• Sun, 23 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کمرے سے ڈرگس برآمد ہونے پر طالبہ کو ہاسٹل سے نکال دیا گیا

Updated: February 18, 2025, 11:23 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسز کا معاملہ،ایف آئی آر درج ،طالبہ نے منشیات رکھنے کے الزامات کی تردید کی۔

The committee of Tata Institute of Social Sciences has taken action. Photo: INN
ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسزکی کمیٹی نے کارروائی کی ہے۔ تصویر: آئی این این

 ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسز(ٹی آئی ایس ایس) کی ایک طالبہ کو ہاسٹل سے نکال دیا گیا۔ اس کے کمرے سے منشیات برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے ایک نامعلوم شخص کے خلاف نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹنسیز (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔ لڑکی کی روم میٹ کی تحریری شکایت پر ادارے کی بااختیار کمیٹی کی تحقیقات کے بعد یہ کارروائی کی گئی ہے۔ 
 نوبھارت ٹائمس کی ایک رپورٹ کے مطابق۳؍ فروری کو ٹی آئی ایس ایس ممبئی کو دیونار کیمپس کے ایک ہاسٹل میں رہنے والی ایک طالبہ کا خط ملا تھا۔ اس نے اپنے کمرے میں بدبو آنے کی وجہ سے کمرہ بدلنے کی درخواست کی تھی۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ اس کی روم میٹ صاف صفائی کا خیال نہیں رکھتی اور کمرے میں سگریٹ پیتی تھی۔ ایف آئی آر کے مطابق اسی دن ہاسٹل وارڈن اور انسٹی ٹیوٹ کے پروفیسر، سیکشن آفیسر شکایت کنندہ کے ساتھ کمرے کا معائنہ کرنے آئے۔ انہیں لڑکی کے سلنگ بیگ میں سگریٹ کا ایک خالی پیکٹ، رولنگ پیپرز اور گانجے سے بھرا پلاسٹک کا پیکٹ ملا۔ انہوں نے پیکٹ واپس سلنگ بیگ میں ڈالا اور کمرے کو سیل کر دیا۔ 
 اس معاملے میں انسٹی ٹیوٹ نے پھر ایک بااختیار کمیٹی تشکیل دی۔ اس میں طلبہ کے ڈین، فیکلٹی ممبران اور سیکشن افسران شامل تھے۔ اگلے دن طالبہ کو کمیٹی کے سامنے بلایا گیا۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا ہےکہ اس نے الزامات کی تردید کی اور دعویٰ کیا کہ کسی اور نے اسے پھنسانے کیلئےاس کے بیگ میں گانجے کا پیکٹ رکھا تھا۔ انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ ٹرامبے پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دی گئی۔ اسی بنیاد پر۱۳؍ فروری کو ایک نامعلوم شخص کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔ 
 ایک اہلکار نے بتایا کہ ٹی آئی ایس ایس نے کمیٹی کے نتائج کی بنیاد پر طالب علم کو ہاسٹل سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن وہ انسٹی ٹیوٹ میں تعلیم جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں پولیس کی تحقیقات کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔ 
 ٹی آئی ایس ایس کے کیمپس میں ۶؍ ہاسٹل ہیں جن میں سے ۳؍ لڑکیوں کیلئے ہیں۔ اس وقت ان میں ۹۷۵؍طلباء مقیم ہیں۔ اس واقعہ سے ہاسٹل میں رہنے والے باقی طلباء بھی پریشان ہیں۔ سیکوریٹی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ کالج انتظامیہ نے طلبہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ سیکوریٹی کے انتظامات مزید سخت کئے جائیں گے۔ اس معاملے میں پولیس کی تفتیش جاری ہے۔ پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ گانجہ کس نے رکھا تھا۔ کیا واقعی کسی نے طالبہ کو پھنسایا ہے یا وہ خود اس میں ملوث ہے؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK