کانگریس اور آرجے ڈی کی نتیش حکومت پر تنقید ۔ بہار کے کئی اضلاع میں طلبہ تنظیموں کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین اور پرشانت کشور کے درمیان تلخ کلامی
EPAPER
Updated: December 30, 2024, 10:38 PM IST | Patna
کانگریس اور آرجے ڈی کی نتیش حکومت پر تنقید ۔ بہار کے کئی اضلاع میں طلبہ تنظیموں کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین اور پرشانت کشور کے درمیان تلخ کلامی
بی پی ایس سی امتحان کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ پر اتوار کی شب پولیس نے شدید ایکشن لیا ۔ یہاں کےگاندھی میدان اور ہوٹل موریہ کے نزدیک گول چکر پر مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے نہ صرف لاٹھی چارج کیا بلکہ پانی کی توپیں بھی چلائیں۔ جس کے خلاف شدید ناراضگی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ کانگریس، راشٹریہ جنتادل سمیت اپوزیشن کی سبھی پارٹیوں نے طلبہ کیخلاف طاقت کا استعمال کرنےکے اقدام پر شدید تنقید کی ۔ کانگریس نے اس معاملے پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت اپنی انا چھوڑے۔ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ’’میں بی پی ایس سی پریلیم کے ری ایگزام کے حق میں مضبوطی سے کھڑا ہوں۔یہ طلبہ کے مستقبل کا سوال ہے۔‘‘
طلبہ اور پرشانت کشور میں بحث کیوں ہوئی؟
اتوار کی شب دیر گئے جن سوراج پارٹی کے بانی پرشانت کشور جب مظاہرین سے ملنے کیلئے آئے تو ’’پرشانت کشور واپس جاؤ‘‘ کے نعرے لگائے گئے۔ مظاہرین کا الزام تھا کہ جب پولیس نے طلبہ پر لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا استعمال کیا تو اس وقت پرشانت غائب تھے۔ ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے پرشانت سے کہا کہ وہ مظاہرہ گاہ سے چلے جائیں۔ اس بات پر پرشانت نے طلبہ سے کہا کہ’’آپ لوگ کمبل ہمیں سے لیتے ہو اور تیور بھی دکھاتے ہو۔‘‘یہ سننا تھا کہ مظاہرین بپھر گئے۔
بی پی ایس سی مظاہرین کی حمایت میں احتجاج
بی پی ایس سی پریلیم امتحان کی منسوخی کے مطالبے کے تحت احتجاج کرنے والے طلبہ کی حمایت میں پیر(۳۰؍دسمبر) امیدواروں کی حمایت میں بہار کے کئی اضلاع میں طلبا تنظیم اور بائیں بازو کی پارٹیوں نے ریل چکہ جام کیا اور دربھنگہ میں ٹرینوں کو روک دیا گیا۔ دربھنگہ میں آئیسا نے دہلی جانے والی بہار سمپرک کرانتی کو روکا تو وہیں آرہ میں بکسر-پٹنہ پیسنجر ٹرین کو روک کر مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت طلبا کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے۔ دوسری طرف آرہ میں سردار پٹیل بس اسٹینڈ کے پاس آرہ-پٹنہ اہم شاہراہ کو بھی جام کر دیا گیا، جس سے گاڑیوں کی آمد و رفت پر کافی اثر پڑا۔ اے آئی ایس اے اور آر وائی اے کے اراکین نے آراہ ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ایک پر۰۳۳۷۶؍ بکسر-پٹنہ پسنجر ٹرین کو روک دیا۔ مظاہرین نے ٹرین کے انجن اور ٹریک پر کھڑے ہوکر بہار حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور مہلوک بی پی ایس سی امیدوار سونو کمار کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا۔ آرہ میں مظاہرین مشتعل ہو گئے۔ پولیس نے انہیں ٹریک سے ہٹانے کی کوشش لیکن لیکن وہ ماننے کو تیار نہیں تھے۔ اس ضمن میں اگیاؤں کے رکن اسمبلی شیو پرکاش رنجن نے کہا کہ طلبہ تنظیموں کے ساتھ جو بدسلوکی کی گئی اور امیدواروں پر لاٹھی چارج کیا گیا ہے وہ ناقابل برداشت ہے۔ اس دوران امتحان منسوخ کرنے سمیت قصورواروں کے خلاف کارروائی کے مطالبہ کے تحت طلبا مسلسل مظاہرہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔آر وائی اے کے ریاستی کے سیکریٹری اور اگیاؤں کے رکن اسمبلی شیو پرکاش رنجن نے کہا کہ بی پی ایس سی کا۷۰؍واں پی ٹی پٹنہ سمیت بہار کے مختلف مراکز پر پیپر لیٖک اور بے ضابطگیوں کے ساتھ مکمل ہوا۔
پرشانت کشور سمیت دیگر کیخلاف کیس درج
پرتشدد احتجاج کے معاملے میں جن سوراج پارٹی کے بانی پرشانت کشور اور ریاستی صدر کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان کے خلاف امیدواروں کو اکسانے، سڑکوں پر لانے اور ہنگامہ کرنے جیسی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پرشانت کشور سمیت ۱۹؍ سے زیادہ افراد کو کلیدی ملزم بنایا گیا ہے۔ ۶۰۰؍ سے زیادہ نامعلوم افراد کوبھی ملزم بنایا گیا ہے کیونکہ انتظامیہ نے گاندھی میدان میں مظاہرے کی اجازت نہیں دی تھی۔
پپو یادو نے پرشانت کشور کو فراڈ کشور کہا
پورنیہ کے رکن پارلیمنٹ راجیش رنجن عرف پپو یادو نے جن سوراج پارٹی کے لیڈر پرشانت کشورکو فراڈ کشور بتایا ہے۔ بی پی ایس سی امیدواروں پر لاٹھی چارج کے خلاف یادو پیر کی شام راج بھون پہنچے، گورنر سے ملاقات کی اور طلباء کی حمایت میں ۶؍ نکاتی مطالبات کے ساتھ ایک میمورنڈم پیش کیا۔ یادو نے کہا کہ گورنر نے ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو بلایا ہے۔ تحقیقات اور کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔