Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’وقف ترمیمی بل کی حمایت کرنا اقتدار کیلئے اجیت پوار کی لاچاری ہے‘‘

Updated: April 04, 2025, 10:56 PM IST | Mumbai

مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال کی اجیت پوار پر شدید تنقید ، کہا کہ وقف بل بی جے پی حکومت کا ایک خطرناک منصوبہ ہے

Muslims in Nagpur on Thursday protested by wearing black ribbons against the Waqf Amendment Bill.
جمعرات کو ناگپور میں وقف ترمیمی بل کے خلاف مسلمانوں نے کالا فیتہ باندھ کر احتجاج درج کرایا

’ اجیت پوار نے بی جے پی حکومت میں شامل ہوتے وقت دعویٰ کیا تھا کہ وہ چھترپتی شیواجی مہاراج، شاہو مہاراج، مہاتما پھُلے اورڈاکٹر امبیڈکر کے نظریاتی ورثے کو نہیں چھوڑیں گے، لیکن ان کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کا اصلی چہرہ اب بے نقاب ہو چکا ہے۔ بی جے پی حکومت کے ذریعے لائے گئے وقف ترمیمی بل کی حمایت کرکے اجیت پوار نے اقتدار کیلئے  بی جے پی کے سامنے مکمل سرنڈر کر دیا ہے۔‘‘ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے اجیت پوار پر شدید حملہ کرتے ہوئے  انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
 اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر  سپکال نے کہا کہ اجیت پوار نے اپنے چچا شرد پوار کی پارٹی کو بی جے پی کی مدد سے چوری کرکے اس کا نام اور انتخابی نشان بھی ہتھیا لیا اور اقتدار کی لالچ میں فرقہ پرست طاقتوں کے ساتھ جا بیٹھے۔ وہ مسلسل یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہ ترقی کیلئے حکومت میں شامل ہوئے ہیں اور اپنے ترقی پسند نظریات کو ترک نہیں کیا، لیکن حقیقت کچھ اور ہے۔ حال ہی میں ایک افطار پارٹی میں شرکت کے دوران انہوں نے بلند بانگ دعوے کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسلمانوں کو پریشان کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ لیکن ان کی پارٹی نے چند ہی دنوں میں وقف ترمیمی بل کی حمایت کرکے مسلم سماج کے ساتھ سنگین دھوکہ کیا ہے۔  سپکال نے کہا کہ وقف بل بی جے پی حکومت کا ایک خطرناک منصوبہ ہے، جس کے ذریعے وہ مسلم سماج میں خوف و ہراس پھیلا کر لاکھوں ایکڑ اراضی پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔ ممبئی کے دھاراوی سمیت کئی اہم وقف جائیدادیں ایک مخصوص صنعتکار کے حوالے کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ مستقبل میں ان زمینوں پر قبضہ کرکے انہیں حکومت اپنے پسندیدہ صنعت کاروں کو سونپنے والی ہے۔ اجیت پوار جیسے تجربہ کار سیاست دان کو یہ سب معلوم نہ ہو، ایسا ممکن نہیں۔ لیکن چونکہ وہ اقتدار کے بغیر نہیں رہ سکتے، اسلئے انہوں نے بی جے پی کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے۔ سپکال  نے کہا کہ اجیت پوار نے مسلم سماج کے ساتھ سنگین دھوکہ کیا ہے۔ وہ کچھ اور کہتے ہیں اور کرتے کچھ اور ہیں۔ عوام کو اب ان کے دوہرے چہرے کو پہچاننا ہوگا ، ورنہ آنے والے وقت میں مزید بڑے نقصانات اٹھانے پڑ سکتے ہیں۔  اجیت پوار کی اصلیت سمجھیں اور ان کے جھوٹے دعووں کے جال میں نہ پھنسیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK