• Sat, 28 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سانگلی کے اسلام پور میں واقع دفتر کیلئے کانگریس اوراین سی پی کے درمیان رسہ کشی

Updated: August 05, 2023, 9:01 AM IST | Sangli

مقامی کانگریس اکائی نے مالکانہ حق کے ثبوت پیش کئے اور احتجاج بھی کیا، شرد پوار نے ملاقات کیلئے مقامی لیڈران کے وفد کو دہلی بلایا

The office for which Congress and NCP are vying for (file photo)
وہ دفتر جس کیلئے کانگریس اور این سی پی میں زور آزمائی جاری ہے(فائل فوٹو)

 این سی پی کے سینئر لیڈر جینت پاٹل کے آبائی ضلع سانگلی میں واقع اسلام پور علاقے میںپارٹی کا ایک دفتر تنازع کا شکار ہو گیا ہے۔  یہ دفتر این سی پی کے قیام یعنی ۱۹۹۹ء سے   پارٹی کے استعمال میں ہے جبکہ کانگریس کا دعویٰ ہے کہ اس دفتر کا مالکانہ حق اس کے پاس ہے۔ این سی پی  غیر قانونی طریقے سے اس دفتر کو استعمال کر رہی ہے۔ اب یہ معاملہ این سی پی سربراہ شرد پوار کی عدالت میں پہنچا ہے۔ 
  یاد رہے کہ سانگلی ضلع کا اسلام پور شہر این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل کا حلقہ انتخاب ہے ،  یہاں تحصیلدار کچہری کے بغل میں موقع کی جگہ پر واقع یہ دفتر پہلے کانگریس کا ہوا کرتا تھا لیکن یہاں شرد پوا ر لابی کا دبدبہ تھا اور وہی اس دفتر کو استعمال کیا کرتے تھے ۔ جب ۱۹۹۹ء میں شرد پوار کانگریس سے علاحدہ ہوئے اور انہوں نے این سی پی قائم کی تو یہ دفتر انہی لوگوں کے قبضے میں رہا لیکن اب اچانک کانگریس کی مقامی اکائی نے اس دفتر کو واپس کرنے کا مطالبہ شروع کیا ہے۔
     سانگلی کے والوا تعلقے کے کانگریس  صدر جتیندر پاٹل، یوتھ کانگریس کے سیکریٹری وجے پوار  ، اور کانگریس  کے ریاستی نائب صدر ( اقلیتی سیل) شاکر تنبولی سنیچرکو ( آج) پارٹی کے ریاستی صدر نانا پٹولے سے ملاقات کریں گے اور  انہیں  اس معاملے میں مداخلت کرنے کی اپیل کریں گے۔ جتیندر پاٹل کا کہنا ہے کہ’’ ہمارے پاس سارے دستاویز موجود ہیں، یہ دفتر کانگریس پارٹی کا ہے لیکن ۱۹۹۹ء میں این سی پی کے قیام کےبعد بھی اسے پوار کی پارٹی کے لوگ ہی استعمال کرتے رہے۔ گزشتہ دنوں نانا پٹولے او بی سی میلے میں یہاں آئے تھے تو ان کی توجہ اس جانب دلائی گئی تھی۔  انہوں نے اس تعلق سے شردپوارسے بات کی ہے۔ اطلاع کے مطابق سانگلی میں کانگریس کی جانب سے پریس کانفرنس منعقد کرکے سارے ثبوت پیش کئے گئے تھے۔
  این سی پی کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا۔ حتیٰ کہ یہ انتباہ بھی دیا گیا کہ این سی پی نے اخلاقی طور پر دفتر کانگریس کے حوالے نہیں کیا  تو اس کے ساتھ اتحاد ختم کر دیا جائے گا۔ یہ باتیں شرد پوار تک پہنچیں تو انہوں نے جتیندر پاٹل کو اپنے وفد کے ساتھ  دہلی آکر ان سے ملاقات کرنے کا  پیغام دیا۔ اب  نانا پٹولے کے ساتھ میٹنگ میں یہ طے کیا جائے گا کہ دہلی کب جانا ہے یا اس تعلق سے کون سا اقدام کرنا ہے۔ 

Sangli Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK