹریفک پولیس کی جانب سے پیر ۱۵؍ جولائی کی شام ۶؍بجے سےمنگل ۱۶؍جولائی کی رات ۱۲؍ بجے تک ڈی کے روڈ ، ای ایس پٹھان والا روڈ ، سنت ساوتا روڈ، سیٹھ موتی شاہ لین ، بلونت سنگھ ڈوڈھی روڈ ، این ایم جوشی روڈ ، گوڈھکے چوک سے چنچپوکلی جنکشن ، ڈمٹمکر روڈ ، باپو راؤ جگتاپ روڈ، جے جے جنکشن سے صفیہ زبیر جنکشن ،کلیئر روڈ ؍ مرزا غالب روڈ ، ڈنکن روڈ ، صفیہ زبیر روڈ ، شیخ حفیظ الدین روڈ ، کھڑا پارسی جنکشن سے بابا ساورکر چوک ، محمد علی روڈ ،سر جے جے روڈ ، مولانا محمدعلی جوہر چوک (بھنڈی بازار)سے ڈاکٹرعلامہ اقبال چوک (سر جے جے جنکشن )، رامچندبھٹ روڈ ، جیل روڈ ، مولانا شوکت علی روڈ وغیرہ کومذکورہ بالا وقت تک ’نوپارکنگ ایریا‘ قرار دیا گیا تھا۔اسی بناء پر ٹریفک پولیس کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے گاڑیاں اٹھائی گئیں۔  
جلوس کیلئے ٹریفک روٹ میں تبدیلی 
 عاشورہ کے جلوس کے دوران دوپہر ۲؍بجے سے جنوبی ممبئی میں جے جے مارگ، سینڈ ھرسٹ روڈ، ڈونگری، بھنڈی بازار، محمد علی روڈ کو ٹریفک کیلئے بند رکھا جائے گا ۔ اس دوران شہریوں کو متبادل راستے مخدوم علی مہائمی ؒ فلائی اوور، پی ڈی میلوروڈ ، سی ایس ایم ٹی پولیس کمشنر آفس اورمیٹرو جنکشن استعمال کرنےکیلئےکہا گیا ہے ۔ اسی طرح دھارا وی ۶۰؍ فٹ روڈ، ۹۰؍ فٹ روڈ، ماہم سائن لنک روڈ، سنت روہیداس مارگ اور دیگر اہم راستوں کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے دوپہر۳؍ بجے سے شب ۱۲؍ بجے تک بند کر کے متبادل راستوں پر موڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹریفک محکمہ کے مطابق سائن ماہم لنک روڈ ،ایل ایس راہیجا جنکشن سے ٹی جنکشن تک بند رکھا جائے گا۔ اس راستے کے متبادل کے طور پر گاڑیوں کو سیناپتی باپٹ مارگ ماہم پھاٹک سے دائیں جانب مڑ کر موری روڈ، ماہم جنکشن اور پھر بائیں جانب مڑ کر ارون کمار ویدیہ مارگ، ماہم کاز وے سے آگے جانا ہوگا۔ ایس ایل راہیجا اسپتال سے سائن اسپتال کی طرف جانے والی گاڑیوں کو بھی یہی راستہ اختیار کرنا ہوگا صرف دائیں کے بجائے بائیں مڑنا ہوگا ۔ 
 سنت کبیر مارگ (۶۰؍ فٹ روڈ) کیمکر جنکشن سے کمبھار واڑہ جنکشن تک بند رہے گا۔اس روڈ پر سائن اسپتال کی طرف جانے والی گاڑیوں کو بھی سینا پتی باپٹ مارگ، ماہم پھاٹک سے دائیں جانب مڑ کر موری روڈ اور آگے دیگر راستوں سے ہوکر گزرنا ہوگا۔ 
 سائن اسپتال سے سنت کبیر (۶۰؍ فٹ روڈ) سے باندرہ اور پھر دادر کی طرف جانے والی گاڑیوں کو کمبھار واڑہ جنکشن سے دائیں جانب مڑ کر ٹی ایچ کٹاریہ مارگ سے آگے بڑھنا ہوگا۔ 
 کے کے کرشنا مینن مارگ (۹۰؍ فٹ روڈ) پر اشوک مل ناکہ جنکشن سے کمبھار واڑہ جنکشن تک کا راستہ بند رکھا جائے گا اور اس راستے سے اشوک مل ناکہ جنکشن سے کے کے کرشنا مینن مارگ کی طرف جانے والی گاڑیوں کیلئے متبادل راستہ سنت روہیداس مارگ، پہلوان نریش مانے چوک کے آگے سائن ریلوے اسٹیشن، پھر سائن روڈ نمبر ۳، وید پاٹھک گوئل چوک (سائن جنکشن) سے بائیں جانب مڑ کر ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مارگ سائن سرکل اور سائن اسپتال جنکشن سے بائیں جانب مڑ کر آگے جاسکتے ہیں۔ان راستوں پر رہنمائی کیلئے ٹریفک پولیس کے اہلکار و افسران موجود ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK