:سپریم کورٹ نے صحافی گوری لنکیش کے قتل معاملہ میں کرناٹک ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو جمعرات کو منسوخ کردیا
EPAPER
Updated: October 22, 2021, 10:19 AM IST | new Delhi
:سپریم کورٹ نے صحافی گوری لنکیش کے قتل معاملہ میں کرناٹک ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو جمعرات کو منسوخ کردیا
سپریم کورٹ نے صحافی گوری لنکیش کے قتل معاملہ میں کرناٹک ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو جمعرات کو منسوخ کردیا جس سے ایک ملزم کو کچھ راحت ملنے کی امید پیدا ہوئی تھی۔جج اے ایم خانولکر، جج دنیش ماہیشوری اور جج سی ٹی روی کمار پر مشتمل بینچ نے قتل کے ملزمین میں شامل موہن نائک کے خلاف کرناٹک آرگنائزڈ کرائم کنٹرول (ککوکا) کے تحت کی گئی پولیس کی قانونی کارروائی کو ہائی کورٹ کے ذریعہ منسوخ کئے جانے کے فیصلہ کو آج پلٹ دیا۔
عدالت عظمیٰ نے نائک کے خلاف پولیس کے ذریعہ ککوکا لگائے جانے کو مناسب ٹھہراتے ہوئے کرناٹک ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو منسوخ کردیا ہے جس میں پولیس کی اس کارروائی کو غلط ٹھہرایا گیا تھا۔
کرناٹک ہائی کورٹ نے ۲۲؍ اپریل ۲۰۲۱ء کو بنگلورو پولیس کمشنر کی طرف سے ککوکا لگانے کے آرڈر کو منسوخ کردیا تھا۔ استغاثہ فریق کی طرف سے ذیلی عدالت میں اضافی چارج شیٹ دائر کی گئی تھی جس میں ککوکا کے تحت قانونی کارروائی کی بات کہی گئی ہے۔ گوری لنکیش کی بہن کویتا لنکیش نے ہائی کورٹ کے اس فیصلہ کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کیا تھا ۔
صحافی اور سماجی کارکن گوری لنکیش کو ۵؍ ستمبر۲۰۱۷ء کی رات بنگلورو کے راجہ راجیشوری نگر میں ان کے گھر کے نزدیک گولی مارکر قتل کردیا گیا تھا۔
۱۴؍ اگست۲۰۱۸ء کو موہن نائک پر ککوکا کی کئی دفعات کا اطلاق کرتے ہوئے عدالت میں اضافی چارج شیٹ داخل کی گئی تھی۔ نائک پر مجرموں کو پناہ دینے اور مدد کرنے کا الزام ہے۔