• Sat, 05 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سشیل کمار شندے کی کتاب میں ساورکر کی تعریف، کہا ’ کانگریس کو اپنے نظریات کی اصلاح کرنی چاہئے‘‘

Updated: October 04, 2024, 9:41 AM IST | Pune

مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ، سابق مرکزی وزیر داخلہ اور نہرو ۔ گاندھی خاندان کے سب سے قریبی کانگریسیوں میں سے ایک کہلانے والے سشیل کمار شندے نے جدید ہندوستانی تاریخ کے متنازع کردار وی ڈی ساورکر کی تعریف کرکے راہل گاندھی اور ان کی ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا ہے

Sushil Kumar Shinde and Mallikarjan Kharge, with book
سشیل کمار شندے اور ملکارجن کھرگے ، کتاب کے ساتھ

مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ، سابق مرکزی وزیر داخلہ اور نہرو ۔ گاندھی خاندان کے سب سے قریبی کانگریسیوں میں سے ایک کہلانے والے  سشیل کمار شندے  نے جدید ہندوستانی تاریخ کے متنازع کردار وی ڈی ساورکر کی تعریف کرکے راہل گاندھی اور ان کی ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ حال ہی میں سابق وزیراعلیٰ کی سوانح حیات شائع ہوئی ہے جس میں انہوں نے ساورکر کی جم کر تعریف کی ہے اور انہیں ذات پات کے نظام کا مخالف قرار دیا۔ ’ ۵؍ ڈیکیڈس ان پالیٹکس ‘ ( سیاست میں ۵؍ دہائیاں) کے عنوان سے شائع اس کتاب نے جہاں کانگریس کو مخمصے میں ڈال دیا ہے وہیں بی جے پی والوں کو راہل گاندھی پر طنز کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ 
  سشیل کمار شندے اپنی کتاب میں لکھتے ہیں ’’ساورکر کا اصل مقصد تھا چھوت چھات اور ذات پات کو ختم کرنا۔ ساورکر ایک سائنسداں تھے اور ان کی سوچ ایک چیلنج ہے۔ ‘‘ یاد رہے کہ راہل گاندھی اپنی بھارت جوڑو یاترا کے دوران  کئی بار ساورکر کے خلاف بیان دے چکے ہیں۔  اس کے علاوہ بھی کانگریس کو بنیادی طور پر ساورکر کے نظریات سے اختلاف رکھنے والی پارٹی قرار دیا جاتا ہے۔ لیکن سب سے پہلے ’دو قومی نظریہ ‘ پیش کرنے والے اس لیڈر کے تعلق سے سشیل کمار شندے کا کہنا ’’ میرے دل میں ساورکر کا بے حد احترام ہے۔  اسی لئے میں ۱۹۸۳ء میں ناگپور میں ساورکر کے مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب میںشریک ہوا۔  میں ساورکر کی حمایت کے معاملے میںثابت قدم رہا۔ ‘‘ شندے کہتے ہیں’’ ساورکر نے چھوت چھات اور  ذات پات کو ختم کرنے کی بہت کوشش کی۔ چونکہ میں خود پسماندہ طبقے سے ہوں اس لئے ساورکر کی کوششوں کو خصوصی طور پر محسوس کرتا ہوں۔‘‘  شندے حیرانی ظاہر کرتے ہوئے کہتے ہیں’’  مجھے اس بات پر تعجب ہے کہ ان کے ہندوتوا کے نظریے پر اتنازور کیوں دیا جاتا ہے جبکہ ان کی زندگی کے اور بھی کئی پہلو تھے۔ ‘‘ سابق وزیر اعلیٰ کے مطابق ’’ ہم ساورکر کو ایک سائنسداں اور فلسفی کے طور پر کیوں نہیں دیکھ سکتے؟ ساورکر حقیقت میں سماجی مساوات اور دلتوں کی فلاح کیلئے لڑ رہے تھے۔‘‘ یہاں تک تو ٹھیک ہے مگر آگے سشیل کمار شندے لکھتے ہیں ’’ ۵۰؍ سال سیاست میں کام کرنے کے بعد مجھے محسوس ہوتا ہے کہ کانگریس کو اب  ساورکر کے تعلق سے اپنے نظریات میں اصلاح کرنی چاہئے۔ 
 راہل گاندھی سبق لیں
  سشیل کمار شندے کی کتاب میں بیان کردہ خیالات پر کانگریس کی طرف سے اب تک کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے لیکن بی جے پی نے اس معاملے میں راہل گاندھی پر طنز کیا ہے۔ مہاراشٹر بی جے پی کے صدر چندر شیکھر باونکولے نےراہل گاندھی کو نصیحت کی ہے کہ انہیں سشیل کمار شندے سے سبق لینا چاہئے۔ باونکولے نے کہا ’’ ویرساورکرکے تعلق سے کانگریس کی جانب سے پہلی بار کسی نے تعریفی کلمات ادا کئے ہیں۔  ان کی کارکردگی کی ستائش کی ہے۔ راہل گاندھی کو چاہئے کہ وہ اس سے سبق لیں۔ انہیں چاہئے کہ وہ سشیل کمار شندے سے ملاقات کریں اور سشیل کمار شندے انہیں ساورکرکے کارناموں کے تعلق سے معلومات فراہم کریں۔‘‘   

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK