• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

مالونی بریج توڑنے کی ٹریفک محکمے کی تجویزکی شدت سے مخالفت

Updated: January 13, 2025, 12:53 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Malvani

اتھاریٹیزکو انتباہ ۔بریج توڑنےیا بند کرنے سے ٹریفک کا سنگین مسئلہ پیدا ہوگا کیونکہ یہاں سے ہزاروں راہ گیر اور ہزاروں موٹر سائیکل سوار گزرتے ہیں۔ ٹریفک ڈپارٹمنٹ نے ۱۴؍جنوری تک اسے توڑنے کی بی ایم سی سے سفارش کی ہے جبکہ اسسٹنٹ میونسپل کمشنر نےاسے موٹرسائیکلوں کیلئے بندکرنے کی اطلاع دی ہے۔

The bridge of Maloney used by motorcyclists to go to Malad. Picture: Inquilab
مالونی کا وہ بریج جس کا استعمال موٹرسائیکل سوار ملاڈ جانے کےلئے کرتے ہیں۔ تصویر:انقلاب

مالونی اور ایورشائن نگر کے درمیان برسوں قبل کھاڑی پر بنائے گئے بریج کو توڑنے کیلئے گورے گاؤں ٹریفک پولیس کے انچارج جیونت پوارنے’ پی‘ نارتھ وارڈ ملاڈ (مغرب) کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کرن دِگاؤکرکو مکتوب لکھا ہے اورانہیں مشورہ دیا ہے کہ ۱۴؍جنوری تک ہرحال میں بریج توڑ دیا جائے کیونکہ مصروف ترین کانچ پاڑہ سگنل پر زبردست ٹریفک ہوجاتا ہے اور مٹھ چوکی پر تعمیر کردہ نئے بریج کا سِرا لنک روڈ پر اتارنےکے سبب اور پیچیدگی بڑھ جائے گی۔ 
 پوار نے اپنےمکتوب میں یہ بھی لکھا ہے کہ مٹھ چوکی بریج کا کام پورا ہوگیا ہے اور۱۴؍ جنوری سے لنک روڈ کی جانب بھی شہری اس کا استعمال کرسکیں گے۔ اس لئے اس کچے پل کوتوڑ دیا جائے، ورنہ ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوجائے گا اورکئی طرح کے مسائل پیدا ہوجائیں گے۔ 
ہزاروں راہ گیروں، مزدوروں اورموٹر سائیکل سواروں کا راستہ 
  واضح رہے کہ مالونی کا یہ وہ بریج ہے جس سے ہزاروں راہ گیر اور کمپنیوں میں کام کرنے والے مزدورگزرتے ہیں اور ہزاروں موٹرسائیکل سوار اس کا استعمال کرتے ہیں۔ اگر خدانخواستہ اسے توڑا گیا تو مالونی والوں کو ناقابل بیان مسائل کا سامنا کرنا ہوگا اور وہ پہلے سے ٹریفک مسئلے سے پریشان مزید گھِر کر رہ جائیں گے۔ یہاں سے گزرنے والی موٹرسائیکلوں کی کثرت کا اندازہ اس سےکیا جاسکتا ہے کہ بعض اشخاص کے مطابق یومیہ ۵۰؍ ہزار سےزائد موٹرسائیکل سوار اس بریج کا استعمال کرتے ہیں جس سےمٹھ چوکی پر ٹریفک جام سے بچنے میں کسی قدر مدد ملتی ہے۔ 
مینگروز ختم کرنے اورزمین ہتھیانے کی سازش 
 مقامی ذمہ دار اشخاص اوریومیہ اس راستے کا استعمال کرنے والوں نے ٹریفک ڈپارٹمنٹ پرشدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’’دراصل ٹریفک ڈپارٹمنٹ کے ذریعے بریج توڑنے کی سفارش کی آڑ میں زمین مافیا کے سرکاری افسران کی ملی بھگت سے مینگروز ختم کرکے زمین ہتھیانے کی سازش رچی گئی ہے۔ بریج توڑنے یا بند کرنے کا مطلب ہزاروں لوگوں کو برسوں قبل سے مہیا کردہ سہولت سے محروم کرنا ہے، اس لئے یہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ اگر غلطی سے بھی ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا تو مالونی کےعوام کو مزید پریشانی کا سامنا کرنا ہوگا جو پہلے سے ہی ٹریفک جام کی مشکلات سے دوچارہیں۔ ‘‘
بریج توڑنے یا بند کرنے کی غلطی کے خلاف مکتوب اورانتباہ 
  اس کے خلاف محمدجمیل مرچنٹ نے میونسپل کمشنر، ٹرانسپورٹ کمشنر، ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر، سینئرپولیس انسپکٹر ملاڈ ٹریفک ڈویژن، اسسٹنٹ میونسپل کمشنر ’پی ‘نارتھ، چیف انجینئر (بریج )، ڈپٹی چیف انجینئر(بریج) ڈبلیو ایس، اسسٹنٹ انجینئر مینٹیننس’ پی‘ نارتھ اور سینئر انسپکٹر مالونی پولیس اسٹیشن کو مکتوب روانہ کیا ہے اور انتباہ دیا ہےکہ بریج توڑنے یا بند کرنےکی غلطی نہ کی جائے بلکہ اس بریج کومزید بہتربنایا جائے۔ انہوں نے اپنے تفصیلی مکتوب میں بریج نہ توڑنے کی متعدداہم وجوہات بیان کی ہیں جن میں ٹریفک جام سے بچاؤ، ایمرجنسی سروسیز، پبلک سیفٹی وغیرہ شامل ہے۔ اس کے پیش نظر بریج توڑنے کی تجویزفوراً رد کی جائے، بریج کی منظم اسٹرکچرل رپورٹ تیار کر کے اس کی مرمت کرائی جائے اورمتبادل نظم پر بھی غور کیا جائے، اس تعلق سےعوامی میٹنگ بلائی جائے اور اس میں مقامی افراد، تاجروں اور ذمہ داران اشخاص کو شامل کیا جائے۔ اس کے علاوہ ایسا پلان تیار کیاجائے جس سے ٹریفک جام ختم کرنے اور عوام کو اس سے نجات دلائی جاسکے۔ 
 جمیل مرچنٹ نےیہ بھی کہاکہ ’’ برسوں قبل لوہے کا بریج جان بوجھ کرگرادیا گیا تھا۔ اس کےبعد کروڑوں روپے کی لاگت سے دوبارہ کنکریٹ کا بریج بنایا گیا اور اب اسے بھی توڑنے کا شوشہ چھوڑا گیا ہے۔ بریج کےقریب مینگروز کوتہس نہس کردیا گیا اور بریج کی بائیں جانب کا راستہ پہلے ہی بڑی چالاکی سےبند کردیا گیاہے۔ اس لئے اگرہمارے مطالبات پرعمل نہ کیا گیا توجمہوری طریقے سے اس کے خلاف پوری قوت سےآوازبلند کی جائے گی۔ ‘‘
  اسی طرح ونچت بہوجن اگھاڑی کے لیڈراجے روکڑے عرف راوڑی نےبھی انتباہ دیا ہے کہ بریج توڑنےیا بند کرنے کافیصلہ ہرگز قابل قبول نہیں ہے، اگرایسا کرنے کی غلطی کی گئی تو بڑے پیمانے پرعوامی احتجاج کیاجائے گا۔ اس بریج کی وجہ سے موٹر سائیکل سے ملاڈ جانے والوں کو کافی سہولت ہوتی ہے۔ ‘‘
بریج توڑا نہیں جائے گا موٹرسائیکل کی آمدورفت روکی جائے گی 
 اس تعلق سے’ پی‘ نارتھ وارڈ کےاسسٹنٹ میونسپل کمشنر کرن دگاؤکر سے سوال کرنے پر انہوں نے ٹریفک محکمے کے مکتوب کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’’ بریج توڑ ا نہیں جائے گا بلکہ اسے پیدل چلنے والے استعمال کرسکیں گے البتہ موٹرسائیکل سواروں کے گزرنے پرپابندی لگا ئی جائے گی۔ ‘‘ مگرانہوں نے یہ بھی دہرایا کہ ’’ابھی اس پرحتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK