نوجوان لیڈر کے والد کو ٹھیکے کی رقم ادا نہیں کی جا رہی تھی، معاملہ زیر التواء تھا، افسران سے بحث کے بعد والد کے ساتھ آئے بیٹے نے زہرپی لیا۔
EPAPER
Updated: January 01, 2025, 2:07 PM IST | Agency | Yavatmal
نوجوان لیڈر کے والد کو ٹھیکے کی رقم ادا نہیں کی جا رہی تھی، معاملہ زیر التواء تھا، افسران سے بحث کے بعد والد کے ساتھ آئے بیٹے نے زہرپی لیا۔
ایوت محل ضلع کی کلکٹریٹ عمارت میں واقع ڈسٹرکٹ سپلائی آفیسر کے کمرے میں اپنے والد کو ٹھیکہ کے بل نہ ملنے پر ریپبلکن پارٹی آف انڈیا کے ضلع صدراشوجیت شیلکے نے زہر کھا کر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ موقع پر موجود اہلکاروں نے انہیں فوراً ضلع سرکاری اسپتال میں داخل کیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پیر کو دیر شام پیش آئے اس واقعہ نے انتظامی حلقوں میں کھلبلی مچادی ہے۔
اطلاع کے مطابق اشوجیت شیلکے آر پی آئی (اٹھائولے) کے یوتھ ضلعی صدر ہیں۔ سپلائی ڈپارٹمنٹ نے سرکاری اناج گودام کی حمالی کے ٹھیکہ کے تقریباً ساڑھے ۶؍ لاکھ روپے دو ماہ سے ادا نہیں کئےہیں جس سے تنگ آکر اشوجیت شیلکے نے خودکشی کی کوشش کی۔ اشوجیت کے والد دیوانند شیلکے کے نام پر سرکاری اناج کے گودام میں حمالی کا ٹھیکہ ہے۔ شیلکے کو یہ کنٹریکٹ نومبر ۲۰۲۳ میں دیا گیا تھا۔ تاہم انتظامیہ کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ انہوں نے بوگس دستاویزات لگا کر ٹھیکہ حاصل کیا ہے۔ حقائق جاننے کے بعد یہ معاہدہ منسوخ کر دیا گیا۔ اس ٹھیکے کی ستمبر سے اکتوبر تک کی ادائیگی سپلائی حکام کے پاس زیر التواء تھی۔ پیر کو دیوانند شیلکے نے ڈسٹرکٹ سپلائی آفیسر سدھاکر پوار سے ان کے ہال میں ملاقات کی۔ پوار نے کہا کہ چونکہ یہ معاملہ زیر سماعت ہے، اسلئے سماعت ختم ہو نے کے بعد ہی زیر التواء ادائیگی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس بحث کے بعد دیوانند شیلکے سپلائی افسروں کے کمرے سے چلا گیا اور کچھ دیر بعد وہ اپنے دونوں بیٹوں کے ساتھ دفتر واپس آیا۔ اس وقت کمرے میں کچھ ملاقاتی بھی بیٹھے ہوئے تھے۔ دیوانند شیلکے نے افسران سے بحث کی۔ اس وقت وہاں موجود اسکے بیٹے اشوجیت شیلکے نے رقم نہ دینے کی صورت میں زہر کھا کر خودکشی کرنے کی دھمکی دی۔ سپلائی افسر پوار نے اسے سمجھانے کی کوشش کی لیکن اشوجیت شیلکے نے اچانک اپنی جیب سے زہر کی بوتل نکال کر زہر پی لیا۔ کمرے میں موجود دگمبر پاٹل اور سدھاکر پوار نے اسے روکنے کی کوشش کی۔ اس چھین جھپٹ میں بوتل میں موجود زہر پوار کی قمیض اور کمرے کے فرش پر بھی گر گیا۔ واقعہ کے بعد اشوجیت شیلکے کو فوراً سرکاری اسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں اس کا علاج چل رہا ہے۔
واقعے کی اطلاع پولیس کو دیدی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ سپلائی آفیسر سدھاکر پوار نے کہا کہ اس معاملے کی ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ کو اطلاع اور کیس کی تفصیلات دی گئی ہے اور پولیس میں باضابطہ شکایت بھی درج کروائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماعت پوری ہونے سے پہلے شیلکے کو رقم کی ادائیگی نہیں کی جا سکتی۔