افسران کومقامی افراد کی مخالفت کے سبب لوٹنا پڑا۔ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے باوجود زمین کے سروے سے شدید ناراضگی۔
EPAPER
Updated: November 07, 2024, 9:59 AM IST | Mumbai
افسران کومقامی افراد کی مخالفت کے سبب لوٹنا پڑا۔ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے باوجود زمین کے سروے سے شدید ناراضگی۔
دھاراوی ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے تحت بازآبادکاری کیلئے دی جانے والی زمین کا سروے کرنے کے مقصد سے بدھ کو جب انتظامیہ کے افسران ملاڈ مغرب کے اکسا گاؤں پہنچے تو انہیںمقامی افراد کی شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔بڑی تعداد میں لو گ جمع ہو گئے جس کے بعد افسران کو لوٹنا پڑا۔ اکسا گاؤں والے مقامی عوامی نمائندے اسمبلی اسلم شیخ کی قیادت میں پولیس اسٹیشن پہنچے اور ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے باوجود سروے کرنے والوں کےخلاف شکایت درج کرائی۔
اس موقع پراسلم شیخ نے کہا کہ کسی بھی حالت میں مقامی افراد کی زمینیں اڈانی کے ہاتھوں میں جانے نہیں د ی جائیں گی۔ اسلم شیخ گاؤں والوں کے ہمراہ مالونی پولیس اسٹیشن پہنچے اور سروے کیلئے آنے والے سرکاری افسران کے خلاف کیس درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوںنےکہا کہ ریاست میں اسمبلی الیکشن کے پیش نظر ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے باوجود پولیس کے دستے کے ساتھ انتظامیہ کے افسران زمین کا سروے کرنے کیلئے آتے ہیں اور گاؤں والوں پر دباؤ ڈالتے ہیں، یہ کہاں تک صحیح ہے؟ ہماری کولی برادری کی زمینوں پر قبضہ کرنے کی سازش کی جا رہی ہے مگر میں اس سرکاری سازش کو کامیاب ہونے نہیں دوں گا۔ انہوں نے کہاکہ ’’اگر آشیش شیلار کو یہ پروجیکٹ چاہئے تو وہ اسے باندرہ میں لے جائیںمگر میں یہاں کے مکینوں کو برباد نہیں ہونے دوں گا۔ ‘‘
واضح رہے کہ مذکورہ پروجیکٹ کیلئے ممبئی کے مختلف علاقوں میں زمینیں دی گئی ہیں۔