ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ سشمتا دیو ے مختصر لیکن پُر اثر خطاب میں مودی حکومت کو کئی محاذوں پرہدفِ تنقید بنایا۔
EPAPER
Updated: December 25, 2024, 11:35 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai
ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ سشمتا دیو ے مختصر لیکن پُر اثر خطاب میں مودی حکومت کو کئی محاذوں پرہدفِ تنقید بنایا۔
آئین کے تعلق سے وفاداری دکھانے اور اسے اپنی زندگیوں میں اتارنے کا سب سے آسان اور سہل ذریعہ تو ہم نے آئین کا جو حلف لیا ہے وہی ہے اس کے باوجود میں کچھ باتیں کہنا چاہوںگی۔ہم نے اپنی تقریروں میں ڈاکٹر امبیڈکر کے ویژن اور ان کے افکار کی جم کر تعریف کی ہے۔ یہ حقیقت بھی ہے کہ ہمیں ڈاکٹر امبیڈکر کو اس شاندار دستور کے لئے ہمیشہ اپنے دلوں میں جگہ دینی چاہئے کیوں کہ ڈاکٹر امبیڈکر حقوق انسانی اور خاص طور پرپسماندہ طبقات کے حقوق کے لئےتن من دھن سے لڑنے والے انسان تھے اور اپنی اسی سوچ کو انہوں نے اس دستور میں ڈھالنے کی کامیاب کوشش کی اورآج جب ہم ۷۵؍ سال بعد اس پر بحث کررہے ہیں تو یہ واضح ہو رہا ہے کہ یہ دستور کتنا اہم ہے۔
چونکہ ڈاکٹر امبیڈکر مساوات کے بہت بڑے حامی تھے اور انہوں نےملک کا دستور بھی اسی طرح تیار کیا لیکن آج اگر وہ ہوتےتو سماج اور حکومت میں موجود عدم مساوات کو دیکھ کر افسوس کرتے ۔ میں ایوان کی توجہ اس بات کی جانب دلانا چاہوں گی کہ اس وقت ملک میں معاشی عدم مساوات عروج پر ہے۔ ملک کے ایک فیصد لوگ ملک کے ۶۰؍ فیصد سے زائد وسائل اور دولت پر قابض ہیں۔ انہیں ہر طرح کی سہولت میسر ہے۔
آج کارپوریٹ گھرانوں کا مکمل ٹیکس معاف کردیا جاتا ہے لیکن عام شہریوں کو کوئی راحت نہیں دی جاتی۔ یہاں تک کہ ملک کا کسان جو ہمارا ’اَنّ داتا‘ ہے اسے ایم ایس پی کی گیارنٹی تک نہیں دی جاسکتی۔ اس حکومت نےمڈل کلاس کی معاشی حالت کو انتہائی خراب کردیا ہے۔ ان کی وجہ سے سماجی سطح پر بھی انتشار پھیلا ہوا ہے۔ ملک کی معیشت اور عوام کی اقتصادی حالت کو خراب کرنے والے ان کے ۲؍اقدامات نوٹ بندی اور غیر منصوبہ بند لاک ڈائون نے مڈل کلاس کی کمر توڑ دی ۔ اس سے واضح ہو گیا ہے کہ اس سرکار کی ترجیحات کیا ہیں۔ اپنے شہریوں کے تئیں اس حکومت کا کیا رویہ یہ ہم منی پور میں دیکھ رہے ہیں جس پر اس ایوان کے ایک بھی بی جے پی ممبر نے لب کشائی نہیں کی۔ یہاں تک کہ وزیر اعظم کو اب تک وہاں جانے کی فرصت نہیں ملی ہے۔ اسی طرح این آر سی لانے کی دھمکیاں دےکر ایک اور طبقہ کو حیران کیا جارہا ہے۔ میں حکومت کی ان کوششوں کی سختی سے مذمت کرتی ہوںاور مطالبہ کرتی ہوں کہ آئین کو اس کی اصل اساس میں نافذ کیا جائے اور حکومت تمام شہریوں کے ساتھ یکساں سلوک کرے۔