نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ نہ ہونے سے جن طلبہ کو داخلہ نہیں دیاجارہاتھا،ان کیلئے راحت، محکمہ تعلیم نے ۳؍مہینے میں نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ جمع کروانے کی ہدایت دی ہے
EPAPER
Updated: June 24, 2023, 9:24 AM IST | Mumbai
نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ نہ ہونے سے جن طلبہ کو داخلہ نہیں دیاجارہاتھا،ان کیلئے راحت، محکمہ تعلیم نے ۳؍مہینے میں نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ جمع کروانے کی ہدایت دی ہے
رہویں جماعت کے آن لائن داخلہ کی پہلی میرٹ لسٹ ۲۱؍جون کو جاری کی گئی تھی۔ جن طلبہ کا نام میرٹ لسٹ میں آیاہےوہ کالجوںمیں داخلے کیلئے بھاگ دوڑ کر رہے ہیں۔ داخلہ کنفرم کرنے کیلئے طلبہ کوضروری دستاویزات جمع کروانے ہیں لیکن داخلے کیلئے مطلوبہ دستاویزات سےمتعلق طلبہ کے علاوہ کالج عملے کے بھی تذبذب میں مبتلاہونےکی شکایتیں موصول ہوئی ہیں ۔متعدد طلبہ کو نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی وجہ سے داخلہ دینے سے منع کردیاگیاتھا۔اس سے طلبہ اور والدین بہت پریشان تھے۔ بعدازیں اس تعلق سے محکمہ تعلیم میں شکایت کرنےاور سرٹیفکیٹ بناکرجمع کرنےکی مہلت دینے کی درخواست پر محکمہ تعلیم نیند سے بیدار ہوا ہے ۔یاد رہے کہ داخلہ کی کارروائی ۲۴؍جون تک پوری کرنی ہے۔ایسے میں محکمہ تعلیم نے طلبہ کی راحت کیلئے فی الحال حلف نامہ داخل کرکے بغیرنان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ طلبہ کو داخلہ دیئے جانے کی سہولت فراہم کی ہے ۔ ساتھ ہی ۳؍مہینے میں سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی دی ہے۔
واضح رہےکہ اوبی سی زمرے کےطلبہ کو گیارہویں جماعت میں داخلہ لینےکیلئے نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ جمع کروانا ضروری ہے۔ متعدد طلبہ کےپاس سرٹیفکیٹ نہ ہونے سے انہیں داخلہ نہ دینےکی شکایت موصول ہورہی تھی۔چونکہ محکمہ تعلیم نے کالجوں کو اس بارےمیں کسی طرح کی ہدایت نہیں دی تھی اس لئے کالج والے بغیر سرٹیفکیٹ کے طلبہ کو داخلہ نہیں دے رہے تھے۔ داخلہ نہ ملنے سے طلبہ اوروالدین پریشان تھے اوراس کی شکایت محکمہ تعلیم سے کی گئی تھی ۔ اس تعلق سے متعددسیاسی اور تعلیمی جماعتوں کےنمائندوں نے پونے ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹر سےملاقات کرکےاس معاملہ کی شکایت اور نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ جمع کرنےکیلئےمہلت طلب کی تھی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر راجندر اہیرے نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران سے بات چیت کرکے فی الحال طلبہ سے حلف نامہ لے کر بغیرنان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ داخلہ دیئے جانے کا اعلان کیا ہے لیکن ۳؍مہینےمیں یہ سرٹیفکیٹ کالج میں جمع کروانےکی ذمہ داری طلبہ پر ہوگی۔ اس سہولت سے گیارہویں جماعت کے داخلےمیں آنے والی رکاوٹ دور ہوگئی ہے۔
ایک طالب علم نے بتایاکہ ’’نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ نہ ہونے سے اسے داخلہ دینے سے منع کر دیا گیا تھا ۔میرے پاس یہ سرٹیفکیٹ نہیں ہے۔ سرٹیفکیٹ بنانےمیں ایک دو ہفتہ لگ سکتاہےجبکہ داخلہ ۲۴؍جون سے قبل کنفرم کرواناضروری ہے۔ لیکن اب محکمہ تعلیم نے ۳؍مہینےمیں مذکورہ سرٹیفکیٹ جمع کرنے کی سہولت فراہم کردی ہے جس سے آسانی ہوگئی ہے۔ حلف نامہ داخل کرکےمیں داخلہ لے سکتاہوں۔‘‘
واضح رہےکہ نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ بنانےکیلئے اسکول خارجہ سرٹیفکیٹ کاہوناضروری ہے لیکن متعدد طلبہ نے اسکول کی فیس ادانہیں کی ہے ۔ اس لئے ان کے پاس خارجہ سرٹیفکیٹ نہیں ہے ۔ ایسےمیں وہ طلبہ فوری طورپر نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ نہیں بنواسکتےہیں۔ علاوہ ازیں سرٹیفکیٹ بنانے میں آنےوالی دیگر دشواریوں سے بھی سرٹیفکیٹ بنانےمیں تاخیر ہوسکتی ہے۔
داخلہ کیلئے نان کریمی لیئرسرٹیفکیٹ جمع کرنےکی شرط سے طلبہ بہت پریشان تھے ۔ جن طلبہ کانام میرٹ لسٹ میں آیاہے انہیں ۲۴؍جون تک داخلہ کنفرم کرواناہے۔ ایسےمیں حلف نامہ داخل کرکے ایڈمیشن کنفرم کروانے اور ۳؍مہینے میں نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ دینے کی سہولت سے آسانی ہوگئی ہے۔