Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

’’ ممبئی آنے والے ہر شخص کا مراٹھی بولنا ضروری نہیں ‘‘

Updated: March 07, 2025, 11:07 AM IST | Agency | Mumbai

آر ایس ایس لیڈر بھیاجی جوشی کا متنازع بیان، کہا ’’گھاٹکوپر کی زبان گجراتی ہے‘‘ ، اپوزیشن کا ہنگامہ ، وزیر اعلیٰ کو صفائی دینی پڑی کہ ممبئی اور مہاراشٹر کی زبان مراٹھی ہی ہے۔

RSS leader Bhaiyyaji Joshi: What did you want to say? Photo: INN
آر ایس ایس لیڈر بھیاجی جوشی : آخر کہنا کیا چاہتے تھے؟ تصویر: آئی این این

گزشتہ کچھ عرصے کے دوران ممبئی میں مراٹھی بنام غیر مراٹھی کئی تنازعات سامنے آئے ہیں۔ اسی دوران آر ایس ایس لیڈر بھیاجی جوشی نے بدھ کی شام ایک پروگرام سے خطاب کے دوران یہ کہہ کر اس تنازع کو ہوا دی کہ ممبئی آنے والے ہر شخص کو مراٹھی بولنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی کی مختلف زبانیں ہیں۔ ان کے اس بیان پر ہنگامہ مچ گیا۔ اسمبلی کے اندر اور باہر دونوں جگہ اپوزیشن نے بھیاجی جوشی اوربی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ بالآخر وزیر اعلی دیویندر فرنویس کو اس معاملے میں صفائی پیش کرنی پڑی۔ 
  آر ایس ایس لیڈر بھیاجی جوشی بدھ کی شام ممبئی کے ودیاوہار علاقے میں آر ایس ایس کے ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے جس میں وزیر منگل پربھات لودھا بھی شریک تھے۔ جوشی نے اپنے خطاب میں کہا ’’ میں کی کوئی ایک زبان نہیں ہے۔ ممبئی میں کئی زبانیں بولی جاتی ہیں۔ یہاں کےہر علاقے کی ایک الگ زبان ہے۔ ‘‘ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا ’’ مثلاً گھاٹکوپر والوں کی زبان گجراتی ہے۔ جبکہ گرگام میں کچھ لوگوں کو آپ ہندی بولتے ہوئے پائیں گے۔ اسلئے ممبئی آنے والوں کو مراٹھی سیکھنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ‘‘ بھیاجی جوشی کا یہ بیان جب میڈیا میں آیا تو کھلبلی مچ گئی۔ 
 شیوسینا (ادھو) کے ترجمان سنجے راوئت نے تھانے میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا ’’ کیا آپ کولکاتا میں جا کر یہ کہہ سکتے ہیں بنگالی کولکاتا کی زبان نہیں ہے؟ کیا چنئی جاکر یہ کہہ سکتے ہیں کہ ’’ تمل چنئی کی زبان نہیں ہے یا لکھنؤ جا کر یوگی آدتیہ ناتھ کے سامنے یہ کہہ سکتے ہیں کہ ہندی لکھنؤ کی زبان نہیں ہے؟ پھر آپ ممبئی میں آکر یہ کیسے کہہ رہے ہیں کہ مراٹھی ممبئی کی زبان نہیں ہے؟‘‘ رائوت نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے سوال کیا کہ ’’ بھیاجی جوشی کا اس طرح کا بیان دینے کا اختیار کس نے دیا؟ آپ لوگ اتنے بڑے عہدے پر ہوتے ہوئے اس بیان پر خاموش کیوں ہیں ؟ کیا آپ ہی اس طرح کے بیانات کو فروغ دے رہے ہیں ؟ ‘‘ 
 ودھان بھون کے احاطے میں آدتیہ ٹھاکرے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ’’ میں بھیاجی جوشی سے کہنا چاہتا ہوں کہ ممبئی اور مہاراشٹر کی زبان مراٹھی ہی ہے۔ وزیر اعلیٰ کا تعلق اگر سچ مچ اسی مٹی سے ہوگا تو وہ ضرور بھیاجی جوشی کے خلاف کارروائی کریں گے۔ ‘‘ آدتیہ ٹھاکرے نے کہا ’’ اب سمجھ میں آیا کہ ان لوگوں ک ممبئی سے گجرات بلٹ ٹرین کیوں چاہئے تھی۔ انہوں نے ممبئی تا دہلی یا کسی اور شہر کیلئے بلٹ ٹرین کیوں نہیں شروع کی۔ ‘‘مراٹھی کے وقار کے نام پر سیاست کرنے والے راج ٹھاکرے نے بھی اس معاملے پر ٹویٹ کرکے بھیاجی جوش پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا ’’ ایسا نہیں ہے لسانی بنیاد پر ہندوستانی ریاستوں کی تقسیم اور اس میں ممبئی کے ساتھ مہاراشٹر قیام کیلئے ۱۰۶؍ لوگوں کی دی ہوئی قربانیوں کے تعلق سے بھیاجی جوشی کو کچھ معلوم نہیں ہوگا۔ میرا سوال یہ ہے کہ آخر اس طرح کا بیان مراٹھی ہی کے تعلق سے کیوں دیا جاتا ہے؟ ‘‘ راج ٹھاکرے نے سوال کیا کہ ’’ کیا بھیاجی جوشی یہی بات بنگلور یا چنئی جا کر کہہ سکتے ہیں ؟ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ کیا بی جے پی بھیاجی جوشی کے اس بیان سے متفق ہے، واضح کرے۔ ‘‘ شیوسینا ( ادھو) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے بھیاجی جوشی کے بیان کو’گئو موتر چھڑکنے ‘ سے تشبیہ دی۔ انہوں نے کہا ’’ انہوں بہت دنوں سے ہندوستان پاکستان نہیں کیا۔ اب یہ مراٹھی۔ غیر مراٹھی کرنے لگے ہیں۔ کیا اس طرح کی بات وہ بنگلو یا چنئی جا کر کر سکتے ہیں ؟‘‘ 
ایوان میں ہنگامہ اور وزیراعلیٰ کی صفائی 
 اس معاملے پر مہاراشٹر اسمبلی میں جمعرات کے روز ہنگامہ رہا۔ شیوسینا کے امباداس دانوے، بھاسکر جادھو، این سی پی (شرد) کے روہت پوار سبھی نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے ایک ہی سوال کیا کہ کیا حکومت بھیاجی جوشی کے اس بیان سے اتفاق کرتی ہے؟ اس پر دیویندر فرنویس نے ایوان کو جواب دیا کہ’’ میں نے بھیاجی جوشی کا بیان نہیں سنا لیکن میں یہ واضح کردوں کہ ممبئی اور مہاراشٹر کی زبان مراٹھی ہے اور مراٹھی ہی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویسے ہم دیگر تمام زبانوں کا بھی احترام کرتے ہیں لیکن مہاراشٹر کی زبان مراٹھی ہی ہے۔ ‘‘ جب ہر طرف سے تنقیدیں ہونے لگیں تو بھیاجی جوشی نے جمعرات کی شام پھر بیان دیا کہ میرے بیان کو غلط سمجھا گیا۔ ممبئی کی زبان مراٹھی ہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK