ریلیف کیمپوں میں متاثرین سے ملاقات کی ، وفد میں شامل میتئی جج این کوٹیشور سنگھ جذباتی ہو گئے ، کہا کہ وہ کوکی طبقے کے متاثرین کو گلے لگانا چاہتے ہیں
EPAPER
Updated: March 22, 2025, 11:04 PM IST | Imphal
ریلیف کیمپوں میں متاثرین سے ملاقات کی ، وفد میں شامل میتئی جج این کوٹیشور سنگھ جذباتی ہو گئے ، کہا کہ وہ کوکی طبقے کے متاثرین کو گلے لگانا چاہتے ہیں
سپریم کورٹ کے ۶؍ ججوں کے وفد نے سنیچر کو امپھال میں تشدد زدہ علاقوں کے متاثرہ افراد کے ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا۔ گزشتہ تقریباً ۲؍ سال سے جاری تشدد کے درمیان ملک کی سب سے بڑی عدالت لے ججوں کا یہ پہلا دورہ انتہائی اہم ہے۔ ان ججوں نے جسٹس گوائی کی قیادت میں مختلف ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں ڈھارس بندھائی ۔ جسٹس گوائی نے امید ظاہر کی کہ اس خطے میںایک نہ ایک دن امن ضرور قائم ہو گا اور لوگوں کوذہنی سکون و اطمینان بھی ملے گا۔ واضح رہے کہ ججوں کا یہ دورہ قومی قانونی خدمات اتھاریٹی (نلسا) کے تحت ہو رہا ہے۔
وفد کی قیادت جسٹس بی آر گوئی کررہے ہیں جو نلسا کے ایگزیکٹو چیئرمین بھی ہیں۔ ان کے ساتھ جسٹس سوریہ کانت، جسٹس وکرم ناتھ، جسٹس ایم ایم سندریش، جسٹس کے وی وشوناتھن اور جسٹس این کوٹیشور سنگھ شامل ہیں۔وفد منی پور کے تمام اضلاع میں قانونی خدمات اور میڈیکل کیمپ کا ورچوئل افتتاح بھی کرے گا۔ اس دوران امپھال مشرق، امپھال مغرب اور اوکھرول اضلاع میں نئے قانونی امداد کلینک کھولے جائیں گے۔ ان کلینکس کے ذریعے متاثرہ افراد کو قانونی مشورہ اور حکومتی اسکیموں سے جوڑنے میں مدد دی جائے گی۔
اس وفد میں شامل این کوٹیشور سنگھ منی پور کے ہی میتئی طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ کوکی برادری اور چوراچند پور بار اسوسی ایشن کی جانب سے ان کی مخالفت کی جارہی ہے اور سیکوریٹی کی وجہ سے انہیں کوکی متاثرہ علاقوں میں جانے سے روک دیا گیا ۔ اس پر وہ کافی جذباتی ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ مجھے کوکی اکثریتی علاقے میں نہ جاپانے کا شدید افسوس ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ میں جلد ہی چوراچند پور ضلع بھی جاسکوں گا اور وہاں کے لوگوں کو گلے لگاسکوں گا۔ انہوں نے کہا کہ امن قائم کرنا او ر سبھی کو ساتھ لے کر چلنا اس وقت سب سے زیادہ اہم ہے اور ہم یہاںوہی بات کرنے آئے ہیں۔ انہوں نے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ منی پور میں امن قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور اس ریاست کو ترقی یافتہ بنانے میں بھی حکومت اور انتظامیہ کا ساتھ دیں۔