• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’سورتی محلہ میرا گھر ہے، یہاں کے عوام نے ہمیشہ محبتوں سے نوازا ‘‘

Updated: November 02, 2024, 12:28 AM IST | Mumbai

پیر خان اسٹریٹ سے شروع ہوکر دوٹانکی پر ختم ہونے والی پد یاترا کے دوران امین پٹیل کا اظہار خیال

MLA Amin Patel during his Padyatra in Mamba Devi Constituency
رکن اسمبلی امین پٹیل اپنی پدیاترا کے دوران ممبا دیوی حلقے میں

ممبا دیوی حلقۂ  اسمبلی میں کانگریس اور مہا وکاس اگھاڑی کے اُمیدوار امین پٹیل اپنے حلقے میں عوام سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ جمعہ کو نکلنے والی اُن کی پد یاترا کے دوران اُنہوں نے کہا کہ سورتی محلہ میرا گھر ہے اور جب بھی مَیں یہا ںآتا ہوں، یہاں کے لوگ بڑی محبتوں سے نوازاتے ہیں۔‘‘ یہ پدیاترا پیر خان اسٹریٹ سے شروع ہوکر دوٹانکی پر ختم ہوئی۔ اس دوران جن علاقوں کو کور کیا گیا اُن میں تیلی محلہ، ٹیمکر محلہ، برکت علی ویرانی مارگ، اندریا اسٹریٹ، کھانڈیہ اسٹریٹ، ڈمٹمکر روڈ سورتی محلہ وغیرہ کا گشت کیا گیا جہاں کے لوگوں نے اُن کا پُرتپاک استقبال کیا۔انہوں نےسورتی محلہ کا نام ضرور لیا مگر یہی بات اُنہوں نے اپنے حلقے کے ہر علاقے کے بارے میں کہی۔ اُن کے ساتھ موجود لوگوں کا کہنا تھا کہ اگر وہ اتنے مقبول نہ ہوتے تو سابقہ انتخابات میں ووٹوں کے بھاری فرق سے کیسے جیتتے۔ 
 یاد رہے کہ قبل ۲۰۰۹ء میں امین پٹیل نے ۴۵؍ ہزار، ۲۰۱۴ء میں ۳۹؍ ہزار اور ۲۰۱۹ء میں ۵۸؍ ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ امین پٹیل نے پدیاترا کے دوران جگہ جگہ عوام سے خطاب کیا ۔ ان کے یہ چھوٹے چھوٹے خطاب کافی موثر نظرآرہے تھے کیوں کہ اس میں علاقے کے لوگ ان سے براہ راست مکالمہ کرتے ہوئے نظر آئے۔انہوں نے سورتی محلے میں خطاب میں کہا کہ ’’مہاراشٹر کا اسمبلی الیکشن ہم سبھی کے لئے انتہائی اہم ہے کیوں کہ اس مرتبہ یہ صرف الیکشن نہیں ہے بلکہ دو نظریات کے درمیان جنگ ہے۔ ‘‘ امین پٹیل کے مطابق فرقہ پرستی اور سیکولر ازم کے درمیان کشمکش ملک کی آزادی سے ہی شروع ہے اور اب یہ فیصلہ کن مقابلہ ہے جس میں اس علاقے کے عوام کے توسط سے ہمیں فتح یاب ہونا ہے۔ 
 امین پٹیل نے سورتی محلے کے عوام کی جانب سے ان کا خیر مقدم کئے جانے پر کہا کہ یہاں کے لوگ مجھ سے ہمیشہ بہت اپنائیت سے پیش آتے ہیں۔جب میں میونسپل کارپوریٹر تھا تب بھی اور جب میں رکن اسمبلی منتخب ہوا تب بھی یہاں کے لوگوں نے مجھے بہت محبت اور اپنائیت سے نوازا۔ میں ان کی محبت کا احساس مند ہوں اور یہ جذبات میں اپنی زبان سے ادا کرنے سے قاصر ہوں۔ اس دوران رکن اسمبلی امین پٹیل نے کارپوریٹر جاوید جنیجا اور اپنی ٹیم کے لوگوں کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا جومسلسل عوام کے درمیان موجود رہتے ہیں اور ان کے مسائل جاننے کے بعد اسے حل کرنے کی تگ و دو کرتے ہیں۔ 
  واضح رہے کہ اس  پدیاترا  میں مقامی کانگریس لیڈران اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔اس دوران امین پٹیل زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔ اس ریلی میں خواتین کی بڑی تعداد شامل تھی جسے دیکھ کر امین پٹیل نے کہا کہ میں اپنی مائوں او ر بہنوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ ان کے ایک ایک حق کیلئے لڑوں گا اور ان کے ہر مسئلہ کو اپنا مسئلہ سمجھ کر حل کرنے کی کوشش کروں گا جبکہ ممبادیوی اسمبلی حلقے کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ وہ اس حلقے کو مثالی اسمبلی حلقہ بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے اس دوران کارپوریٹر جاوید جنیجا کا خصوصی شکریہ  ادا کرتے کہا کہ وہ اس پدیاترا کیلئے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK