• Sat, 21 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کالندی ایکسپریس کو پلٹنے کی سازش کا شبہ

Updated: September 10, 2024, 12:36 PM IST | Abdul Halim / Agency | Kanpur

کانپور فرخ آباد ریل روٹ پر کالندی ایکسپریس ایل پی جی سلنڈر سے ٹکرائی، ڈرائیور کی مستعدی سےبڑا حادثہ ٹل گیا ۲۳؍دن کے اندر تیسرا حادثہ بڑی سازش کا پیش خیمہ، خفیہ ایجنسیاں جانچ میں مصروف، ۴؍افراد کو حراست میں لیا گیا۔

An ATS team is examining the accident site. Photo: PTI
اے ٹی ایس کی ٹیم جائے حادثہ کا جائزہ لے رہی ہے۔ تصویر :پی ٹی آئی

کانپور کے شیو راج پور علاقے میں اتوار کی رات انورگنج سے بھوانی جا نے والی کالندی ایکسپریس کو پلٹنے کی کوشش کی گئی لیکن ڈرائیور کی مستعدی سے حادثہ ٹل گیا۔ ا س دوران جائے حادثہ سے ملنے والے آتش گیر مادے سے ٹرین کو پلٹنے کی ساز ش کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ 
 اتوار کی شب ساڑھے۸؍ بجے کے قریب کانپور فرخ آباد ریل روٹ بلہور سے براج پور اور اتری پورہ ریلوے اسٹیشن کے بیچ ڈرائیور کو ٹریک کے درمیان کوئی بڑی چیز رکھی دکھائی پڑی۔ ڈرائیور نے مستعدی دکھاتے ہوئے ایمرجنسی بریک لگائی لیکن تقریباً ۱۰۰ کلو فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ٹرین رکنے سے قبل ٹریک کے بیچ میں رکھے سلنڈر سے ٹکرا گئی۔ ٹرین کی ٹکر لگنے کے بعد سلنڈر پھٹنے کے بعد دور جا گرا جس سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ سلنڈر سے کالندی ایکسپریس ٹکرانے کی اطلاع ملتے ہی کانپور پولیس کمشنریٹ اور ریلوے کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچے۔ آس پاس کا جائزہ لینے کے بعد جائے حادثہ کے آس پاس پیٹرول، ماچس اور دیگر آتش گیر مادہ ملنے سے ٹرین پلٹنے کی بڑی سازش کا اشارہ ملا۔ وہاں پہنچنے والی اے ٹی ایس، آئی بی، این آئی ایس اور دیگر خفیہ ایجنسیوں نے بھی موقع سے برآمد ہو نے والے آتش گیر مادہ اور دیگر مشتبہ چیزوں کی بنیاد پر حادثہ کو بڑی سازش کا حصہ تسلیم کر نے کیساتھ تمام پہلوئوں پر جانچ شروع کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:بارش سے سبزیوں کی قیمت میں اضافہ

موقع سے برآمد ماچس کی کمپنی کی اور مٹھائی کے ڈبے کو بھی قبضے میں لیکر قنوج میں واقع شری رام سویٹ ہائوس کی دکان کے سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔ اس سے قبل اسی روٹ پر ۲۶؍ اگست کی دیر شب ۱۲؍ بجے کاس گنج فرخ آباد ایکسپریس کے سامنے لکڑی کا بڑا ٹکڑا ڈال کر پلٹنے کی کوشش کی گئی تھی، حالانکہ جانچ میں دو مقامی افراد کی شرارت کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ اس سے قبل ۱۶؍اگست کو جھانسی کانپور ریل روٹ پر سابر متی کے حادثے کا شکار ہونے کے بعد اس کے ۲۰؍ ڈبے پٹری سے اتر گئے تھے۔ اس حادثہ کی جانچ کرنے والی ایجنسیاں ابھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچی تھیں کہ کانپور فرخ آباد ریل روٹ پر سلنڈر سے ٹرین اڑانے کی سازش نے خفیہ ایجنسیوں کو بڑا چیلنج دیا ہے۔ ابتدائی جانچ میں اس بات کا اشارہ مل رہا ہے کہ سلنڈر کے دھماکہ اور آس پاس آتش گیر مادہ سے بڑے حادثہ کی سازش رچی گئی تھی لیکن سلنڈر نہ پھٹنے کی وجہ سے بڑا حادثہ نہیں ہو سکا۔ ذرائع سے موصولہ خبروں کے مطابق خفیہ ایجنسیوں نے تمام پہلوئوں کو سامنے رکھ کر جانچ آگے بڑھانے کیساتھ۴؍ مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کی ہے۔ این آئی اے کے افسران سلنڈر حادثہ کی جانچ سے قبل اے ٹی ایس کی جانچ مکمل ہونے کا انتظار کررہے ہیں۔
 اسی دوران انسدداد دہشت گردی دستے (اے ٹی ایس) کے انسپکٹرجنرل آف پولیس نیلابج چودھری نےپیر کو جائے حادثہ کا باریکی سے معائنہ کیا اور کہا کہ ٹرین کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کی گئی۔ سیکوریٹی ایجنسیاں ہر پہلو سے جائز ہ لے رہی ہیں۔ جانچ کرنے کے بعد ہی اس بارے میں واضح طور پر کچھ بتایا جاسکے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK