Updated: April 05, 2025, 10:30 AM IST
| Washington
مختلف ممالک نے منسوخی کا مطالبہ کیا۔ چین نے بھی امریکی مصنوعات پر ۳۴؍ فیصدٹیکس عائد کیا۔ کنیڈانے ا مریکی گاڑیوں پر ۲۵؍ فیصد ٹیکس لگایا ۔ یورپی یونین کی بھی جوابی اقدامات کی تیاری ۔ برازیل کی پارلیمنٹ میں ٹیرف کے خلاف قانونی بل منظور ۔ امریکہ وزیرخزانہ نے متنبہ کیا کہ کوئی بھی ملک جوابی کارروائی سے گریز کرے۔
وہائٹ ہاؤس میں صدرڈونالڈ ٹرمپ نئے ٹیرف کے اعلان کے موقع پر تقریر کرتے ہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دنیا کے مختلف ممالک پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کے اعلان پر عالمی سطح پر شدید ردعمل ظاہر کیا جارہا ہے۔ کئی ممالک نے ان اقدامات کو غیر ضروری اور خطرناک قرار دیتے ہوئے اس کی فوری منسوخی کا مطالبہ کیا ہے۔
کنیڈا کے وزیراعظم مارک کارنے نے امریکی ٹیرف کے خلاف جوابی اقدامات کرتے ہوئے امریکی گاڑیوں کی درآمدات پر۲۵؍ فیصد جوابی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا ۔
اطالوی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ یورپی یونین پر امریکی ٹیرف غلط ہیں جبکہ آئرلینڈ نےاس بات پر زور دیا ہےکہ یورپی یونین کو اس کا مناسب جواب دینا چاہئے۔
’’عالمی معیشت کے لئے دھچکا‘‘
یورپی یونین نے امریکی ٹیرف کو ’عالمی معیشت کیلئے دھچکا‘ قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف جوابی اقدامات کی تیاری شروع کر دی ہے جبکہ فرانس نے بھی یورپی اتحادیوں کے ساتھ مل کر مضبوط ردعمل ظاہر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آسٹریلیا نے اسے غیر ضروری قرار دیا ہے۔
ٹرمپ حکومت نے دیگر ترقی پذیر ممالک پر بھی بھاری تجارتی محصولات لگائے گئے ہیں جس سے ان کی معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔
برطانوی وزیر تجارت نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ اقتصادی معاہدے کیلئے پُرعزم ہیں جبکہ برازیل کی پارلیمنٹ نے ٹرمپ ٹیرف کے خلاف قانونی بل منظور کر لیا ہے۔
آئی ایم ایف کا تشویش کا اظہار
آئی ایم ایف کی سربراہ نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ تجارتی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کرے اور ایسے اقدامات سے گریز کرے جو عالمی معیشت کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
امریکی وزیر خزانہ نے دنیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ملک جوابی کارروائی سے گریز کرے کیونکہ اس سے عالمی کشیدگی مزید بڑھے گی۔
واضح رہے کہ امریکہ نے ہندوستان پر۲۶؍ فیصد، پاکستان پر۲۹؍ فیصد، چین پر ۳۴؍فیصد، جاپان پر۲۴؍ فیصد، اسرائیل پر۱۷؍ فیصد اور انگلینڈ پر۱۰؍ فیصد ٹیرف عائد کرنے کا فیصلہ کیاہے۔
چین کا امریکی مصنوعات پرٹیکس عائدکرنے کا اعلان
چین نے۷؍ نایاب معدنیات کی برآمدات پر سخت پابندیاں عائد کردی ہیں۔ بیجنگ سے خبر ایجنسی کے مطابق چینی کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ امریکی چکن کی درآمد پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ چینی وزارت خزانہ کے مطابق امریکی مصنوعات پر۳۴؍ فیصد اضافی ٹیرف۱۰؍ اپریل سے نافذ ہوگا۔ وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ۱۱؍ امریکی کمپنیوں کو’غیر معتبر اداروں ‘ کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔
ٹک ٹاک سے معاہدہ، چین کو ٹیرف میں ریلیف ملنے کا امکان
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور مشہور چینی سوشل میڈیا ایپ ’ٹک ٹاک‘ کے درمیان معاہدہ طے پانے کے قریب ہے جس کے نتیجے میں چین کو ٹیرف میں نرمی مل سکتی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر معاہدہ طے پایا تو چین کو درآمدی محصولات میں ریلیف دی جا سکتی ہے۔ تاہم اس کا انحصار معاہدے کی نوعیت پر ہوگا۔
اطلاع کے مطابق ٹک ٹاک کو امریکہ میں پابندی سے بچنے کیلئے ایک غیر چینی خریدار تلاش کرنے کیلئے ڈیڈ لائن دی گئی ہے جو جلد ختم ہونے والی ہے۔ یاد رہے کہ امریکہ میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی جا چکی ہے اور کئی ریاستوں میں اس ایپ تک رسائی ممکن نہیں رہی ہے۔