• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مجوزہ دہیسر - بھائندر لنک روڈ کا سروے مکمل، کام جلد شروع ہوگا

Updated: August 04, 2023, 10:31 AM IST | Mumbai

دہیسر اور بھائندر کے درمیان بننے والے لنک روڈ کی تعمیر کا آغاز جلد ہونے کی امید ہے ۔اس سلسلے میں ایل اینڈ ٹی (لارسن اینڈ ٹوبرو ) کمپنی کا ٹینڈر منظور کیا گیا ہے۔

The proposed Dahisar-Bhynder Road is being inspected.
مجوزہ دہیسر-بھائندرروڈکا معائنہ کیا جارہا ہے۔(تصویر:انقلاب)

دہیسر اور بھائندر کے درمیان بننے والے لنک روڈ کی تعمیر کا آغاز جلد ہونے کی امید ہے ۔اس سلسلے میں ایل اینڈ ٹی (لارسن اینڈ ٹوبرو ) کمپنی کا ٹینڈر منظور کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز رکن اسمبلی پرتاپ سرنائک اور میونسپل کمشنر دلیپ ڈھولے نے میرابھائندر کی حدود میں سڑک کے راستے کا  سروے کیا اور دستیاب زمین کا معائنہ کیا نیز انجینئروں کو مشورے بھی دئیے ۔ 
 دہیسر اور میرابھائندر کے درمیان لنک روڈ کی تجویز ۲۰۱۶ میں پیش کی گئی تھی اور اب ۷؍برس بعد کمپنی کو منظوری دی گئی ہے۔یہ سڑک ساڑھے ۵؍ کلومیٹر طویل ہوگی جو  دہیسر مغرب کے کاندر پاڑہ میٹرو اسٹیشن سے شروع ہو کر بھائندر مغرب میں سبھاش چندر بوس گراؤنڈ پر ختم ہوگی ۔ اس سڑک کی تعمیر پر ہونے والے اخراجات کی ذمہ داری ممبئی میونسپل کارپوریشن کی ہوگی ۔ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی کمشنر الہاس مہالے نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ اس سڑک کی تعمیر سے دہیسر چیک ناکہ پر ۳۵ ؍فیصد ٹریفک کم ہونے کی امید ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس سڑک کی تعمیر کیلئے دہیسر کھاڑی میں لگ بھگ ۱۰۰؍میٹر لمبا ایک اسٹیل بریج بنایا جائے گا۔ اس ایلیویٹیڈ بریج کیلئے ۳۳۰ ؍ستون تعمیر کئے جائیں گے۔  پروجیکٹ مکمل ہونے کے بعد تین سال تک اس سڑک کی دیکھ بھال کی ذمہ داری کمپنی کی ہوگی ۔اس پروجیکٹ میں ۷؍ منزلہ پارکنگ بنائی جائے گی جس میں ۵۵۰ ؍ گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت ہوگی ساتھ ہی بس ٹرمنل اور ٹرانسپورٹ ہب بھی ہوگا جو کہ میٹرو سےمنسلک ہوگا۔
                         دہیسر- بھائندر لنک روڈ کیلئے رکن اسمبلی پرتاپ سرنائک اور میونسپل کمشنر دلیپ ڈھولے نے مذکورہ جگہ کا سروے کیا ۔اس موقع پر  پرتاپ سرنائک نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پہلے یہ ۵ ؍ کلومیٹر کا راستہ تھا مگر مینگروز درمیان آ گئے۔ ان کی حفاظت کیلئے ایلیویٹیڈ سڑک بنانی پڑ گئی ہے جس کی وجہ اس کی لمبائی ۶ ؍کلومیٹر ہو گئی ۔درمیان میں یہ سڑک زمین پر ہوگی۔ اس سلسلے میں میں کمپنی کو ٹھیکہ دے دیا گیا ہے اور کمپنی بہت جلد کام شروع کرے گی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پہلے اس سڑک کی تعمیر کا خرچ ایم ایم آر ڈی اے اٹھانے والی تھی مگر اس کے انکار کے بعد اس سڑک کی ذمہ داری ممبئی میونسپل کارپوریشن اور میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کو دی گئی تھی ۔ تاہم  میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کی خراب مالی حالت کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سے درخواست کی گئی تو انہوں نے  سڑک کی تعمیر کے جملہ اخراجات ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ذمہ کردیئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تقریباً ۲؍ ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے سڑک کی تعمیر ہوگی اور آئندہ ماہ  تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا۔ہم لوگ اسی لئے سڑک کی جگہ کا معائنہ کرنے آئے ہیں۔ 
 میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر دلیپ ڈھولے نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو بتایاکہ زمین کی  دستیابی کیلئے ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔ اس درمیان کسانوں کو نوٹس دیئے گئے تھے اور ان سے اعتراضات اور مشورے مانگے گئے تھے۔ کسانوں نے بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔ ضابطے کی کارروائی مکمل کرکے ہم نے ریاستی حکومت کو رپورٹ دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK